سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی خون سے لت پت قميص - ردِ…

سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی خون سے لت پت قميص

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

جب سیدنا عثمانؓ شہید ہوئے تو جو قمیص انہوں نے پہنی ہوئی تھی، جس پر خون لگا، وہ قمیص کس نے اٹھائی؟ سیدنا عثمانؓ کی بیوی نے، جو سیدنا امیر معاویہؓ کی رشتے میں بہن تھیں، اور سیدنا عثمانؓ کی خون سے لت پت قمیص شام پہنچی ہے، اور جب وہاں قمیص لہرائی گئی، تو پورے شام میں لوگوں کے آنکھوں میں ایک خون آگیا تھا کہ ہیں؟ خلیفہ برحق خلیفہ راشد پر اتنا ظلم؟ تو سیدنا امیرِ معاویہؓ نے اس وقت لوگوں سے متاثر ہو کر، کہ اگر اب میں نے سیدنا علی المرتضیٰؓ کو خلیفہ مان لیا تو لوگ کہیں گے کہ سیدنا عثمانؓ کی شہادت اور ان کے خون کی ذمہ داری کن پر آتی ہے؟ (ان کے قاتلوں پر)، تو جب تک نیا خلیفہ ان قاتلوں کو پکڑے نہیں (میں بیعت نہیں کروں گا) سو سیدنا امیرِ معاویہؓ نے سیدنا عثمانؓ کے قصاص کا مطالبہ کیا اور اس مطالبے میں سیدنا عثمانؓ کے بیٹے سیدنا ابان بن عثمانؓ اور متعدد صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بھی شامل تھے جس کے متعلق سلیم بن قیس ہلالی شیعی بھی کہتا ہے:

ان معاوية يطلب بدم عثمان ومعه ابان بن عثمان وولد عثمان

(کتاب سليم بن قيس الكوفى الهلالى الشيعی العامری: صفحہ 153، مطبوعه نجف اشرف تحت بحث معاویه قراء الشام وقضاتهم)

سو اس سے پتہ چلتا ہے سیدنا امیرِ معاویہؓ قصاص کے مطالبے میں اکیلے نہیں تھے۔

(یہ بھی ایک غلط پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ کا مطالبہ قصاص سیدنا عثمانؓ میں اکیلے تھے اور سیدنا عثمانؓ کی اولاد میں سے کوئی ان کے ساتھ اس مطالبے کے دوران نہ تھا، حالانکہ سیدنا امیرِ معاویہؓ خود فرماتے ہیں کہ قصاص کا یہ معاملہ والیوں نے میرے سپرد کیا ہے چنانچہ اس پر حضرت علامہ صاحب سے کیا گیا ایک استفسار اور اس کا جواب ملاحظہ فرمائیں:

سوال: سیدنا عثمان کے خون ناحق کے خلاف قصاص طلب کرنے کا حق سیدنا عثمانؓ کے بیٹوں کا تھا کہ امیر معاویہؓ کا، وہ کیسے اس قصاص کے طالب بن گئے؟

جواب: سیدنا عثمانؓ کے بیٹے سیدنا ابان بن عثمانؓ جن کے نکاح میں سیدنا جعفر طیارؓ (سیدنا علیؓ کے بھائی) کی پوتی ام کلثوم بنت عبد اللہ بن جعفرؓ تھی، وہ بحیثیتِ ولی قصاص سیدنا امیرِ معاویہؓ کے ساتھ تھے، سیدنا امیرِ معاویہؓ چونکہ بڑے تھے اس لیے سیدنا عثمانؓ کے عزیزوں نے انہی کو اپنا نمائندہ بنا رکھا تھا سلیم بن قیس الکوفی الہلالی العامری جو سیدنا علی المرتضیٰؓ کے شاگردوں میں سے ہے، لکھتا ہے:

إن معاوية يطلب دم عثمان ومعه أبان بن عثمان وولد عثمان۔

(کتاب سلیم بن قیس الشیعی: صفحہ 153، طبع نجف)

ترجمہ: حضرت معاویہ حضرت عثمان کے قصاص کے لیے اٹھے اور حضرت عثمان کے بیٹے ابان اور حضرت عثمان کے دوسرے بیٹے ان کے ساتھ تھے۔

حضرت امیر معاویہؓ نے اس بات کو خود واضح کر رکھا تھا کہ یہ کام والیوں کی طرف سے میرے سپرد کیا ہوا ہے۔ آپ نے ابو مسلم خولانی کو یہ جواب دیا تھا:

أنا ابن عمه وأنا أطلب بدمه وأمره إلى (البدايہ والنهايہ، جلد 8صفحہ139)

ترجمہ: میں سیدنا عثمانؓ کا چچا زاد بھائی ہوں، میں ان کے قصاص کا طالب ہوں اور ان کا معاملہ (والیوں کی طرف سے) میرے ہی سپرد ہے۔ (عبقات: جلد 1صفحہ 155)

پھر ایک یہ سوال بھی کیا جاتا ہے کہ قصاصِ عثمانؓ کے مطالبے میں کوئی صحابی رسول حضرت امیرِ معاویہؓ کے ساتھ شریک نہ تھا چنانچہ اس سوال کا جواب حضرت علامہ صاحب سے نقل کیا جاتا ہے:

یہ غلط ہے کہ حضرت امیرِ معاویہؓ کے ساتھ وہاں کے دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اس مطالبہ قصاصِ عثمانؓ میں شامل نہ ہوئے تھے، حضرت عبادہ بن صامتؓ (34 ہجری) اور حضرت ابو درداءؓ (32 ہجری) اکابر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین وہاں موجود تھے اور یہ سب حضرات اس مطالبہ میں حضرت امیرِ معاویہؓ کے ساتھ تھے یہ حضرات خود ہرگز شریکِ اقتدار نہ تھے کہ ان کے متعلق یہ شبہ راہ پا سکے کہ یہ خود کسی مصلحت سے خونِ عثمانؓ کے قصاص کے لیے اٹھے ہوں حافظ ابنِ کثیر رحمۃاللہ لکھتے ہیں:

وقام فی الناس معاویه وجماعة من الصحابة معه يحرضون الناس على المطالبة بدم عثمان ممن قتله من اولئك الخوارج فهم عبادة بن الصامت وابو الدرداء ابو امامة وعمرو بن عنبسة وغيرهم۔

(البدايہ والنہایہ: جلد 7، صفحہ 227)

ترجمہ: اور لوگوں میں سیدنا امیرِ معاویہؓ اور آپ کے ساتھ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ایک جماعت اٹھ کھڑی ہوئی جو لوگوں کو ان خارجیوں سے جنہوں نے سیدنا عثمانؓ کو قتل کیا تھا خونِ عثمانؓ کا قصاص لینے کے لیے آمادہ کرتے تھے، ان میں حضرت عبادہ بن صامتؓ حضرت ابو درداءؓ اور حضرت ابو امامہؓ اور حضرت عمرو بن عنبسہؓ  سبھی حضرات شامل تھے۔(عبقات: جلد 1 صفحہ 173)