سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی خلافت کے دو ادوار - ردِ…

سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی خلافت کے دو ادوار

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

سیدنا امیرِ معاویہؓ کے دورِ حکومت کے دو حصے ہیں ایک حصہ وہ جو خلافتِ راشدہ کے اندر کا ہے، اور اس میں خلیفہ راشد سیدنا علیؓ ہیں۔

(حضرت علامہ رحمۃاللہ سے سیدنا علیؓ کی خلافتِ راشدہ کے متعلق کیے گئے ایک استفسار اور اس کے جواب کو یہاں ہدیہ قارئین کیا جاتا ہے:

سوال: حضرت علیؓ پوری سلطنت اسلامی کے فرمانروانہ تھے قلمرو اسلامی کے ایک حصہ پر حضرت امیرِ معاویہؓ کا قبضہ تھا انہیں خلفائے راشدینؓ میں کیسے شمار کیا جا سکتا ہے، وہ خلافت تامہ نہ تھی نہ اس کا پہلے تین خلفاء سے تسلسل تھا ان کے چوتھے خلیفہ راشد ہونے پر دلیل پیش کیجیے سائل: محمد اسد اللہ قاسمی، خطیب جامع مسجد قطب الدین جھنگ صدر۔

جواب: سیدنا عثمانؓ کی شہادت کے بعد جب سیدنا علیؓ کی بیعت کی گئی تو اس وقت آپ کی یہ بیعت خلافت پوری قلمرو اسلامی کے لیے تھی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین جنہوں نے سیدنا علیؓ کی بیعت کی تھی نہ انہیں علم تھا کہ عملاً یہ خلافت مصر و شام تک نہ جا سکے گی، نہ حضرت علیؓ کو آئندہ ہونے والے واقعات کا علم تھا علم غیب خاصہ باری تعالیٰ ہے خاصان خدا بھی غیب کی وہی بات جان سکتے ہیں جو عالم الغیب بتلائے، سو عقداً یہ خلافت پوری قلمرو اسلامی کے لیے تھی گو عملاً ایسا ظہور میں نہ آیا خلافت کے احکام عقد سے چلتے ہیں عمل سے نہیں دو خلیفہ بنا لیے جائیں تو فیصلہ پہلے کے حق میں ہوتا ہے سیدنا علیؓ اپنے آپ کو اگر پوری سلطنت اسلامی کا حکمران نہ سمجھتے تو حضرت امیرِ معاویہؓ کو بیعت کے لیے کیوں لکھتے، اور پھر انہیں شام کے گورنر کی حیثیت سے معزول کیوں کرتے اگر سیدنا علیؓ پوری قلمرو اسلامی کے فرمانروا تھے تو سیدنا امیرِ معاویہؓ ان سے قاتلینِ عثمانؓ کو پکڑنے کے لیے نہ کہتے حقیقت یہ ہے کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ کا ان سے یہ مطالبہ ان کی خلافت کے انکار پر مبنی نہ تھا، یہ صرف بیعت سے توقف تھا اور انہوں نے خلافت قائم ہونے تک اپنی سابق پوزیشن (عامل خلافتِ عثمانؓ) بحال رکھنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

سیدنا علی المرتضیٰؓ کی خلافت سیدنا حسنؓ کی خلافت سے اصولاً مختلف ہے، اول الذکر بوقتِ عقد پوری قلمرو اسلامی کے فرمانروا تھے اور ثانی الذکر بوقتِ عقد اسی خطہ پر حکمران تھے جو سیدنا علیؓ کے قبضہ میں تھا سو سیدنا علیؓ کی خلافت باعتبار عقد خلافت تاممہ ہے اور خلافت راشد کی تمام شرطوں کو پورا کرتی ہے پھر یہ خلافت پہلی خلافتوں سے مسلسل بھی ہے سیدنا علیؓ اپنے ایک مکتوب (نہج البلاغہ: حصہ 3 صفحہ 8) میں صراحت کرتے ہیں کہ میری بیعت انہی لوگوں نے کی ہے جنہوں نے پہلے تین بزرگوں کی بیعت کی اور انہی شرطوں پر انہوں نے مجھے خلیفہ مانا ہے جن شرطوں پر انہوں نے انہیں خلیفہ مانا تھا شیعہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ سیدنا علیؓ اپنے دور خلافت میں لوگوں کو تراویح با جماعت سے روک سکے نہ حضراتِ حسنینؓ کو فدک دے سکے ان کی خلافت پہلی خلافتوں کا ہی تتمہ رہی قاضی نور اللہ شوشتری (1019 ہجری) لکھتا ہے:

اکثر اہل آں زمان را اعتقاد آں بود کہ امامت حضرت امیر مبنی بر امامت ایشان است و فساد امامت ایشان را دلیل فساد امامت اوے دانند۔(مجالس المومنین: جلد 1، صفحہ 54)

ترجمہ: اس وقت اکثر لوگوں کا اعتقاد یہ تھا کہ سیدنا علیؓ کی امامت ان پہلے تین کی امامت پر مبنی ہے اور وہ ان کی امامت ٹوٹنے سے سیدنا علیؓ کی امامت کو ٹوٹنا سمجھتے ہیں یعنی وہ تین صحیح اور جائز خلیفہ ہوں تو یہ چوتھے بھی صحیح اور جائز خلیفہ ہوں گے اور وہ تین خلیفہ برحق نہیں تو یہ چوتھے بھی صحیح خلیفہ نہ ہوں گے۔ واللہ اعلم بالصواب۔(عبقات: جلد 1صفحہ 163)

ہم سیدنا امیرِ معاویہؓ کو اس دور کا خلیفہ نہیں مانتے اور سیدنا امیرِ معاویہؓ نے سیدنا علیؓ کو خلیفہ نہیں مانا تھا، لیکن خود اپنی خلافت کا دعویٰ نہیں کیا تھا خود نہیں کہا تھا کہ میں خلیفہ ہوں؟ تو سیدنا امیرِ معاویہؓ اپنا تعارف کرواتے ہوئے فرماتے ہیں، کہ میں کون ہوں؟ سیدنا علیؓ کو وہ کہا کرتے تھے، کہ میں خلافت کا خود دعویدار نہیں مگر میری پوزیشن کیا ہے؟

ولانی خليفتان من قبلك۔

اے علی! آپ سے پہلے دو بڑے آدمی گزرے ہیں، انہوں نے مجھے شام کا گورنر بنایا ہے، انہوں نے مجھے شام کا سربراہ بنایا ہے، اور شام کا ملک انہوں نے مجھے سونپا، وہ دو بڑے آدمی کون تھے؟ ایک سیدنا عمرؓ، اور دوسرے سیدنا عثمانؓ ہیں سیدنا عمرؓ کا دور حکومت اور ان کا دور خلافت تقریباً دس سال، سیدنا عثمانؓ کا بارہ سال تو سیدنا امیرِ معاویہؓ نے کہا ولانی مجھے والی شام کا، خلیفتان دو خلیفہ نے۔