تو میں توجہ اس طرف دلانا چاہتا ہوں کہ غزوہ خندق میں خندق کھودتے ہوئے ایک ایسی چٹان آ گئی کہ جو بڑے سے بڑے کارکن سے بھی اکھڑتی نہیں تھی آنحضرتﷺ سے آ کر عرض کی کہ حضورِ اکرمﷺ یہ چٹان ہے یہ اکھڑتی نہیں ہے تو آنحضرتﷺ خود تشریف لے گئے اور آپ کے پہلی کدال مارتے ہی چٹان ٹکڑے ہو گئی اور ساتھ آپ یہ بھی ارشاد فرماتے ہیں کہ میرے لیے شام کے محلات روشن کئے گئے ہیں۔(مسند احمد، راوی سیدنا براء بن عازبؓ)
تو ساتھ مشکل بھی حل ہو گئی چٹان بھی اکھڑ گئی خندق بھی صحیح بن گئی اور ساتھ یہ کہ اس ملک کو اللہ تعالیٰ نے میرے لیے روشن کر دیا اب یہ جو اس قسم کی پیشین گوئیاں ہیں تو آپ کیا سمجھتے ہیں کہ یہ حضورِ اکرمﷺ کا ہی ذمہ تھا کہ ان سب پر فتوحات حاصل کرتے؟ نہ آپ پیشوا ہیں ایک پوری امت کے آپ کی قیادت اور سیادت ایک پوری قوم کے ساتھ وابستہ تھی تو حضورِ اکرمﷺ کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے وہ جہاں جہاں بھی بڑھے وہ حضورِ اکرمﷺ کی ہی کامیابی ہے اور آپ (یہاں کے مسلمان) جو یہاں آ گئے اور امریکہ تک چلے گئے آسٹریلیا چلے گئے نئے نئے ملکوں میں چلے گئے جہاں پہلے مسلمان نہیں پہنچے تھے تو وہ صرف امت نہیں پہنچی یوں سمجھیے حضورِ اکرمﷺ کے قدم پہنچے ہیں کیونکہ حضورِ اکرمﷺ کے نام پر ہی اس امت کا تعارف تھا اس پیغمبر کے نام کی صدا پوری دنیا میں پہنچی۔