جب تک صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا غلبہ رہا کسی کو…

جب تک صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا غلبہ رہا کسی کو تفرقہ کی جرأت نہ ہوئی

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

تو آپ حضرات یہ جانیں کہ حضورِ اکرمﷺ کی جب وفات ہوئی تو مسلمانوں میں اکثریت میں کون تھے؟ (سامعين: صحابہ) جب سیدنا ابوبکر صدیقؓ اور سیدنا عمرؓ کی وفات ہوئی تو مسلمانوں میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی اکثریت تھی لیکن اس دوران میں اب جو لوگ فوت ہو رہے ہیں تو کمی کن میں ہو رہی ہے؟ (صحابہ میں) اور جو اُن کی اگلی نسلیں بڑی ہو رہی ہیں اور جو بچے ہیں وہ جوان ہو رہے ہیں، اور وہ نظام کو سنبھال رہے ہیں تو وہ کون ہیں؟ غیر صحابہ جن آنکھوں میں مصطفیٰﷺ کا عکس اترا تھا وہ اقلیت میں ہوتے گئے۔
جب تک صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا غلبہ رہا کسی کو جرأت نہ ہو سکی کہ مسلمانوں میں تفرقہ ڈالے، لیکن سیدنا عثمانؓ کے دور کے آخری حصے میں عالمِ اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اقلیت میں تھے اور جو اگلی نسلیں آگئیں وہ مسلمان تو تھے لیکن صحابی نہیں تھے تو جو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی برکات ہیں وہ تو ان میں نہیں تھیں ہم تابعین کی عظمت اور مقام کا انکار نہیں کرتے لیکن جو حضورِ اکرمﷺ کے فیض یافتہ تھے اور جن کی آنکھوں میں آنحضرتﷺ کی زیارت کا نور اترا تھا یعنی جب ہم کسی کو دیکھتے ہیں تو اس کا عکس آنکھوں میں آتا ہے کہ نہیں؟ آپ کسی کی آنکھوں کو دیکھیں تو اس کا عکس آنکھوں میں اترتا ہے کہ نہیں؟ تو وہ آنکھیں جن پر حضورِ اکرمﷺ کا جلوہ اترا تھا وہ اقلیت میں آگئیں اور مسلمانوں میں تابعین اور اگلی نسل کا غلبہ ہو گیا جو غیر صحابی تھے۔