جو مدینہ کے انصار تھے انہوں نے مہاجرین کو قبول کیا اور اس عزت سے قبول کیا، کہ ایسی عزت تاریخ میں کبھی کسی میزبان نے اپنے مہمان کو نہیں دی ہوگی یعنی انصار کی پوری تاریخ بتاتی ہے کہ دنیا کے تمام ملکوں کو دیکھو، تاریخ اقوام میں انقلاب کو دیکھو، اب تک کسی قوم نے باہر سے آنے والی قوم کو وہ عزت نہیں دی، کہ جو انصارِ مدینہ نے حضورِ اکرمﷺ کو دی اسی لیے انصار کی شان اس میں بے مثال ہے تو اب اس بات کو آپ سمجھیں کہ انصار نے جو عزت حضورِ اکرمﷺ کو دی وہ بہت بڑی بات ہے اور کوئی مومن مسلمان انصار کے مقام، ان کی شان اور ان کے فضائل و مناقب کا انکار نہیں کرتا۔
(امام اہلِ سنت حضرت مولانا عبد الشکور لکھنوی رحمۃاللہ فرماتے ہیں: صحابی اس کو کہتے ہیں جس نے ایمان کے ساتھ رسولِ خداﷺ کی ملاقات حاصل کی ہو اور ایمان پر اس کا خاتمہ ہوا ہو مہاجرین صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو کہتے ہیں جو مکہ کے رہنے والے تھے اور قبل ہجرت ایمان لائے تھے، پھر انہوں نے اللہ اور رسول کے لیے اپنے وطن اور اعزہ و اقارب کو چھوڑ دیا اور مکہ سے ہجرت کی یہ کل ایک سو چودہ مرد و عورت تھے۔ انصار ان صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو کہتے ہیں جو مدینہ کے رہنے والے تھے اور انہی کی درخواست پر رسولِ خداﷺ ہجرت کر کے مدینہ تشریف لے گئے انہوں نے رسولِ خداﷺ کو اور مہاجرین کو اپنے شہر میں جگہ دی اور آپ کی ہر قسم کی مدد کی سابقینِ اولین ان مہاجرین کو کہتے ہیں جنہوں نے غزوہ بدر یا تحویل قبلہ سے پہلے ہجرت کی غزوہ بدر رمضان دو ہجری میں ہوا اور تحویل قبلہ شعبان 2 ہجری میں اور بقول بعض رجب 2 ہجری میں ہوئی۔(آیات خلافت وامامت: صفحہ 156)
سو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں مہاجرین کے بعد انصار بلند مقام و مرتبہ کی حامل شخصیات ہیں اسی لیے قرآنِ کریم میں کئی آیات میں مہاجرین کے فضائل و مناقب کے ساتھ انصار کا ذکر بھی بخوبی ملتا ہے اور احادیث کی کتابوں میں بھی انصار کے مناقب و فضائل پر مستقل باب باندھے گئے ہیں۔