حرمت صحابہ - دفاعِ اہلِ سنت | دفاع اسلام

حرمت صحابہ

  محمد معاویہ سعدی

بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم

حرمت صحابہ:  حقائق اور دلائل کی روشنی میں:

ابتدائیہ:

الحمد لله رب العالمين و الصلاة و السلام على سيد المرسلين، محمد و آله و أصحابه أجمعين و على من تبعهم باحسان إلى يوم الدين، و بعد:

اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب پاکﷺ کی صحبت و خدمت، اپنے دین کی نصرت و حمایت، اور مذہبِ اسلام کی اشاعت و شوکت کے لیے، صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی پوری جماعت کا، خصوصی انتخاب فرمایا تھا، اسی لیے اس قافلے کا ہر فرد اپنی ذات میں ایک انجمن، اور اس بزم کا ہر شریک اپنے آپ میں ایک چراغ روشن تھا۔

سیدنا ابنِ عباسؓ فرماتے ہیں:

وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى الخ۔(سورۃ النمل: آیت 59) 

هم أصحاب محمد اصطفاهم الله لنبيه۔ (تفسیر طبری، قرطبی، ابنِ کثیر)  

ترجمہ: کہ اللہ تعالیٰ نے یہ جو فرمایا ہے کہ سلامتی ہو میرے منتخب بندوں پر، تو اس سے مراد صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہیں، جن کو اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کے لیے منتخب فرمایا ہے۔

اسی طرح کا مضمون سیدنا ابنِ مسعودؓ، سیدنا ابنِ عمرؓ اور سیدنا حسن بصریؒ سے بھی اس آیت کی تفسیر سے الگ، مطلق طور پر منقول ہے۔ (جامع بيان العلم: جلد2 صفحہ946)

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی انہی خصوصیات اور امتیاز و انفرادیت کی بناء پر، اُمت نے ہمیشہ ان کے مقام و مرتبہ کا ہر طرح سے پاس و لحاظ کیا، اور بلا تفریق اور استثناء کے جماعتِ صحابہؓ کے ہر ہر فرد سے محبت، اس کے ادب و احترام اور عظمت و جلال کو اپنے فکر و عقیدے میں شامل رکھا۔

اہل بیتِ اطہارؓ کی محبت و عقیدت کے پہلو بہ پہلو حبِّ صحابہؓ، عظمتِ صحابہؓ اور اتباع صحابہؓ کا فکر و عقیدہ قرنِ اول ہی سے "اہل السنت و الجماعت" کا وہ تمغہ امتیاز ہے، جس کے ذریعے اُن کا دامن اعتدال افراط و تفریط کی دونوں انتہاؤں سے بچتے ہوئے نکلتا ہے۔

مگر حالات و انقلابات کے تناظر میں اس کمال اعتدال کی خصوصیت کا بار بار استحضار، اور تکرار کرتے رہنا بھی ضروری ہے، اسی لیے یہ سطور لکھی گئی ہیں اللہ تعالیٰ قبول فرما کر ہم سب کے لیے نافع، شکوک و شبہات کے لیے رافع، اور فتنوں کے لیے دافع بنائیں، وباللّٰہ التوفيق، وهو المستعان۔

آج کل بعض لوگوں کی طرف سے اس نازک اور حساس موضوع کو جس طرح سے الجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، نہ چاہتے ہوئے بھی اِس سے تعرض کرنا ہی پڑا کتاب کے آخری صفحات اسی تناظر میں ہیں۔