حضورِ اکرمﷺ نے اشارہ دے دیا کہ کل کا فیصلہ تم کو خود کرنا ہے سو یاد رکھیں! مسلمانوں کا نظام قائم ہوتا ہے شوریٰ سے(اس پر مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمۃاللہ کی ایک مفید تحریر یہاں ہدیہ قارئین کی جاتی ہے: زمانہ قدیم میں نسلی موروثی حکومت اور نسل در نسل ایک خاندان کی روحانی و دینی پیشوائی کا رواج تھا اور جس وقت کہ اسلام آیا اور اس کا عروج شروع ہوا اس وقت دنیا ان دو موروثی و خاندانی سلطنتوں (دنیاوی و دینی) کے بوجھ سے دبی کچلی چلی آ رہی تھی، ایک دنیوی و انتظامی حکومت تھی جو مطلق العنان بادشاہوں کی ملکیت تھی اور باپ سے بیٹے کو منتقل ہوتی تھی یا خاندان کے کسی فرد سے اس کی وصیت کے بموجب دوسرے فرد کو، یا کسی قسمت آزما فرد کو اپنے زورِ بازو اور حسنِ تدبیر سے مل جاتی بلا کسی صلاحیت و استحقاق کے اور بلا اس لحاظ کے کہ ملک اور قوم کے لیے سازگار ہے یا نہیں، ملک کی تمام آمدنیاں ان بادشاہوں کی ملکیت ہوا کرتی تھیں، مال کے خزانے بھرنے، اعلیٰ ترین اور گرانقدر اشیاء اور تحائف کو اکٹھا کرنے اور عیش و آرام کے نت نئے طریقے ایجاد کرنے اور زندگی سے لطف اندوز ہونے اور زندگی کو باغ و بہار بنانے اور مال و عظمت کے مظاہر میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش میں لوگ افسانوی اور ناقابلِ یقین حد تک پہنچ گئے تھے۔(ملاحظہ ہو السیرَة النبویہ از مؤلف، صفحہ: 35، 36)
سوائے ان لوگوں کے جنہوں نے تاریخِ قدیم کا مطالعہ کیا ہے، دوسروں کے لیے اس کا تصور کرنا بھی مشکل ہے یہ شاہانِ وقت موروثی طور پر حکومت کے مالک ہوتے اور اپنے کو بنی نوع انسان سے بلند کوئی نوع تصور کرتے عوام یہ سمجھتے کہ ان کی رگوں میں مقدس اور الٰہی خون ہے۔
دوسری طرف عوام انتہائی ناداری تنگ حالی مشقت بے کاری اور مایوسی اور گریہ و زاری کی زندگی گزار رہے تھے جن کے قصے آج بھی دل کو ٹکڑے ٹکڑے کرتے ہیں اور آنکھیں آنسو بہاتی ہیں یہ مفلوک الحال عوام پیٹ کی آگ بجھانے اور ستر چھپانے کے لیے سخت ترین مشقتیں برداشت کرتے تھے نت نئے ٹیکس اور خراج کے بوجھ تلے سسک رہے تھے آہنی زنجیروں میں جکڑے ہوئے چکی کے دو پاٹ میں پس رہے تھے ان کی زندگی جانوروں سے ممتاز نہیں تھی تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو انسانی دنیا پر مسلمانوں کے عروج و زوال کا اثر از مؤلف فصل: عصر جاہلی میں سیاسی و مالی نظام دوسری سلطنت روحانی اور دینی قیادت کی شکل میں تھی یہ دینی سربراہی کا خاص نظام تھا جس میں سیادت ایک خاص خاندان اور خاندان کی معین شاخ کو حاصل ہوتی دینی رہنمائی اس کی جاگیر ہوتی اور اس کا وہ احترام کیا جاتا جو تقدیس کی حد تک پہنچ جاتا یہ دینی تقدس نسل در نسل باپ سے بیٹے کو اور ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہوتا اور یہ جاگیردار بھی اپنے اقتصادی منافع اور اپنی نفسانی اور شہوانی خواہشات کو پورا کرنے کی دھن میں لگا رہتا یہ خالق و مخلوق بندے اور خدا کے درمیان واسطہ بنا ہوا تھا، اکثر حلال کو حرام اور حرام کو حلال قرار دیتا اور آزادی کے ساتھ مذہبی قوانین بناتا اور ان کو نافذ کرتا، اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں اس صورتحال کا جو نقشہ کھینچا ہے اس سے زیادہ باریک بینی کے ساتھ کوئی بیان نہیں کر سکتا:
يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنَّ كَثِيۡرًا مِّنَ الۡاَحۡبَارِ وَالرُّهۡبَانِ لَيَاۡكُلُوۡنَ اَمۡوَالَ النَّاسِ بِالۡبَاطِلِ وَيَصُدُّوۡنَ عَنۡ سَبِيۡلِ اللّٰهِ الخ۔ (سورۃ توبہ: آیت 34)
ترجمہ: مومنو! (اہلِ کتاب کے) بہت سے عالم اور مشائخ لوگوں کا مال ناحق کھاتے ہیں اور (ان کو) راہِ خدا سے روکتے ہیں۔
عیسائیوں میں اس طبقہ کو اکلیروس اکلیروس کے معنیٰ (یونانی میں) حصہ یا ورثہ کے ہیں (Clergy) کہا جاتا تھا، لبنانی عیسائی دانشور اور محقق بطرس البستانی اس لفظ کی شرح میں لکھتے ہیں:
اس نام کا اطلاق عیسائیوں کے نزدیک دنیا کی خدمت گاروں پر ہوتا ہے ان کا یہ لقب اس مفہوم کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہ خدائی حصہ ہیں یا اس کی میراث جس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وحی میں سبط لاوی کو میراث رب کہا گیا ہے، قدیم مصری قوم اور عبرانیوں کے نزدیک ایک طبقہ عبادت ادا کرنے کے لیے مقرر تھا، مسیحی کلیسا میں ابتدائی سے کچھ نگراں ہوتے تھے جو اس کی پالیسیاں بناتے اگر کلیسا کو کچھ فراغت اور خوشحالی حاصل ہوتی تو ان پادریوں کی بن آتی یہ لوگ محض دینی خدمت گار اور روحانی مربی ہی نہیں تھے بلکہ اس وقت تمام علم و دانش کے محور بھی سمجھے جاتے تھے، رومی شہنشاہیت کے زمانہ میں یہ پادری عوام ٹیکس سے مستثنیٰ ہوتے تھے اور ان سے کوئی مطالبہ نہیں کر سکتا تھا کہ وہ عوامی بہبود کا کوئی کام کریں ان کو بھی ایک طرح کی حکومت حاصل تھی اپنے دائرہ کے اندر بھی اور دائرہ کے باہر عوام پر بھی۔
(دائرۃ المعارف للبستانی: جلد 4، صفحہ 146 طبع بيروت 1876ء)
یہی قدیم ایران (فارس) کا حال تھا دینی سیادت کی نمائندگی کی کوئی خاص قبیلہ کرتا تھا گزشتہ زمانوں میں میدیا قبیلے کو یہ سیادت ملی ہوئی تھی اور زردشت کے پیروکاروں کے زمانہ میں قبیلہ المغان کو یہ روحانی نفوذ حاصل تھا روحانی قبیلے کے لوگ زمین پر سایہ خداوندی سمجھے جاتے جو خدائی حکومت کے لیے پیدا کیے گئے ہیں اور ایسا حاكم صرف اسی قبیلہ میں پیدا ہو سکتا تھا اور وہ ذاتِ خداوندی میں مدغم سمجھا جاتا اور آتش خانے کی حفاظت اور رکھوالی اس گھرانہ کی میراث ہوتی ملاحظہ ہو کتاب ایران عہد ساسانیان از آر تھر کرسٹن سین، ہندوستان میں برہمنوں کی نوعیت اس طرح کی تھی مذہب اور تقدس کے یہ جاگیر دار تھے اور ہندی قانون کے بموجب انہیں ایک اعلیٰ مرکز اور بلند مرتبہ حاصل ہوتا جس میں ان کی برابری کوئی نہیں کر سکتا، برہمن کے متعلق یہ عقیدہ رہا ہے کہ وہ بخشا بخشایا ہوا ہے خواہ وہ اپنےگناہوں سے تینوں عالم کو تباہ کر ڈالے، محاصل سے وہ مستثنیٰ تھے اگر وہ کسی کو قتل کرتے تو کسی حال میں بھی ان سے بدلہ نہ لیا جاتا دینی رسوم و عبادات کی ادائے گی ان ہی کے ذریعہ ممکن تھی، تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو السیرۃ النبویہ: صفحہ 38 بحوالہ منوشاستر، اسلام نے موروثی جاگیر داری کے ان دونوں طریقوں کا خاتمہ کر دیا جنہوں نے انسانیت پر ظلم کے ایسے پہاڑ توڑے جن کے نمونے اور مثالیں روم، ایران اور ہندوستان کی تاریخوں میں دیکھی جا سکتی ہیں ملاحظہ ہو کتاب ایران عہد ساسانیان از آر تھر کرسٹن سین، اسلام نے خلیفہ کے منتخب کرنے کی ذمہ داری مسلمانوں اور اہلِ سنت اور اہلِ شوریٰ اور اہلِ علم و اخلاص کے سپرد کر دی اسی لیے رسول اللہﷺ نے اپنے بعد اپنے جانشین کے بارے میں نہیں بتایا کہ کون مسلمانوں کا خلیفہ اور سربراہ ہو گا اگر ایسا کرنا دینی فرائض میں داخل ہوتا اور اس کو صراحتاً کے ساتھ بتا دینا ضروری ہوتا تو آپﷺ نے اس حکم کی تنفیذ ضرور فرماتے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
يٰۤـاَيُّهَا الرَّسُوۡلُ بَلِّغۡ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَيۡكَ مِنۡ رَّبِّكَ وَاِنۡ لَّمۡ تَفۡعَلۡ فَمَا بَلَّغۡتَ رِسٰلَـتَهٗ وَاللّٰهُ يَعۡصِمُكَ مِنَ النَّاسِ الخ۔ (سورۃ المائدہ: آیت 67)
ترجمہ: اے پیغمبر! جو ارشادات خدا کی طرف سے تم پر نازل ہوئے ہیں سب لوگوں کو پہنچا دو اور اگر ایسا نہ کیا تو تم خدا کے پیغام پہنچانے میں قاصر رہے (یعنی پیغمبری کا فرض ادا نہ کیا) اور خدا تم کو لوگوں سے بچائے رکھے گا۔
اور اللہ تعالیٰ نے یہ بھی ارشاد فرمایا:
سُنَّةَ اللّٰهِ فِى الَّذِيۡنَ خَلَوۡا مِنۡ قَبۡلُ وَكَانَ اَمۡرُ اللّٰهِ قَدَرًا مَّقۡدُوۡرَا ۞(سورۃ الاحزاب: آیت 38)
اۨلَّذِيۡنَ يُبَـلِّـغُوۡنَ رِسٰلٰتِ اللّٰهِ وَيَخۡشَوۡنَهٗ وَلَا يَخۡشَوۡنَ اَحَدًا اِلَّا اللّٰهَ وَكَفٰى بِاللّٰهِ حَسِيۡبًا ۞(سورۃ الاحزاب: آیت 39)
ترجمہ: اور جو لوگ پہلے گزر چکے ہیں ان میں بھی خدا کا یہی دستور رہا ہے اور خدا کا حکم ٹھہر چکا ہے اور جو خدا کے پیغام (جوں کے توں) پہنچاتے اور اس سے ڈرتے ہیں اور خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے اور خدا ہی حساب کرنے کو کافی ہے۔( المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ: صفحہ 114، 119)
اللہ تعالی نے قرآن کریم میں فرمایا:
وَاَمۡرُهُمۡ شُوۡرٰى بَيۡنَهُمۡ الخ۔(سورۃ الشوریٰ: آیت 38)
(استاذنا المكرم حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود ؒاس موضوع پر ایک جگہ نہایت عمدہ تحریر فرماتے ہیں: عرب جنہوں نے آنحضرتﷺ سے پہلے کبھی کسی کی قیادت قبول نہ کی تھی اور نہ اسلام سے پہلے وہاں کوئی باقاعدہ نظامِ حکومت تھا، کسی ایسے نظامِ حکومت کا تصور بھی نہ کر سکتے تھے جو نسلی امتيازات پر مبنی ہو بلکہ وہ فطرتاً جمہوریت پسند تھے اور جمہوریت پسند تھے، ہر قبیلے کا اپنا اپنا سردار ہوتا تھا اور اسے کسی قسم کی نسلی مرکزیت کے ماتحت نہ سمجھا جاتا تھا جب وہ لوگ دولتِ اسلام سے بہرہ مند ہوئے تو آنحضرتﷺ نے ایک باقاعدہ نظامِ حکومت کے قیام کے باوجود عربوں کی اس فطری جمہوریت پسندی کو قائم رکھا، اللہ تعالیٰ نے آپ کو باوجودیکہ آپ نبی تھے مگر آئندہ کے لیے ایک اصول قائم کر دینے کے پیشِ نظر خالص دنیوی معاملات میں شوریٰ قائم کرنے کا حکم دیا، قرآن کہتا ہے:
وَاَمۡرُهُمۡ شُوۡرٰى بَيۡنَهُمۡ الخ۔(سورۃ الشوریٰ: آیت 38)
ترجمہ: آپ معاملات حکومت میں اپنے صحابہ سے مشورہ لیتے رہیں۔
آپ کے بعد دین مکمل اور شریعت محفوظ تھی اس لیے کسی قسم کے آسمانی منصب کی ضرورت باقی نہ رہی تھی، پس آپ ﷺکے بعد امیر کا انتخاب بھی شوریٰ پر مبنی قرار پایا، سلسلہ نبوت کے ختم ہو جانے کے باعث یہ منصب ایک خالص ارضی منصب رہ گیا تھا، امیر کی ضرورت صرف اسی لیے تھی کہ وہ سلطنتِ اسلامیہ کا انتظام کرے اس کی امارت میں سرحدیں محفوظ رہیں، عدالتیں قائم ہوں اور کمزور زبردست سے اپنا حق لے سکے، اللہ کی حدیں قائم کی جائیں اور بدمعاشوں کا ٹھکانہ رہے یہ نہیں کہ امر کو امارت کا ربانی حق حاصل ہو۔(خلفائے راشدینؓ: جلد 1 صفحہ 410)
ترجمہ: اور کام کرتے ہیں مشورہ سے آپس کے۔ (ترجمہ شیخ الہند)
کہ مسلمانوں کا نظامِ حکومت باہمی شوریٰ سے قائم ہوتا ہے، اس لیے تم (صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین و اہلِ بیتِ عظام) سیدنا ابو بکرؓ کو کہو کہ وہ نماز پڑھائے سو اس میں اشارہ کیا تھا؟ کہ کل وقت آ رہا ہے، اور تمہیں فیصلہ کرنا ہے، کہ کس کو آگے کریں؟ تو میں نے اپنی پسند بتا دی ہے، آگے کہنا تمہارا کام ہے نبی کریمﷺ کا خود نہ کہنے کی ایک اور وجہ کیا تھی؟ وہ یہ کہ جو حکمران ہوتا ہے، اس سے کہیں اختلاف بھی ہوتا ہے یا نہیں؟ جو بھی حکمران ہو اس سے کسی مسئلہ میں، کسی رائے میں اختلاف بھی ہو تو ہو سکتا ہے یا نہیں؟ قوموں کے کئی معرکے ہوتے ہیں، دوسرے ممالک کے ساتھ کئی روابط ہوتے ہیں، کبھی جنگیں پیش آتی ہیں، کہیں صلح کرنی ہوتی ہے، کہیں لڑائی کرنا ہوتی ہے، تو حکمرانوں کو کئی معاملات پیش آتے ہیں اور اس سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا اب جس کو حضورِ اکرمﷺ مقرر کر دیں کہ میں اس کو تمہارا حکمران مقرر کرتا ہوں تو کیا اس کے سامنے کوئی بول سکے گا؟ کیا خیال ہے؟ سب لوگوں کو پتہ ہو گا کہ اسے تو حضورِ اکرمﷺ نے بنایا ہے اور اگر کوئی اس پر اعتراض بھی کرے تو وہ بھی جواب میں کہہ سکتا ہے کہ مجھے تو حضورِ اکرمﷺ نے مقرر کیا ہے، تم کون ہوتے ہو انگلی اٹھانے والے؟ تو چونکہ رعایا کا یہ حق ہے، کہ سلطنت کے معاملات میں جو سمجھ آئے اس کے مطابق سوال اٹھائیں بھی اور جواب پائیں بھی، لہٰذا اگر خلیفہ حضورِ اکرمﷺ کا نامزد کردہ ہو تو اس کے ساتھ سوال و جواب نہیں ہو سکتے لیکن حضورِ اکرمﷺ کے ہاں نکتہ یہ تھا کہ میرے جو جانشین بنیں ان پر سوال بھی ہوں، اور وہ جواب دینے کے ذمے دار بھی ہوں۔
(اس پر حضرت امام اہلِ سنت مولانا عبد الشکور لکھنوی رحمۃاللہ کی ایک اصولی تحریر ملاحظہ فرمائیں: اہلِ سنت کہتے ہیں کہ معصوم ہونا، خاصہ انبیاءِ کرام علیہم السلام ہے آنحضرتﷺ کے بعد کسی کو آپ کا مثل اور معصوم و مفترض الطاعۃ ماننا شرک فی النبوت اور ختم نبوت کا انکار ہے امام معصوم مفترض الطاعۃ رسول خداﷺ ہیں آپ کے بعد کوئی معصوم، مفترض الطاعۃ نہ ہوا نہ ہو سکتا ہے، البتہ امام بمعنیٰ مطلق پیشوا اس امت میں بہت ہوئے اور ہیں اور جو ہوں گے جو نہ بارہ میں منحصر نہ بارہ کروڑ میں، ان کا شمار سوا خدا کے کوئی نہیں جان سکتا رسول خداﷺ کی تعلیم کوئی معمولی تعلیم نہ تھی اس تعلیم نے بے تعداد انسانوں کو کامل و مکمل بنا دیا، ہزاروں اس تعلیم کی بدولت منصبِ پیشوائی و رہنمائی پر فائز ہوئے اور ہوں گے۔
جس طرح نماز جماعت میں چاہے کتنی بڑی جماعت ہو امام ایک ہوتا ہے اور اگر صفیں مقتدیوں کی زیادہ ہوں تو ہر صف میں دو ایک مکبر مقرر کر دیئے جاتے ہیں کہ وہ تکبیر کہہ کر امام کے رکوع و سجود کی اطلاع پچھلی صفوں کو دیا کرتے ہیں بالکل یہی معاملہ یہاں بھی ہے جس طرح تمام جماعت کا امام حقیقتاً ایک ہے صفِ اول سے لے کر صفِ آخر تک ہر مقتدی نے اسی کے پیچھے نماز پڑھنے کی نیت ہے اسی کو اپنا امام بنایا ہے اسی طرح امتِ محمدیہ کے امام مفترض الطاعۃ جناب محمد رسول اللہﷺ ہیں سیدنا ابو بکر صدیقؓ سے لے کر قیامت تک ہر مسلمان آپﷺ ہی پر ایمان لاتا ہے آپﷺ ہی کو اپنا پیشوائے حقیقی مانتا ہے اور جس طرح جماعت نماز میں ان مکبروں کو بھی اس معنیٰ میں امام کہہ سکتے ہیں کہ پچھلی صفیں انہیں کی تکبیر کی تابع ہیں مگر وہ حقیقتاً امام نہیں کیونکہ وہ امام کے حالات کی نقل کرنے والے ہیں اپنی اطاعت کا حکم نہیں دیتے، اکابرینِ دین علمائے شرع متین اور خلفاء کو امام کہا جاتا ہے کیونکہ لوگ ان کی پیروی کرتے ہیں مگر وہ حقیقتاً امام نہیں کیونکہ وہ رسولِ خداﷺ کے احکام کے نقل کرنے والے ہیں، نہ اپنے احکام کے۔ (تفسیر آیاتِ خلافتِ و امامت: جلد 24، صفحہ 24، ایڈیشن: دسمبر 2014، لکھنؤ)
نیز اس اصول کی عملی تائید سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے اس خطبہ سے بھی ہوتی ہے جو آپ نے خلیفہ منتخب ہونے کے بعد ارشاد فرمایا تھا، جس میں آپ نے بڑے واضح الفاظ میں فرمایا کہ جب تک میں اللہ اور رسولﷺ کی اطاعت کرتا رہوں تم میری اطاعت کرتے رہنا اور جب میں ان کی نافرمانی کروں تو تم میری اطاعت نہ کرنا)