تاہم آج جو لوگ کہتے ہیں اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ دیکھا کہ نبی پاکﷺ کو ابھی دفن بھی نہیں کیا گیا اور ان کو خلافت کی فکر پڑی ہوئی تھی حالانکہ دنیا کے تمام متمدن ملکوں میں بڑی بڑی سلطنتوں اور بادشاہیوں میں یہ ہے کہ جب بادشاہ یا ملکہ فوت ہو جائے تو تاج میت کے سرہانے رہتا ہے اور جب تک یہ کسی کے سر پر نہ رکھ دیا جائے پہلے کو دفن نہیں کرتے یہ دنیا میں ایک مسلم طریقہ کار ہے لیکن پروپیگنڈا کرنے کے لیے مجھے یاد ہے ہم نے ابتدائی دور میں ان لوگوں کی محرم کی مجالس میں اور دیگر مجلسوں میں اس قسم کے شعر سنے تھے اب ایک شعر یاد آ رہا ہے۔ع
مومنین کرام!
لاشہ نبی کا تھا بے گور کفن پڑا
وہاں ہو رہا تھا تخت خلافت کا فیصلہ
ایسی خلافتوں کا بتاؤ اصول کیا
تو جب وہ کہتا کہ ایسی خلافتوں کا بتاؤ اصول کیا تو سارے لوگ کہتے ہیں ہائے ہائے ہائے۔
(شیعہ ایک یہ اعتراض بھی کرتے ہیں کہ حضراتِ شیخین کریمینؓ رسالتِ مآبﷺ کی تجہیز و تکفین اور جنازے میں شریک نہ ہوئے، بلکہ یہ لوگ تو سقیفہ بنی ساعدہ میں خلافت کے فیصلے ہی کرتے رہ گئے جواباً گزارش ہے کہ یہ ایک بے بنیاد الزام ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں ذرا غور کریں کہ جو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہر آن اپنا تن من دہن حضورِ اکرمﷺ پر قربان کرنے کے لیے تیار ہوں وہ حضرات آپ کے جنازے میں بھی شریک نہ ہوں، کوئی بھی عقل سلیم اسے ماننے کے لیے قطعاً تیار نہیں چنانچہ حضرت علامہ صاحب اطال اللہ حیاتہ ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں:
سوال: بعض شیعہ علماء سے سنا ہے کہ حضورِ اکرمﷺ کے انتقال پر سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ فیصلہ خلافت کے لیے سقیفہ بنی ساعدہ چلے گئے تھے اور سیدنا علیؓ نے ان کی عدم موجودگی میں ہی حضورِ اکرمﷺ کو دفن کر دیا تھا اور یہ حضرات جنازہ نبوی میں شامل نہ ہو سکتے تھے۔
جواب: شیعہ علماء اس کے لیے جو راوی پیش کرتے ہیں وہ عروہ بن زبیرؓ ہیں، ان کی پیدائش اس وقت ہوئی جب سیدنا عثمانؓ کا دورِ خلافت شروع ہو چکا تھا۔ (تذكرة الحفاظ للذہبى: جلد 1 صفحہ 95)
سو یہ صاحب انتقالِ نبویﷺ اور جنازہ نبوی میں ہرگز موجود نہ تھے ان کی اس وقت کی روایت کا کیسے اعتبار کیا جا سکتا ہے خصوصاً ان مسائل میں جو عقائد کی سرحدوں کو چھوتے ہوں حقیقت یہ ہے کہ یہ روایت سنداً منقطع ہے اور دیگر معروف روایات کے بھی خلاف ہے جس میں سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ کا جنازہ نبویﷺ میں موجود ہونا بلکہ سب مہاجرین و انصار کا جنازہ پڑھنا صراحت سے مذکور ہے۔
(دیکھیے شمائل ترمذی: صفحہ 29،
السنن الکبریٰ: جلد 3 صفحہ 395، جلد 4، صفحہ 30،
سنن ابنِ ماجہ: صفحہ 118،
البدايۃ والنهايۃ: جلد 5، صفحہ 565،
اس کی تائید شیعہ مروایات میں بھی ہے۔ دیکھیے کتاب سلیم بن قیس: صفحہ 7، مطبوع نجف اشرف، کتاب الاحتجاج للطبرسی: صفحہ 45، حیات القلوب: جلد 2، صفحہ 866 لکھنؤ)
سو اس کا حکم شاذ ہوا، پھر یہ بھی کیسے ہو سکتا ہے کہ حضورِ اکرمﷺ سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے حجرہ میں دفن ہوں اور سیدنا ابوبکرؓ کو پتہ تک نہ ہو اور یہ سب کام بلا خلیفہ ہی سر انجام پا رہے ہوں، کچھ سوچے اتنا بڑا اور اہم کام کیا کسی نظام کے بغیر ہی عمل میں آگیا؟ (عبقات: جلد 1صفحہ 139)
اس موضوع پر مزید مطالعہ کے لیے جنازة الرسولﷺ از حضرت مولانا عبد الاستار تونسوی رحمۃاللہ اور فوائد نافع، فصل اول، جنازہ نبوی میں شیخین کی عدم شمولیت از حضرت مولانا محمد نافع رحمۃاللہ کی مراجعت فرمائیں)
تاہم میں نے آپ کے سامنے یہ بات رکھی کہ سیدنا ابوبکرؓ جو سب سے زیادہ زخمی دل تھے لیکن اس دن اللہ نے ان کے دل کو ایسی قوت عطاء فرمائی کہ انہوں نے پوری قوم کو سنبھال لیا۔