بھائی! حکومت یا خلافت کی سیٹ کوئی جلدی چھوڑتا ہے؟ (سامعين: نہیں) مجھے ایک بات یاد آئی کہ کسی نے کہا کہ جی سیدہ فاطمہؓ نے سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے پاس ایک مقدمہ دائر کیا، کہ فدک کی زمین جو ہے وہ مجھے ملے، وہ میرے والد کی وراثت تھی، آپ نے بھی سنا ہو گا قصہ کہ سیدہ فاطمہؓ نے سیدنا ابو بکرؓ سے مطالبہ کیا تو ذرا غور کرو اگر حضورِ اکرمﷺ کے جانشین سیدنا علیؓ ہوتے تو سیدہ فاطمہؓ اپنے خاوند کے لیے خلافت کا دعویٰ کرتیں یا فدک کا؟ فدک تو ایک زمین تھی، اور یہ چھوٹا مسئلہ ہے جب کہ خلافت پوری سلطنت تھی، تو اب جن کی سلطنت چھینی گئی ہو، وہ کبھی زمین کے ٹکڑے پر مقدمہ کریں گے؟ بھائی! دیکھیے! جن سے سیٹ چھن جائے، جن سے حکومت چھن جائے، خلافت چھن جائے، وہ بڑی چیز کا دعویٰ چھوڑ کر زمین کا دعویٰ کرے گا؟ عقل انسانی کیا کہتی ہے؟
بتا اے عقل انسانی کوئی حل اس معمہ کا
نظر کچھ اور کہتی ہے خبر کچھ اور کہتی ہے
بھائی سوچو انہوں نے حق مانگا تو کس سے مانگا؟ سیدنا ابوبکرؓ سے معلوم ہوا انہوں نے سیدنا ابوبکرؓ کی حکومت مانی تو ان سے مانگا؟ بھائی اگر کوئی حکومت ہو تو اس کے پاس تو جایا جاتا ہے کہ میرا حق مجھے ملے تو اگر سیدہ فاطمہؓ سیدنا ابوبکرؓ کے پاس گئیں کہ یہ زمین مجھے دو، تو معلوم ہوا کہ انہوں نے سیدنا ابوبکرؓ کو خلیفہ مان کر ہی یہ سوال کیا تھا لیکن ہم تو یہ کہتے ہی نہیں کہ انہوں نے سوال کیا تھا۔
(حضرت علامہ رحمۃاللہ مسئلہ فدک کے متعلق ایک سائل کے استفسار پر مختصر اور جامع جواب ارشاد فرماتے ہیں، اسے یہاں ہدیہ قارئین کیا جاتا ہے:
سوال: کیا سیدہ فاطمہؓ باغِ فدک مانگنے کے لیے سیدنا صدیقِ اکبرؓ کے پاس تشریف لے گئیں؟ نیز مطلع کریں کہ آنحضرتﷺ نے اپنے حین حیات باغ فدک سیدہ فاطمہؓ کو دے دیا ہوا تھا نہیں؟ آنحضرتﷺ کی اور بھی بیٹیاں تھیں تو صرف انہوں نے کیوں حق وراثت مانگا؟
سائل: محمد ممتاز الرحمن صدیقی، از جامع مسجد سرگودھا
جواب: حضرت سیدہ فاطمہؓ کا باغِ فدک کے لیے تشریف لے جانا کوئی یقینی نہیں یہ صحیح ہے کہ بعض روایات میں آپ کا جانا جاءت کے لفظ سے مذکور ہے لیکن بخاری کی بعض دوسری روایات میں لفظ أرسلت بھی موجود ہے کہ سیدہ فاطمہؓ نے کسی دوسرے شخص کو اپنا پیغام دے کر بھیجا تھا۔ بعض راویوں نے اس بھیجنے کو مجازاً جانے سے تعبیر کر دیا ہے سیدہ فاطمہؓ کا خود جانا ایک امر مشتبہ ہے جس کا دعویٰ یقینی طور پر نہیں کیا جا سکتا نہ یہ سیدہ فاطمہؓ کے شان کے مناسب معلوم ہوتا ہے۔
ثانیاً: یہ امر صحیح نہیں کہ حضورِ اکرمﷺ نے اپنی زندگی میں باغ فدک سیدہ فاطمہؓ کو ہبہ کر دیا تھا، ہبہ کی تمام روایات اسناداً صحیح نہیں اور بیشتر وضاع وكذاب قسم کے راویوں پر مشتمل ہیں بلکہ سنن ابو داؤد میں ہے کہ سیدہ فاطمہؓ نے ارضِ فدک کا سوال خود آنحضرتﷺ کی زندگی میں کیا تھا اور حضورِ اکرمﷺ سے ہی کیا تھا اور حضورِ اکرمﷺ نے دینے سے انکار کر دیا تھا۔ (دیکھیے سنن ابو داؤد: جلد 2صفحہ 415)
پس جب کہ سیدنا صدیقِ اکبرؓ کی تمام عملی زندگی حضورِ اکرمﷺ کے منہاج پر قائم تھی تو یہ کس طرح ہو سکتا تھا کہ سیدنا صدیقِ اکبرؓ آنحضرتﷺ کے فیصلے کے خلاف باغ فدک سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کو دے دیں حضرت سیدنا ابوبکرؓ خود ارشاد فرماتے ہیں:
إنى والله لا أغير شيئاً من صدقات النبىﷺ التی كانت عليها فی عهد النبىﷺ لأعملن فيها بما فعل فيها رسولِ اللہﷺ فتشهد على ثم قال أنا قد عرفنا يا أبا بكر فضيلتك۔(بخاری: جلد 1صفحہ 566)
ترجمہ: خدا کی قسم یہ چیزیں جس طرح آنحضرتﷺ کے زمانے میں تھیں میں ان میں کچھ بھی تبدیلی نہ کروں گا اور ان امور میں میرا عمل اسی طریق پر ہو گا جو خود حضورِ اکرمﷺ کا طریقِ عمل تھا اس پر سیدنا علی المرتضیٰؓ نے سیدنا ابوبکرؓ کے اس ارشاد کی تصدیق فرمائی اور کہا کہ اے ابو بکر! ہم نے آپ کی فضیلت شان کو پہچان لیا ہے۔
آنحضرتﷺ کی دوسری بیٹیاں خود آنحضرتﷺ کی زندگی میں ہی فوت ہو چکی تھیں اس لیے ان کے حقِ وراثت یا طلبِ وراثت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اگر حضورِ اکرمﷺ کی دوسری بیٹیاں زندہ ہوتیں تو آپ انہیں دعوتِ مباہلہ کے وقت ساتھ کیوں نہ لے جاتے یہ دعوتِ مباہلہ کا واقعہ حضورِ اکرمﷺ کے اواخر حیات میں پیش آیا اور اس وقت حضورِ اکرمﷺ کی کوئی بیٹی سیدہ فاطمہؓ کے سوا زندہ نہ تھی۔
اس مسئلے کی مکمل تفصیل کے لیے امام پاکستان حضرت مولانا سید احمد شاہ چوکیروی کی کتاب تحقیقِ فدک اپنے موضوع پر لاجواب ہے، آپ اس کا مطالعہ فرمائیں یہ کتاب ان شاء اللہ جامع و مانع ہو گی اور تحقیق کے اعتبار سے بما لا مزید علیہ کا مصداق واللہ اعلم بالصوب، کتبہ: خالد محمود رحمۃاللہ علیہ۔(عبقات: جلد 1صفحہ 189)
فدک کے موضوع پر تفصیلی مطالعہ کے لیے آیات بینات از نواب محسن الملک سید مہدی علی مرحوم،
تحقیق فدک از مولانا سید احمد شاہ چوکیروی رحمۃاللہ،
ازالة الشک عن مسئلۃ فدک از مولانا عبد الستار تونسوی رحمۃاللہ،
رحماء بینہم، حصہ صدیقی، از مولانا محمد نافع رحمۃاللہ،
دوازدہ احادیث، حدیث نمبر: 7، از علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ کی مراجعت فرمائیں)
وہ شخصیت جو خاتون جنت ہو وہ خود اس کے لیے اٹھتیں، یا اپنے خاوند کو کہتیں تم اٹھو؟ خاتون وہی ہے جو اپنے اہم کاموں کے لیے اپنے خاوند کو کہے، کہ تم جاؤ اب سیدہ فاطمہؓ نے اگر مطالبہ کرنا تھا تو وہ خود کرتیں یا سیدنا علیؓ کو بھیجتیں؟ اب یہ پراپیگنڈا کہ سیدہ فاطمہؓ فدک لینے گئیں ان کو فدک نہ دیا گیا اور لوگ اتنا بھی نہیں سوچتے، کہ خاوند کے صحیح سلامت ہوتے ہوئے کبھی خاتون عدالت میں جاسکتی ہے؟ وہ سیدہ فاطمہؓ جس کی چادر کو کبھی چشمِ فلک نے بھی نہیں دیکھا وہ اس کے لیے؟ انہوں نے اہلِ بیتؓ کی شان اتنی گرا دی کہ دنیا کی ان چیزوں کے لیے سیدہ فاطمہؓ کی عزت کو بھی یہ لوگ بھول گئے۔