صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے متعلق قرآن کا فیصلہ -…

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے متعلق قرآن کا فیصلہ

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

میں ایک بات کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ قرآن کا فیصلہ کیا ہے؟ اگر تو ان کے دل اللہ نے جوڑے، اور قرآن نے تصدیق کی، پیغمبر کو بتا دیا کہ یہ جو آیا ہے اس کا دل اللہ نے روشن کر دیا ہے تو قرآن کے فیصلے کے مقابلے میں تاریخ کا کوئی وزن رکھتا ہے؟ کیا خیال ہے؟ (سامعين: نہیں) قیاس؟ نہیں حالات پر نظر کر کے اپنا قیاس دوڑانا اور کہنا کہ وہ مجبور ہو کر ماتحت ہوئے تھے اور انہوں نے کلمہ حضورِ اکرمﷺ کا اندر سے نہیں پڑھا تھا، اندر سے مسلمان نہیں ہوئے تھے، تو پھر اس کا نام کیا ہو گا؟ پھر اس کا نام ڈرامہ ہو گا حقیقت نہیں اب میں آپ حضرات سے یہ التماس کرتا ہوں کہ آؤ، ہم اللہ کی کتاب سے فیصلہ لیں، کہ اللہ کی کتاب کیا کہتی ہے دسواں پارہ سورہ انفال آیت نمبر 62 ذرا اس پر غور کریں اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں فرمایا، سنو!

اَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَاِنۡ يُّرِيۡدُوۡۤا اَنۡ يَّخۡدَعُوۡكَ فَاِنَّ حَسۡبَكَ اللّٰهُ‌ هُوَ الَّذِىۡۤ اَيَّدَكَ بِنَصۡرِهٖ وَبِالۡمُؤۡمِنِيۡنَ ۞(سورۃ الانفال: آیت 62)

وَاَلَّفَ بَيۡنَ قُلُوۡبِهِمۡ‌ لَوۡ اَنۡفَقۡتَ مَا فِى الۡاَرۡضِ جَمِيۡعًا مَّاۤ اَلَّفۡتَ بَيۡنَ قُلُوۡبِهِمۡ وَلٰـكِنَّ اللّٰهَ اَلَّفَ بَيۡنَهُمۡ‌ اِنَّهٗ عَزِيۡزٌ حَكِيۡمٌ ۞ (سورۃ الانفال: آیت 63)

يٰۤـاَيُّهَا النَّبِىُّ حَسۡبُكَ اللّٰهُ وَ مَنِ اتَّبَعَكَ مِنَ الۡمُؤۡمِنِيۡنَ ۞(سورۃ الانفال: آیت 64)

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں وَاِنۡ يُّرِيۡدُوۡۤا اگر یہ کافر لوگ ارادہ کریں اَنۡ يَّخۡدَعُوۡكَ کہ تجھے دھوکا دیں، یعنی اندر سے تو مسلمان نہ ہوں وَاِنۡ يُّرِيۡدُوۡۤا اگر یہ ارادہ کریں اَنۡ يَّخۡدَعُوۡكَ کہ تجھ کو دھوکا دیں، فریب کریں، تیرے ساتھ اندر سے نہ ہوں، تمہیں نہ مانیں، اوپر اوپر سے تیرے ساتھ چلتے رہیں، تیرے ساتھ ساتھ پھریں، فَاِنَّ حَسۡبَكَ اللّٰهُ‌ تو تجھے اللہ کافی ہے، اللہ تمہارے ساتھ ہے، اللہ تعالیٰ ان کے دھوکے کو کامیاب نہیں ہونے دے گا، اللہ تیرے ساتھ ہے اللہ فرماتے ہیں کہ تو میر اپیغمبر ہے، میں تیرے ساتھ ہوں، تیرے ساتھ یہ کتنا مکر و فریب کیوں نہ کریں اِنۡ يُّرِيۡدُوۡۤا اَنۡ يَّخۡدَعُوۡكَ اگر یہ ارادہ کر لیں کہ یہ تجھے دھوکا دیں فَاِنَّ حَسۡبَكَ اللّٰهُ‌ اللہ تجھے کافی ہے هُوَ الَّذِىۡۤ اَيَّدَكَ اللہ نے تجھے زور دیا تجھے اللہ نے قوت دی بِنَصۡرِهٖ اپنی مدد دے کر وَبِالۡمُؤۡمِنِيۡنَ اور اللہ تعالیٰ نے تیری مدد کی مومنین کو تیرے ساتھ لگا کر، اگر اس نبی کے ساتھ لگنے والے مومنین نہیں تو قرآن کیوں کہہ رہا ہے وَبِالۡمُؤۡمِنِيۡنَ مومنین کے ساتھ تیری مدد کی کاش کہ قم اور نجف اشرف کے مجتہدین اسے سمجھ پاتے۔امام اہلِ سنت حضرت مولانا عبد الشکور لکھنوی رحمۃاللہ اس آیت پر لکھتے ہیں:

فائدہ: ان دونوں آیتوں میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے متعلق وہ باتیں فرمائی ہیں کہ ان کے مان لینے کے بعد مذہبِ شیعہ قطعاً فنا ہو جاتا ہے۔

ایک مضمون ان دونوں آیتوں میں مشترک ہے اور ایک ایک غیر مشترک۔

مشترک مضمون یہ ہے کہ خداوندِ کریم نے خبر دی کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں قبل اسلام باہم ایسی سخت عداوت تھی کہ اس کا دور کر دینا انسانی طاقت سے بالاتر تھا حتیٰ کہ سید الانبیاءﷺ کی بابت فرمایا ہے کہ آپ بھی تمام دنیا کی دولت خرچ کر کے ان کی عداوت زائل نہ کر سکتے تھے خداوندِ کریم نے اپنی قدرتِ کاملہ سے اس عداوت کو دور کر کے ان میں باہم الفت پیدا کر دی کہ وہ بھائی بھائی ہو گئے ان کی اس باہم الفت کو خدا نے اپنی نعمت فرمایا اس مضمون سے دو نتیجہ برآمد ہوئے۔

اول یہ کہ قرآنِ شریف یہ بتاتا ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں باہم الفت و محبت تھی اور ایسی الفت و محبت جو خدا کی قدرت کاملہ کا ایک نمونہ تھی ان کی اس باہم محبت کو ایک اور آیت میں رُحَمَآءُ بَيۡنَهُمۡ کے لفظ سے تعبیر فرمایا اور ایک اور آیت میں اَذِلَّةٍ عَلَى الۡمُؤۡمِنِيۡنَ کے لفظ سے غرضیکہ جا بجا مختلف کلمات میں اس کو بیان فرمایا ہے مگر مذہب شیعہ یہ بیان کرتا ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی وہ دیرینہ عداوتیں بدستور قائم تھیں، بنی امیہ اور بنی ہاشم میں باہم وہی بغض و عناد اپنا کام کر رہا تھا۔ اور اسی بغض و عناد کی وجہ سے سیدنا علیؓ کو پہلی خلافت نہ مل سکی اور ان پر طرح طرح کے ظلم ہوۓ (نعوذ بالله من ذلك)

دوم: یہ کہ قرآنِ شریف یہ بتاتا ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین مخلصین کی ایک بڑی جماعت تھی مگر مذہبِ شیعہ کی تعلیم یہ ہے کہ صرف چار پانچ اشخاص مخلص تھے، باقی سب منافق تھے یہ تعلیم کھلا کھلا قرآنِ مجید کے خلاف ہے کیونکہ ان چار پانچ اشخاص میں نہ تو پہلے سے کوئی عداوت تھی نہ چار پانچ اشخاص میں الفت پیدا کر دینا کوئی ایسا بڑا کام ہے جس کو اس اہتمام سے بیان کیا جائے اور اس کو خدا کی قدرت کا کرشمہ کہا جائے۔ تینوں خلفاء کو مومنِ کامل اور خلیفہ بر حق نہ ماننے سے شیعوں کو یہ دو صریح مخالفتیں قرآن کی کرنی پڑیں لیکن وہ مخالفتِ قرآن کی کچھ پرواہ نہیں کرتے خَتَمَ اللّٰهُ عَلَىٰ قُلُوۡبِهِمۡ الخ۔(سورۃ البقرہ: آیت 7) 

کوئی شیعہ خدا کے لیے بتا دے کہ وہ کون لوگ تھے جن میں باہم عداوت تھی اور ایسی عداوت کے کسی طرح زائل نہ ہو سکتی تھی اور خدا نے ان کی عداوت کو دور کر کے ان کو بھائی بھائی بنا دیا یقیناً قیامت تک کوئی شیعہ اپنے مذہب کی رو سے اس کو نہیں بتا سکتا اگر شیعہ کہیں کہ رسولِ خداﷺ کے زمانہ میں بے شک ان کی عداوتیں زائل ہو گئی تھیں اور وہ باہم ایک دوسرے کے دوست بن گئے تھے لیکن آپ کی وفات کے بعد ان میں وہ عداوتیں پھر عود کر آئیں لہٰذا آیت کا مضمون سچا ہے اور مذہب شیعہ کی تعلیم اس کے خلاف نہیں ہے تو جواب اس کا یہ ہے کہ اول تو یہ بات مسلمات مذہبِ شیعہ کے خلاف ہے کیونکہ شیعہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو اول روز سے مومن نہیں مانتے، کہتے ہیں کہ منافقانہ ایمان لائے تھے۔ دوسرے یہ کہ جو نعمت اس قدر قلیل مدت کے لیے ان کو ملی تھی اور پھر ان سے لے لی گئی اس کا احسان رکھنا خداوندِ عالم الغیب کی شان سے بعید اور بہت بعید ہے۔

غیر مشترک مضمون یہ ہے کہ پہلی آیت میں ارشاد ہوا کہ اصحابِ نبی تم دوزخ کے گڑھے کے کنارے پر تھے خدا نے تم کو اس سے نجات دی اور دوسری آیت میں فرمایا کہ اے نبی آپ کی مدد کے لیے وہ مؤمنین کافی ہیں جو آپ کے پیرو ہو چکے ہیں ان دونوں مضمونوں کی تصدیق مذہبِ شیعہ کی تعلیم پر ناممکن ہے اس لیے کہ تینوں خلیفہ کے مومن اور خلیفہ بر حق نہ ہونے سے تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو باستثناء چار پانچ اشخاص کے منافع و مرتد ماننا پڑتا ہے لہٰذا دوزخ سے نجات یافتہ نہیں ہو سکتے یا عبارت دیگر خدا جس کے نجات یافتہ ہونے کی خبر دے وہ منافق وو مرتد نہیں ہو سکتا نیز جب کے تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین مرتد قرار دیے گئے منافق مانے گئے تو چار پانچ اشخاص آنحضرتﷺ کی مدد کے لیے کسی طرح کافی نہیں ہو سکتے اور حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ تنہا اگر مدد کے لیے کافی ہوتے تو آنحضرتﷺ کے بعد بے یارو مددگار ہونے کی وجہ سے سیدنا صدیقِ اکبرؓ کے ہاتھ پر بیعت کیوں کر لیتے الخ۔

(تفسیر آیاتِ خلافت وامامت: صفحہ 543، 544 ناشر: مکتبہ فاروقیہ لکھنؤ، دسمبر 2014)