تو حضورِ اکرمﷺ کا اپنا مزاج جو تھا، وہ یہ تھا کہ جو کعبہ کی عزت ہے، یہ قائم رہے تو آپ نے سفر آخرت پر جاتے ہوئے یہ کہہ دیا کہ الائمۃ من قریش کہ اپنے لیڈر یہاں سے بنانا تو سارا عرب مان لے گا، اور کسی اور کو بنایا تو شاید کچھ نیک لوگ تو مان لیں، لیکن عرب عوام نہیں مانیں گے، عرب کی فطرت کو حضورِ اکرمﷺ جانتے تھے، قبائل کے مزاج کو پہچانتے تھے، تو آپﷺ نے فرمایا! کہ قریش میں سے چننا، تو اتنی بات یاد رکھنا کہ امام قریش میں سے ہوں تو یہ حضورِ اکرمﷺ کی بات ہے، جو میں خود سے نہیں کر رہا اس لیے
- سیدنا ابوبکرؓ قریش میں سے تھے،
- سیدنا عمرؓ قریش میں سے تھے،
- سیدنا عثمانؓ قریش میں سے تھے
- سیدنا علیؓ قریش میں سے تھے
بنو ہاشم اور بنو امیہ دونوں قریش میں سے تھے
پہلے چاروں خلفاء جن کو خلفائے راشدینؓ کہتے ہیں۔ یہ سارے قریش میں سے تھے، اور حضورِ اکرمﷺ پہلے کہہ گئے تھے الائمۃ من قریش کیوں؟ ان میں رعب و دبدبہ ہے، قریش میں دو خاندان تھے، ایک بنو ہاشم بڑا خاندان اور ایک بنو امیہ، اور دونوں عبد مناف کی اولاد میں سے تھے عبد مناف کون تھے؟ سیدنا عبد المطلب کے دادا حضورِ اکرمﷺ کے دادا کا نام عبد المطلب، اور ان کے دادا کا نام عبد مناف تھا تو عرب کے دونوں بڑے خاندان، بنو امیہ اور بنو ہاشم عبد مناف کی اولاد تھے، اب حضورِ اکرمﷺ جاتے ہوئے کہہ گئے تھے، الائمۃ من قریش۔(اس حدیث پر حضرت علامہ رحمۃاللہ ایک مقام پر نہایت نفیس ارشاد فرماتے ہیں جو قارئین کے لیے یہاں ہدیہ قارئین کیا جاتا ہے:
یہ صحیح ہے کہ آنحضرتﷺ نے طبقاتی برتری کا احساس ختم کر کے انسانیت کو فروغ بخشا تھا اور اللہ رب العزت کی بھی آپ کو یہی ہدایت تھی کہ آپ کی نظریں ان غریبوں سے (جن میں آپ کی سوسائٹی تھی) اٹھنے نہ پائیں مبادا آپ دنیا کی رونق کو پسند کرنے لگیں نہیں آپ انہی غریبوں کے ہو کر رہیں جو صبح و شام اپنے رب کو پکارتے ہیں آپ کی اس سوسائٹی سے انسانیت کو جلا ملے گی۔
وَاصۡبِرۡ نَـفۡسَكَ مَعَ الَّذِيۡنَ يَدۡعُوۡنَ رَبَّهُمۡ بِالۡغَدٰوةِ وَالۡعَشِىِّ يُرِيۡدُوۡنَ وَجۡهَهٗ وَلَا تَعۡدُ عَيۡنٰكَ عَنۡهُمۡ ۚتُرِيۡدُ زِيۡنَةَ الۡحَيٰوةِ الدُّنۡيَا وَ لَا تُطِعۡ مَنۡ اَغۡفَلۡنَا قَلۡبَهٗ عَنۡ ذِكۡرِنَا وَاتَّبَعَ هَوٰٮهُ وَكَانَ اَمۡرُهٗ فُرُطًا ۞(سورۃ الکہف: آیت 28)
ترجمہ: اور تو روکے رکھ اپنے آپ کو ان کے ساتھ جو پکارتے ہیں اپنے رب کو صبح و شام طالب ہیں اس کی ذات کے اور نہ اٹھیں تیری آنکھیں ان سے دنیا کی رونق کی تلاش میں اور نہ کہنا مان اس کا جس کا دل ہم نے اپنی یاد سے غافل رکھا ہے اور وہ پیچھے ہو گیا اپنی خواہش کے اور اس کا کام حد سے نکلا ہوا ہے۔
بایں ہمہ حضورِ اکرمﷺ کی نظر عرب نفسیات پر بھی تھی فتح مکہ کے بعد لوگ فوج در فوج داخل دائرہ اسلام ہوئے اور وہ اس نئے ماحول میں آئے ہی تھے کہ حضورِ اکرمﷺ کو سفرِ آخرت پیش آ گیا آپ کی نظر عالی قدر نے دیکھا کہ قریش کی عظمت عربوں میں آپ کی تشریف آوری سے بھی پہلے اس درجہ مسلم ہے کہ ان کے تجارتی قافلے سرما و گرما میں رہزنوں کی لوٹ مار سے محفوظ تھے تو آپ نے فرمایا کہ مسلمانوں کی آئندہ سیاسی قیادت قریش میں ہی رہے جب تک یہ اس کشتی کو کھینچ سکیں آپ کا قریش کو آگے کرنا اپنے لیے نہ تھا قریش کی اس عظمت کی وجہ سے تھا جو انہیں پہلے سے عربوں میں حاصل تھی اگر آپ قریش کو اپنے لیے آگے کرتے تو بنو ہاشم کی قیادت کا اعلان کرتے الائمة من قریش نہ فرماتے سو آپ کا یہ فیصلہ عربوں کو ایک وحدت میں جوڑنے کے لیے تھا عربوں میں سے کسی کے طبقاتی تفوق کے لیے نہ تھا اپنے خطبہ وداع میں آپ کہہ چکے تھے کہ کسی عربی کو کسی عجمی پر اللہ کے دین کے سوا کسی بات میں برتری نہیں ہے خلفائے راشدینؓ باوجود یہ کہ قریش میں سے تھے انہوں نے انسانی حقوق اور عدل وانصاف کے نفاذ میں حضورِ اکرمﷺ کی طرح کسی طبقاتی برتری کو رہ نہ دی، کمزور ان کے نزدیک قوی تھا اور قوی کمزور یہاں تک کہ ہر انسان کا حق محفوظ رہے۔(آثار الحديث: جلد 1 صفحہ 17)
اس حدیث کی تفصیلی شرح اور صحیح تفہیم کے لیے کتاب دوازده احاديث میں حدیث نمبر 4،
بنام حديث دوازده امير اور کتاب عبقات: جلد اول، از علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ کی مراجعت فرمائیں۔
اب میں اس بات کو ایک طرف رکھ کر ذرا تصویر کا دوسرا رخ بھی آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔