جیسے ایک مشہور واقعہ آپ نے سنا ہوگا، کہ سیدنا عمرؓ نے ایک دفعہ ایک لمبی قمیص پہنی تھی، جو دو چادروں سے بنی تھی، اور ہر ایک کو مالِ غنیمت سے ایک ایک چادر ملی تھی، تو ایک شخص اٹھ کر کہتا ہے کہ آپ کی جو لمبی قمیص ہے دو چادروں سے بنی ہے، تو جب ہر ایک کو ایک ایک چادر ملی تو آپ کو دو چادریں کیسے مل گئیں؟ سیدنا عمرؓ نے یہ نہیں کہا، کہ تم کون ہو سوال کرنے والے؟ آپ نے اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے اپنے بیٹے کو اشارہ کیا، حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے کہا کہ جو میری چادر تھی میں نے اپنے باپ کو دے دی تھی اب سیدنا عمرؓ نے جو جواب دیا یہ بتاتا ہے، کہ سوال کرنا جائز تھا درست تھا، اور یہ حضورِ اکرمﷺ کی اس وقت بصیرت تھی، کہ آپ نے حکمرانوں کو خود مقرر نہیں کیا، اور ان کو قوم کے سپرد کیا، کہ تم کرو اور میں اپنی پسند بتا دیتا ہوں۔
سیدنا عمرؓ کے بارے میں اتنا بتا گئے کہ اگر میرے بعد کوئی پیغمبر ہوتے تو عمر ہوتے۔
(قال رسول اللہﷺ لو کان نبی بعدی لکان عمر بن الخطاب۔(جامع ترمذی: صفحہ 563)
حضرت علامہ رحمۃاللہ اس حدیث مبارکہ پر ارشاد فرماتے ہیں:
اس حدیث سے پتہ چلتا ہے کہ سیدنا عمرؓ ولایتِ الٰہی کے جملہ مراتب وہ صغریٰ ہوں یا کبریٰ طے کر چکے تھے اور آگے نبوت پر اس لیے نہ گئے کہ ان کے عرفان میں کچھ کمی تھی بلکہ اس لیے کہ آگے دروازہ ہی لگا ہوا تھا دوسرا کوئی شخص اس مقام کے لائق تھا تو آپﷺ کے بیٹے حضرت ابراہیم تھے اگر آپ کے بعد نبوت کسی کو ملنی ہوتی تو آپ کے بیٹے ضرور اس عمر کو پہنچتے جس میں نبیوں کو یہ ذمہ داری سونپی جاتی ہے آپ بچپن میں ہی فوت ہو گئے اور اس جہت سے آپ کا زندہ رہنا ممکنات میں سے نہ تھا کوئی غیر تشریعی منصب نبوت بھی باقی ہوتا تو آپ زندہ رہتے اور اسے پا لیتے نبوت کا دروازہ ہر پہلو سے بند تھا۔(خلفائے راشدینؓ: جلد 1 صفحہ 332)
معلوم ہوا حضورِ اکرمﷺ کی نظرِ رضا اور نظرِ پسند ان پر تھی سیدنا ابوبکرؓ کے بارے میں بھی اپنی رائے دے چکے تھے اب آنحضرتﷺ نے کہا کہ تم ابو بکر کو کہو کہ نماز پڑھائے تو ابوبکر صدیقؓ آپ کے ایامِ علالت میں نماز پڑھاتے رہے اللہ تعالیٰ جانتے تھے کہ ایک وقت آئے گا کہ تقیہ کے پرستار جن کا تقیہ پر اعتقاد ہے وہ یہ اعتراض کریں گے کہ حضورِ اکرمﷺ تو بیمار تھے، لہٰذا ام المؤمنین سیدہ عائشہؓ نے اپنے والد کو مصلیٰ امامت پر کھڑا کر دیا، اور وہاں دوسرے لوگوں کی کوئی چلی نہیں کیونکہ ام المؤمنین کے سامنے کوئی بول نہیں سکتا تھا۔