سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ خلافت کے امیدوار نہ تھے -…

سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ خلافت کے امیدوار نہ تھے

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

سو اس میں خواہ مخواه سیدنا علیؓ کو سیدنا ابو بکرؓ کے مقابلے میں لانا ایک بڑی غلطی ہے اگر مقابلے میں نام کسی کا لیا جا سکتا ہے تو سیدنا سعد بن عبادہؓ کا نام لیا جا سکتا ہے کہ انصار ان کی قیادت میں اٹھنا چاہتے تھے، اور جو مہاجرین تھے ان کے لیے سیدنا ابو بکر صدیقؓ کی امامت کا ارشاد تھا، تو اگر خلافت میں اختلاف ہوتا، تو کن کن میں ہوتا؟ سیدنا ابو بکرؓ میں اور حضرت سعد بن عبادہؓ میں اور موضوع یہ ہوتا کہ مہاجرین میں سے ہو یا انصار میں سے ہو، تب تو عقل مانتی ہے مگر اب یہ لوگ کیوں یہ بات اڑاتے ہیں کہ جی خلافت علیؓ کو ملنی چاہیے تھی؟ سو وہ تو نہ امیدوار، نہ کوئی میٹنگ بلائی اور نہ دعویٰ کیا، بلکہ وہ تو اللہ تبارک وتعالیٰ کے ہاں صابرین میں سے تھے، خواہ مخواہ ان کا نام لے کر قوم میں ایک نئی فکر پیدا کر دی کہ خلیفہ وہ ہونا چاہیے یا یہ آپ نے خلافت پر جتنے بھی اختلاف سنیں، کن کے درمیاں سنیں، انہی میں کہ جی خلیفہ ابوبکرؓ ہوں یا علیؓ! تو بھائی علیؓ تو اس میدان میں آئے ہی نہیں، خواہ مخواہ ان کے ذمہ یہ بات لگائی گئی، میں تاریخ کے طالب علموں سے پوچھتا ہوں اور کہا کرتا ہوں کہ تاریخ کی کتابیں دیکھو اور ہر زبان میں دیکھو کسی تاریخ میں علیؓ کا نام بطورِ امیدوار کے اور علیؓ کی کوئی کوشش کہ مجھے لوگ خلیفہ مانیں نہیں ہے۔