میں مثال آپ کے سامنے لا رہا ہوں، سوال کیا گیا کہ جانشین پیغمبر کا کن میں ہونا چاہیے؟ فیملی میں یا ساتھیوں میں؟ جب مجھ پر سوال ہوا، تو میں نے کہا اس کا جواب میں نہیں دیتا، نہ ان کی بات ہے نہ ان کی، بعض اوقات فیملی میں بھی ایسے لوگ ہوتے ہیں جو قابلیت میں جانشین بن سکیں اور ساتھیوں میں بھی ہر طرح کے لوگ ہیں حضورِ اکرمﷺ کے ساتھیوں میں جہاں اور بڑے بڑے لوگ تھے وہاں حضرت بلال حبشیؓ بھی تھے، جو عرب کے تھے ہی نہیں، حضرت صہیب رومیؓ بھی تھے جو عرب کے ہیں ہی نہیں، حضرت سلمان فارسیؓ بھی تھے جو عرب کے ہیں ہی نہیں، تو ساتھی ہونا بھی تو کافی نہیں ہوتا، جب سوال کیا گیا کہ خلافت میں پیغمبر کا جانشین کہاں سے ہونا چاہیے، فیملی سے یا دوستوں سے، تو میں نے کہا اس کا جواب مجھے آتا ہی نہیں، جب جواب نہیں آتا تو بجائے کہ میں دوں یا آپ کو کہوں کہ آپ جواب دیں، میں خود قرآن سے کیوں نہ پوچھوں؟ قرآن کیا کہتا ہے؟ بھائی جب مجھے جواب نہیں آتا، تو میں اپنے قیاس کے ساتھ اٹکل پچو کیوں بیان کروں، حالات کا احتمال ہے ادہر بھی، اور ادہر بھی، بات ادہر ادہر بھی جاسکتی ادہر بھی، تو میں نے کہا کہ اس کا جواب
- قیاس سے دینا
- عقل سے دینا
- اپنے خیالات کو اڑانا
خیالات (فلسفہ) کی پرواز کو چھوڑیے قرآن سے فیصلہ کریں۔
خیالات کی پرواز بڑی اونچی ہے لیکن ہر ایک کے خیالات اپنے اپنے ہوتے ہیں، ضروری نہیں، کہ ایک خیال پر سارے متفق ہو جائیں۔ تو ہم قرآن سے کیوں نہ پوچھیں؟
اَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اِنَّ اللّٰهَ يَاۡمُرُكُمۡ اَنۡ تُؤَدُّوا الۡاَمٰنٰتِ اِلٰٓى اَهۡلِهَا وَاِذَا حَكَمۡتُمۡ بَيۡنَ النَّاسِ اَنۡ تَحۡكُمُوۡا بِالۡعَدۡلِ اِنَّ اللّٰهَ نِعِمَّا يَعِظُكُمۡ بِهٖ الخ۔(سورۃ النساء: آیت 58)
ترجمہ: بے شک اللہ تم کو فرماتا ہے کہ پہنچاؤ امانتیں امانت والوں کو، اور جب فیصلہ کرنے لگو لوگوں میں تو فیصلہ کرو انصاف سے، اللہ اچھی نصیحت کرتا ہے تم کو۔(ترجمہ شیخ الہند)
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ تم نہ ادہر نہ دیکھو نہ ادہر دیکھو تم دیکھو کہ جو اس کا اہل ہو سیاسی طور پر ملک سنبھالنے کے لیے پیشوا اسے چنا جاتا ہے جو اسے چلانے کی اہلیت اور قابلیت رکھتا ہو اور جس میں سیادت کا، سیاست کا، نظام چلانے کا سلیقہ ہو اور جو اس کا سلیقہ نہیں رکھتا، وہ
- کتنا ہی نیک کیوں نہ ہو اسے پیشوا نہیں بناتے
- وہ کتنا تہجد پڑھنے والا کیوں نہ ہو
- کتنا ہی روزہ دار کیوں نہ ہو
ہم عقیدت میں اس کی بزرگی کو سلام کریں گے، لیکن اسکو اس سیاسی ذمہ داری پر نہیں لائیں گے، ذمہ داری پر وہی آئے جو اس کا اہل ہو، اب بتائیے کہ یہ کہنا کہ جی وہ اولاد میں سے ہو یا وہ ساتھیوں میں سے تو قرآن کا اصول یہ ہے: اِنَّ اللّٰهَ يَاۡمُرُكُمۡ الخ۔(سورۃ النساء: آیت 58)
اللہ تعالیٰ تمہیں حکم دیتا ہے: اَنۡ تُؤَدُّوا الۡاَمٰنٰتِ اِلٰٓى اَهۡلِهَا الخ۔(سورۃ النساء: آیت 58)
کہ یہ امانتیں ہیں اس کو اہل کے سپرد کرو، کیا انسانوں پر حکم لگانا، انسانوں کا نظام چلانا، انسانوں پر سیاست کرنا، امیر و غریب دونوں کو اپنا حق دینے کے لیے کوئی اہلیت، قابلیت، کوئی رعب، وقار، کوئی شخصیت وغیرہ کی شرط ہونی چاہیے؟ یا یہ دیکھنا چاہیے کہ یہ رشتہ دار ہے یا نہیں؟ اہلِ بیتؓ میں سے ہے کہ نہیں؟ دوستوں میں سے ہے کہ نہیں؟