سیدنا ابو بکر صدیقؓ کو حضورِ اکرمﷺ کی خوشبو آ جایا کرتی تھی آپ نے خوشبو سے محسوس کیا کہ حضورِ اکرمﷺ آ رہے ہیں تو سیدنا ابوبکر صدیقؓ نے دل میں ارادہ کر لیا، کیا ارادہ کیا؟ کہ جب حضورِ اکرمﷺ آئیں گے میں پیچھے ہٹ جاؤں گا اور حضورِ اکرمﷺ کو آگے کھڑا کروں گا، حضورِ اکرمﷺ نے بھی ابو بکر صدیقؓ کے اس ارادہ کو پہچان لیا، آپ نے وہیں سے کہا! مكانك کہ تم اپنی جگہ رہو یعنی نماز پڑھاتے رہو، اور سارے مسلمانوں نے یہ آواز سن لی، اب معلوم ہوا کہ ابو بکر صدیقؓ کی امامت تھی وہ حضورِ اکرمﷺ کی نظروں میں تھی یہ نہیں کہ ام المؤمنینؓ نے ان کو کھڑا کر دیا تو جن لوگوں نے آئندہ دور میں یہ پروپیگنڈا کرنا تھا کہ ام المؤمنینؓ نے ان کو کھڑا کر دیا تھا حضورِ اکرمﷺ نہیں، تو حضورِ اکرمﷺ کو افاقہ اللہ نے اس لیے دیا کہ حکمتِ باری تعالیٰ بھی یہی تھی کہ دنیا دیکھ لے کہ حضورِ اکرمﷺ کی نظر میں سیدنا ابو بکر صدیقؓ کا مقام ہے اور یہ کہ ان کی امامت کو آپ کی رضا شامل رہے۔
توجہ فرمائیں کہ حضورِ اکرمﷺ کی جب وفات ہوئی تو سیدنا علیؓ فرماتے ہیں حافظ ابنِ عبدالبر رحمۃاللہ نے الاستيعاب فی معرفة الاصحاب(الاستيعاب: جلد 2 صفحہ 291)
میں یہ بات نقل کی کہ جب حضورِ اکرمﷺ کی وفات ہوئی تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین جو تھے آپس میں مل کر بیٹھے تو سیدنا علیؓ فرماتے ہیں کہ:
مرض رسول اللّٰہﷺ ایام و لیالیا۔
ترجمہ: حضورِ اکرمﷺ بیمار ہوئے اور کئی دن بیمار رہے اور میں تندرست تھا بیمار نہ تھا، اور میں حاضر تھا غائب نہیں تھا، حضورِ اکرمﷺ اگر مجھے کہتے کہ تم نماز پڑھاؤ، تو کوئی شخص روک نہیں سکتا تھا، لیکن آپﷺ نے ابو بکرؓ کو کہا، مگر جب حضورِ اکرمﷺ کی وفات ہوئی، ہم نے پھر معاملے میں غور کیا، اور اپنی دنیا کے لیے اس کو چنا، جس کو حضورِ اکرمﷺ نے ہمارے دین کے لیے چنا تھا نماز کیا ہے؟ یہ دین کی اساس ہے۔
الصلوٰۃ عماد الدین
ترجمہ: نماز دین کا ستون ہے۔
سیدنا علیؓ کے یہ کلمات سنیے، کیسے سنہری الفاظ ہیں، کہ ہم نے اپنی دنیا کے لیے یعنی خلافت کے لیے آپ کی سیاسی جانشینی کے لیے اس کو چنا، جس کو حضورِ اکرمﷺ نے ہمارے دین کے لیے چنا تھا۔
(دین اسلام کے پانچ ستون ہیں: کلمہ، نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ حضرت ابوبکر صدیقؓ کو نہ صرف نماز میں بلکہ دین کے ان پانچوں ستونوں میں دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر نمایاں سبقت حاصل تھی (کلمہ) آنحضرتﷺ کے بعد سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے سب سے پہلے دعوت و تبلیغ کا آغاز کیا اور جب آنحضرتﷺ کو اللہ کی طرف سے کھلے عام مجمع میں کلمہ کی دعوت دینے کا حکم ملا تب سب سے پہلے رسالتِ مآبﷺ کے فرمانے پر سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے ہی بھرے مجمع میں دعوتِ حق پیش کی اس لیے اسلام کے پہلے خطیب آپ کہلائے (نماز) آنحضرتﷺ نے آخری وقت میں دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ہوتے ہوئے مسجدِ نبوی شریف میں نماز کی امامت کے واسطے سیدنا صدیقِ اکبرؓ کو منتخب کیا (حج) جب 9 ہجری میں حج فرض ہوا تو پہلے حج کے امیر سیدنا ابوبکر صدیقؓ ہی بنائے گئے اور ان بنیادی ارکان میں نماز اور حج دو ہی ایسی عبادات ہیں جن کے لیے کسی امام یا امیر کی ضرورت ہوتی ہے ان میں سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی فضیلت سر فہرست ہے (روزہ) روزہ سے مقصود تقویٰ حاصل کرنا ہے اور سیدنا ابو بکر صدیقؓ کے لیے قرآن اتقی کے الفاظ ارشاد فرماتا ہے (زکوٰۃ) زکوٰۃ کیا ہے کہ ہر سال صاحبِ نصاب مسلمان اپنے مال کا اڑھائی فیصد ادا کرے جس سے اس کا مال پاک ہو اور اللہ کا قرب حاصل ہو سو اس حوالے سے سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے متعلق بالخصوص سورۃ اللیل میں ارشاد پاک موجود ہے سو اس پاکباز شخصیت کے ہوتے ہوئے اور کوئی اس عہدے کا اہل ہو ہی نہیں سکتا جس کا نمایاں ثبوت سیدنا علی المرتضیٰؓ کا یہ ارشاد ہے:
فرضینا لدنيانا من رضی رسول اللهﷺ لديننا فقد منا ابابکر(الاستيعاب: جلد 2صفحہ 251،
طبقات ابنِ سعد: جلد 3 صفحہ 183)
ترجمہ: پس رسول اللہﷺ نے جس کو ہمارے دین کا پیشوا (نماز کا امام) بنایا تھا ہم نے اس کو اپنی دنیا کا پیشوا بنا لیا اور ابوبکر کو ہم نے اس باب میں آگے کر لیا۔
خلافت کا نمونہ آپ دے گئے تو سیدنا ابو بکر صدیقؓ حضورِ اکرمﷺ کے اس طرح سائے میں رہے کہ آپﷺ کا جو طریقہ تھا، اور آپ کی جو سیرت اور بصیرت تھی وہ ابوبکر صدیق نے کس طرح اپنے اندر جذب کی ہوئی تھی۔