اب انصاف یہ ہے کہ دونوں کا مقام اپنا اپنا تسلیم کیا جائے یہ صرف اہلِ سنت والجماعت کا عقیدہ ہے کہ وہ سیدنا امیرِ معاویہؓ کو وہ پوری عظمت دیتے ہیں جو ایک صحابی رسول کی تھی، وہ حضورِ اکرمﷺ کے کاتبِ وحی تھے، حضورِ اکرمﷺ پر جب وحی اترتی تو حضورِ اکرمﷺ جن حضرات کو وحی لکھنے کا کہتے، ان کو کہتے ہیں کاتبین وحی، تو سیدنا امیرِ معاویہؓ کا یہ مقام ہے کہ وہ حضورِ اکرمﷺ کے کاتبین وحی میں سے تھے۔
(جب اسلام آیا تو اس وقت مکہ میں چند افراد تھے جو لکھنا پڑھنا جانتے تھے ان چند افراد میں ایک شخصیت سیدنا امیرِ معاویہؓ کی بھی تھی جب آپ فتحِ مکہ کے بعد مدینہ منورہ تشریف لائے تو نبی کریمﷺ نے آپ کو کتابتِ وحی اور اپنے خطوط تحریر کرنے کے ان دو اہم امور پر فائز کیا جو بلاشبہ سیدنا امیرِ معاویہؓ کے لیے بہت بڑے اعزاز اور نبی کریمﷺ کا ان پر کامل اور مکمل اعتماد کا ثبوت پیش کرتے ہیں حضرت علامہ صاحب ایک استفسار کے جواب میں فرماتے ہیں:
یہ صحیح نہیں کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ فتح مکہ کے بعد مکہ ہی رہے تھے، مدینہ نہ آئے تھے آپ کا مدینہ منورہ آنا اور حضورِ اکرمﷺ کے پاس ہمہ وقت رہنا اور کاتبِ وحی کی یہ خدمات سر انجام دینا ایک ناقابلِ انکار تاریخی حقیقت ہے اور سیدنا امیرِ معاویہؓ کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز۔ (عقبات: جلد 1 صفحہ 399)
محدثین کرام اور محققینِ اسلام کا اس پر اتفاق ہے کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ کاتبِ وحی تھے اور یہ صرف اہلِ سنت حضرات ہی نہیں بلکہ اہلِ تشیع حضرات کی کتب سے بھی سیدنا امیرِ معاویہ کے کاتبِ وحی ہونے کے حوالے ملتے ہیں یہاں ہم بطورِ نمونہ دو حوالہ جات پیش کیے دیتے ہیں:
شیعہ مؤرخ احمد بن ابی یعقوب عباسی (258 ہجری) لکھتے ہیں:
وكان كتابه الذين يكتبون الوحی والكتب والعهود علی بن ابی طالب وعثمان بن عفان وخالد بن سعيد ومعاوية بن ابي سفيان الخ۔
(تاريخ يعقوبی: جلد 2 صفحہ 80)
شیعہ مؤرخ محمد بن علی طباطبا (709 ہجری) لکھتے ہیں:
اسلم معاوية وكتب الوحی فی جملة من كتبه بين يدى الرسولﷺ(كتاب الفخرى: صفحہ 109)
لہٰذا ان شہادتوں کے بعد ان لوگوں کی اس غلط بیانی کی کوئی وقعت نہیں رہتی جو یہ کہتے ہیں کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ کاتب وحی نہ تھے اور اس سے ان لوگوں کے اس غلط موقف کی بھی تردید ہوتی ہے جو یہ کہتے ہیں کہ سیدنا امیرِ معاویہؓ صرف رسالتِ مآبﷺ کے مکتوب نگار تھے یا صرف منشی تھے نیز اس دوسرے طبقے کے لیے غور کرنے کا مقام ہے کہ ذرا سوچو! حضور خاتم النبیین و امام المرسلینﷺ کا منشی ہونا کیا کوئی کم اعزاز کی بات ہے؟ اور بالفرض اگر آپ صرف مکتوب نگار ہی تھے تو کیا رسالتِ مآبﷺ کے لیے مکتوب نگاری کرنا کیا کوئی کم اعزاز کی بات ہے؟ یہ عمل بھی تو سیدنا امیرِ معاویہؓ پر آپﷺ کا کامل اعتماد ثابت کر رہا ہے سو اہلِ سنت کا صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اہلِ بیت عظامؓ کے متعلق جو مسلک اعتدال ہے اسی میں خیر و عافیت مرکوز ہے اس موضوع پر مزید مطالعہ کے لیے حضرت مولانا محمد نافع رحمۃاللہ کی کتاب سیرت حضرت امیرِ معاویہؓ مولانا محمد اقبال رنگونی صاحب کا رسالہ تقاضاء ایمان در مناقب سیدنا معاویہ بن ابی سفیان اور مولانا محمد ظفر اقبال صاحب کی کتاب سیدنا معاویہ گمراہ کن غلط فہمیوں کا ازالہ کی مراجعت فرمائیں)