خلیفہ اول کا انتخاب شوریٰ سے - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

خلیفہ اول کا انتخاب شوریٰ سے

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 1 از 3

حضورِ اکرمﷺ نے اشارہ دے دیا کہ کل کا فیصلہ تم کو خود کرنا ہے سو یاد رکھیں! مسلمانوں کا نظام قائم ہوتا ہے شوریٰ سے(اس پر مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمۃاللہ کی ایک مفید تحریر یہاں ہدیہ قارئین کی جاتی ہے: زمانہ قدیم میں نسلی موروثی حکومت اور نسل در نسل ایک خاندان کی روحانی و دینی پیشوائی کا رواج تھا اور جس وقت کہ اسلام آیا اور اس کا عروج شروع ہوا اس وقت دنیا ان دو موروثی و خاندانی سلطنتوں (دنیاوی و دینی) کے بوجھ سے دبی کچلی چلی آ رہی تھی، ایک دنیوی و انتظامی حکومت تھی جو مطلق العنان بادشاہوں کی ملکیت تھی اور باپ سے بیٹے کو منتقل ہوتی تھی یا خاندان کے کسی فرد سے اس کی وصیت کے بموجب دوسرے فرد کو، یا کسی قسمت آزما فرد کو اپنے زورِ بازو اور حسنِ تدبیر سے مل جاتی بلا کسی صلاحیت و استحقاق کے اور بلا اس لحاظ کے کہ ملک اور قوم کے لیے سازگار ہے یا نہیں، ملک کی تمام آمدنیاں ان بادشاہوں کی ملکیت ہوا کرتی تھیں، مال کے خزانے بھرنے، اعلیٰ ترین اور گرانقدر اشیاء اور تحائف کو اکٹھا کرنے اور عیش و آرام کے نت نئے طریقے ایجاد کرنے اور زندگی سے لطف اندوز ہونے اور زندگی کو باغ و بہار بنانے اور مال و عظمت کے مظاہر میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش میں لوگ افسانوی اور ناقابلِ یقین حد تک پہنچ گئے تھے۔(ملاحظہ ہو السیرَة النبویہ از مؤلف، صفحہ: 35، 36) 

سوائے ان لوگوں کے جنہوں نے تاریخِ قدیم کا مطالعہ کیا ہے، دوسروں کے لیے اس کا تصور کرنا بھی مشکل ہے یہ شاہانِ وقت موروثی طور پر حکومت کے مالک ہوتے اور اپنے کو بنی نوع انسان سے بلند کوئی نوع تصور کرتے عوام یہ سمجھتے کہ ان کی رگوں میں مقدس اور الٰہی خون ہے۔

دوسری طرف عوام انتہائی ناداری تنگ حالی مشقت بے کاری اور مایوسی اور گریہ و زاری کی زندگی گزار رہے تھے جن کے قصے آج بھی دل کو ٹکڑے ٹکڑے کرتے ہیں اور آنکھیں آنسو بہاتی ہیں یہ مفلوک الحال عوام پیٹ کی آگ بجھانے اور ستر چھپانے کے لیے سخت ترین مشقتیں برداشت کرتے تھے نت نئے ٹیکس اور خراج کے بوجھ تلے سسک رہے تھے آہنی زنجیروں میں جکڑے ہوئے چکی کے دو پاٹ میں پس رہے تھے ان کی زندگی جانوروں سے ممتاز نہیں تھی تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو انسانی دنیا پر مسلمانوں کے عروج و زوال کا اثر از مؤلف فصل: عصر جاہلی میں سیاسی و مالی نظام دوسری سلطنت روحانی اور دینی قیادت کی شکل میں تھی یہ دینی سربراہی کا خاص نظام تھا جس میں سیادت ایک خاص خاندان اور خاندان کی معین شاخ کو حاصل ہوتی دینی رہنمائی اس کی جاگیر ہوتی اور اس کا وہ احترام کیا جاتا جو تقدیس کی حد تک پہنچ جاتا یہ دینی تقدس نسل در نسل باپ سے بیٹے کو اور ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہوتا اور یہ جاگیردار بھی اپنے اقتصادی منافع اور اپنی نفسانی اور شہوانی خواہشات کو پورا کرنے کی دھن میں لگا رہتا یہ خالق و مخلوق بندے اور خدا کے درمیان واسطہ بنا ہوا تھا، اکثر حلال کو حرام اور حرام کو حلال قرار دیتا اور آزادی کے ساتھ مذہبی قوانین بناتا اور ان کو نافذ کرتا، اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں اس صورتحال کا جو نقشہ کھینچا ہے اس سے زیادہ باریک بینی کے ساتھ کوئی بیان نہیں کر سکتا:

يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنَّ كَثِيۡرًا مِّنَ الۡاَحۡبَارِ وَالرُّهۡبَانِ لَيَاۡكُلُوۡنَ اَمۡوَالَ النَّاسِ بِالۡبَاطِلِ وَيَصُدُّوۡنَ عَنۡ سَبِيۡلِ اللّٰهِ‌ الخ۔ (سورۃ توبہ: آیت 34)

ترجمہ: مومنو! (اہلِ کتاب کے) بہت سے عالم اور مشائخ لوگوں کا مال ناحق کھاتے ہیں اور (ان کو) راہِ خدا سے روکتے ہیں۔

عیسائیوں میں اس طبقہ کو اکلیروس اکلیروس کے معنیٰ (یونانی میں) حصہ یا ورثہ کے ہیں (Clergy) کہا جاتا تھا، لبنانی عیسائی دانشور اور محقق بطرس البستانی اس لفظ کی شرح میں لکھتے ہیں:

اس نام کا اطلاق عیسائیوں کے نزدیک دنیا کی خدمت گاروں پر ہوتا ہے ان کا یہ لقب اس مفہوم کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہ خدائی حصہ ہیں یا اس کی میراث جس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وحی میں سبط لاوی کو میراث رب کہا گیا ہے، قدیم مصری قوم اور عبرانیوں کے نزدیک ایک طبقہ عبادت ادا کرنے کے لیے مقرر تھا، مسیحی کلیسا میں ابتدائی سے کچھ نگراں ہوتے تھے جو اس کی پالیسیاں بناتے اگر کلیسا کو کچھ فراغت اور خوشحالی حاصل ہوتی تو ان پادریوں کی بن آتی یہ لوگ محض دینی خدمت گار اور روحانی مربی ہی نہیں تھے بلکہ اس وقت تمام علم و دانش کے محور بھی سمجھے جاتے تھے، رومی شہنشاہیت کے زمانہ میں یہ پادری عوام ٹیکس سے مستثنیٰ ہوتے تھے اور ان سے کوئی مطالبہ نہیں کر سکتا تھا کہ وہ عوامی بہبود کا کوئی کام کریں ان کو بھی ایک طرح کی حکومت حاصل تھی اپنے دائرہ کے اندر بھی اور دائرہ کے باہر عوام پر بھی۔

(دائرۃ المعارف للبستانی: جلد 4، صفحہ 146 طبع بيروت 1876ء)

صفحہ 1 از 3