سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ کا کلمہ پڑھنا دل سے تھا - ردِ…

سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ کا کلمہ پڑھنا دل سے تھا

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 2

پیش لفظ سیدنا ابو سفیانؓ اور ان کی اہلیہ، مولفہ حضرت مولانا محمد نافع ؒ صفحہ: 12، 13 حضرت علامہ صاحب ایک اور مقام پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں: حضورِ اکرمﷺ نے یہ جانتے ہوئے کہ سیدنا ابو سفیانؓ ہر معرکے میں مسلمانوں کے خلاف رہے ہیں ان حضرات کو کیوں آگے کیا ہم اس سوال کی جسارت نہیں کرسکتے، حضورِ اکرمﷺ کو ان کے اخلاص و ایمان پر پورا بھروسہ تھا تبھی تو وہ انہیں اپنے ابتداءِ اسلام میں ہی اسلام کے کاموں کے لیے آگے بڑھا رہے تھے کیا حضورِ اکرمﷺ نے سیدنا ابو سفیانؓ کو اسلام لاتے ہی نجران کا والی نہ بنا دیا تھا۔

(نسب قريش: صفحہ 122، عقبات: جلد 1، صفحہ 170)

سو سیدنا ابو سفیانؓ کو علاقہ نجران پر والی مقرر کرنے سے صاف صاف نبی کریمﷺ کا ان پر مکمل اعتماد ثابت ہوتا ہے اور مزید یہ کہ ان دو خاندانوں کی آپسی رنجش ختم ہونے کا اس سے بڑھ کر کیا ثبوت ہو سکتا ہے کہ جب ان ہر دو خاندان نے آپس میں رشتے داریاں قائم کی ہوں، آپس میں نکاح منعقد کیے ہوں یہ بات تو کسی اہلِ علم و دانش سے مخفی نہیں کہ ماسوائے اہلِ کتاب کے اسلام میں مومن مرد اور مومن عورت میں ہی نکاح منعقد ہو سکتا ہے جیسا کہ اللہ رب العزت ارشاد فرماتے ہیں:

وَلَا تَنۡكِحُوا الۡمُشۡرِكٰتِ حَتّٰى يُؤۡمِنَّ‌ وَلَاَمَةٌ مُّؤۡمِنَةٌ خَيۡرٌ مِّنۡ مُّشۡرِكَةٍ وَّلَوۡ اَعۡجَبَتۡكُمۡ‌ وَلَا تُنۡكِحُوا الۡمُشۡرِكِيۡنَ حَتّٰى يُؤۡمِنُوۡا وَلَعَبۡدٌ مُّؤۡمِنٌ خَيۡرٌ مِّنۡ مُّشۡرِكٍ وَّلَوۡ اَعۡجَبَكُمۡ اُولٰٓئِكَ يَدۡعُوۡنَ اِلَى النَّارِ وَاللّٰهُ يَدۡعُوۡٓا اِلَى الۡجَـنَّةِ وَالۡمَغۡفِرَةِ بِاِذۡنِهٖ‌ وَيُبَيِّنُ اٰيٰتِهٖ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمۡ يَتَذَكَّرُوۡنَ ۞(سورۃ البقرہ آیت 221)

يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِذَا جَآءَكُمُ الۡمُؤۡمِنٰتُ مُهٰجِرٰتٍ فَامۡتَحِنُوۡهُنَّ‌ اَللّٰهُ اَعۡلَمُ بِاِيۡمَانِهِنَّ‌ فَاِنۡ عَلِمۡتُمُوۡهُنَّ مُؤۡمِنٰتٍ فَلَا تَرۡجِعُوۡهُنَّ اِلَى الۡكُفَّارِ‌ لَا هُنَّ حِلٌّ لَّهُمۡ وَلَا هُمۡ يَحِلُّوۡنَ لَهُنَّ‌ الخ۔(سورۃ الممتحنہ: آیت 10)

ان دو خاندانوں کے آپس میں قائم کردہ رشتوں میں سے فی الوقت یہاں دو رشتوں کا بطورِ نمونہ کے ذکر کیا جاتا ہے۔

نبی کریمﷺ کی ازواجِ مطہراتؓ میں سے سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ عنہا، سیدنا ابو سفیانؓ کی بیٹی تھیں اور اس رشتے کی وجہ سے ہی سیدنا امیرِ معاویہؓ کو خال المومنین کہا جاتا ہے۔

خاندانِ نبویﷺ کے ساتھ حضرت ابو سفیانؓ کی دوسری رشتہ داری کچھ اس طرح تھی کہ میمونہ (بنتِ حضرت ابو سفیانؓ) کی دختر لیلیٰ (بنت ابی مرة بن عروة بن مسعود ثقفی) سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کی زوجیت میں تھیں (یعنی نبی کریمﷺ کے نواسے کے نکاح میں حضرت ابو سفیانؓ کی نواسی تھیں) جن کے بطن سے علی اکبرؓ پیدا ہوئے اور میدانِ کربلا میں جامِ شہادت نوش فرمایا۔

(حضرت ابو سفیانؓ اور ان کی اہلیہ: صفحہ 27)


صفحہ 2 از 2