خلیفہ اول کا انتخاب شوریٰ سے - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

خلیفہ اول کا انتخاب شوریٰ سے

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 3

یہی قدیم ایران (فارس) کا حال تھا دینی سیادت کی نمائندگی کی کوئی خاص قبیلہ کرتا تھا گزشتہ زمانوں میں میدیا قبیلے کو یہ سیادت ملی ہوئی تھی اور زردشت کے پیروکاروں کے زمانہ میں قبیلہ المغان کو یہ روحانی نفوذ حاصل تھا روحانی قبیلے کے لوگ زمین پر سایہ خداوندی سمجھے جاتے جو خدائی حکومت کے لیے پیدا کیے گئے ہیں اور ایسا حاكم صرف اسی قبیلہ میں پیدا ہو سکتا تھا اور وہ ذاتِ خداوندی میں مدغم سمجھا جاتا اور آتش خانے کی حفاظت اور رکھوالی اس گھرانہ کی میراث ہوتی ملاحظہ ہو کتاب ایران عہد ساسانیان از آر تھر کرسٹن سین، ہندوستان میں برہمنوں کی نوعیت اس طرح کی تھی مذہب اور تقدس کے یہ جاگیر دار تھے اور ہندی قانون کے بموجب انہیں ایک اعلیٰ مرکز اور بلند مرتبہ حاصل ہوتا جس میں ان کی برابری کوئی نہیں کر سکتا، برہمن کے متعلق یہ عقیدہ رہا ہے کہ وہ بخشا بخشایا ہوا ہے خواہ وہ اپنےگناہوں سے تینوں عالم کو تباہ کر ڈالے، محاصل سے وہ مستثنیٰ تھے اگر وہ کسی کو قتل کرتے تو کسی حال میں بھی ان سے بدلہ نہ لیا جاتا دینی رسوم و عبادات کی ادائے گی ان ہی کے ذریعہ ممکن تھی، تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو السیرۃ النبویہ: صفحہ 38 بحوالہ منوشاستر، اسلام نے موروثی جاگیر داری کے ان دونوں طریقوں کا خاتمہ کر دیا جنہوں نے انسانیت پر ظلم کے ایسے پہاڑ توڑے جن کے نمونے اور مثالیں روم، ایران اور ہندوستان کی تاریخوں میں دیکھی جا سکتی ہیں ملاحظہ ہو کتاب ایران عہد ساسانیان از آر تھر کرسٹن سین، اسلام نے خلیفہ کے منتخب کرنے کی ذمہ داری مسلمانوں اور اہلِ سنت اور اہلِ شوریٰ اور اہلِ علم و اخلاص کے سپرد کر دی اسی لیے رسول اللہﷺ نے اپنے بعد اپنے جانشین کے بارے میں نہیں بتایا کہ کون مسلمانوں کا خلیفہ اور سربراہ ہو گا اگر ایسا کرنا دینی فرائض میں داخل ہوتا اور اس کو صراحتاً کے ساتھ بتا دینا ضروری ہوتا تو آپﷺ نے اس حکم کی تنفیذ ضرور فرماتے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

يٰۤـاَيُّهَا الرَّسُوۡلُ بَلِّغۡ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَيۡكَ مِنۡ رَّبِّكَ‌ وَاِنۡ لَّمۡ تَفۡعَلۡ فَمَا بَلَّغۡتَ رِسٰلَـتَهٗ‌ وَاللّٰهُ يَعۡصِمُكَ مِنَ النَّاسِ‌ الخ۔ (سورۃ المائدہ: آیت 67)

ترجمہ: اے پیغمبر! جو ارشادات خدا کی طرف سے تم پر نازل ہوئے ہیں سب لوگوں کو پہنچا دو اور اگر ایسا نہ کیا تو تم خدا کے پیغام پہنچانے میں قاصر رہے (یعنی پیغمبری کا فرض ادا نہ کیا) اور خدا تم کو لوگوں سے بچائے رکھے گا۔

اور اللہ تعالیٰ نے یہ بھی ارشاد فرمایا:

سُنَّةَ اللّٰهِ فِى الَّذِيۡنَ خَلَوۡا مِنۡ قَبۡلُ وَكَانَ اَمۡرُ اللّٰهِ قَدَرًا مَّقۡدُوۡرَا ۞(سورۃ الاحزاب: آیت 38)

اۨلَّذِيۡنَ يُبَـلِّـغُوۡنَ رِسٰلٰتِ اللّٰهِ وَيَخۡشَوۡنَهٗ وَلَا يَخۡشَوۡنَ اَحَدًا اِلَّا اللّٰهَ وَكَفٰى بِاللّٰهِ حَسِيۡبًا‏ ۞(سورۃ الاحزاب: آیت 39)

ترجمہ: اور جو لوگ پہلے گزر چکے ہیں ان میں بھی خدا کا یہی دستور رہا ہے اور خدا کا حکم ٹھہر چکا ہے اور جو خدا کے پیغام (جوں کے توں) پہنچاتے اور اس سے ڈرتے ہیں اور خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے اور خدا ہی حساب کرنے کو کافی ہے۔( المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ: صفحہ 114، 119)

اللہ تعالی نے قرآن کریم میں فرمایا:

وَاَمۡرُهُمۡ شُوۡرٰى بَيۡنَهُمۡ الخ۔(سورۃ الشوریٰ: آیت 38)

(استاذنا المكرم حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود ؒاس موضوع پر ایک جگہ نہایت عمدہ تحریر فرماتے ہیں: عرب جنہوں نے آنحضرتﷺ سے پہلے کبھی کسی کی قیادت قبول نہ کی تھی اور نہ اسلام سے پہلے وہاں کوئی باقاعدہ نظامِ حکومت تھا، کسی ایسے نظامِ حکومت کا تصور بھی نہ کر سکتے تھے جو نسلی امتيازات پر مبنی ہو بلکہ وہ فطرتاً جمہوریت پسند تھے اور جمہوریت پسند تھے، ہر قبیلے کا اپنا اپنا سردار ہوتا تھا اور اسے کسی قسم کی نسلی مرکزیت کے ماتحت نہ سمجھا جاتا تھا جب وہ لوگ دولتِ اسلام سے بہرہ مند ہوئے تو آنحضرتﷺ نے ایک باقاعدہ نظامِ حکومت کے قیام کے باوجود عربوں کی اس فطری جمہوریت پسندی کو قائم رکھا، اللہ تعالیٰ نے آپ کو باوجودیکہ آپ نبی تھے مگر آئندہ کے لیے ایک اصول قائم کر دینے کے پیشِ نظر خالص دنیوی معاملات میں شوریٰ قائم کرنے کا حکم دیا، قرآن کہتا ہے:

وَاَمۡرُهُمۡ شُوۡرٰى بَيۡنَهُمۡ الخ۔(سورۃ الشوریٰ: آیت 38)

ترجمہ: آپ معاملات حکومت میں اپنے صحابہ سے مشورہ لیتے رہیں۔

آپ کے بعد دین مکمل اور شریعت محفوظ تھی اس لیے کسی قسم کے آسمانی منصب کی ضرورت باقی نہ رہی تھی، پس آپ ﷺکے بعد امیر کا انتخاب بھی شوریٰ پر مبنی قرار پایا، سلسلہ نبوت کے ختم ہو جانے کے باعث یہ منصب ایک خالص ارضی منصب رہ گیا تھا، امیر کی ضرورت صرف اسی لیے تھی کہ وہ سلطنتِ اسلامیہ کا انتظام کرے اس کی امارت میں سرحدیں محفوظ رہیں، عدالتیں قائم ہوں اور کمزور زبردست سے اپنا حق لے سکے، اللہ کی حدیں قائم کی جائیں اور بدمعاشوں کا ٹھکانہ رہے یہ نہیں کہ امر کو امارت کا ربانی حق حاصل ہو۔(خلفائے راشدینؓ: جلد 1 صفحہ 410)

ترجمہ: اور کام کرتے ہیں مشورہ سے آپس کے۔ (ترجمہ شیخ الہند)

صفحہ 2 از 3