سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ کا کلمہ پڑھنا دل سے تھا - ردِ…

سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ کا کلمہ پڑھنا دل سے تھا

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 1 از 2

سو ابو سفیانؓ کے دل میں ایمان کی روشنی اتر چکی تھی، کہ جب اس نے حضورِ اکرمﷺ کے ہاتھ میں ہاتھ دیا اور کلمہ پڑھا تو اس کے سابقہ گناہ بخشے گئے کیونکہ حضورِ اکرمﷺ فرماتے ہیں: الاسلام یہدم ما كان قبله(صحیح مسلم: جلد 1، کتاب الایمان) 

اسلام قبول کرنے سے ایمان لانے سے سابقہ گناہ ختم ہو جاتے ہیں پھر ابو سفیانؓ خود بھی اور ان کے بیٹے بھی بعد کی جنگوں میں اپنے آقا کے ہر دم ہر وقت ساتھ رہے اور پھر حضورِ اکرمﷺ نے بھی ابو سفیانؓ اور ان کے بیٹوں کو ذمہ داریاں دیں، تو کیا اس سے یہ واضح نہیں ہو تا کہ ابو سفیانؓ نے دل سے کلمہ پڑھا تھا؟ بالکل انہوں نے دل سے کلمہ پڑھا تھا اب اس پر جو لوگ یہ خیال رکھتے ہیں کہ جی بنو امیہ میں اور بنو ہاشم میں پرانی دشمنی تھی، وہ حضورِ اکرمﷺ کے مقابلے میں، یہ سیدنا علیؓ کے مقابلے میں، پھر اس کا بیٹا سیدنا حسینؓ کے مقابلے میں تو یہ سطحی طور پر بات کو سوچا جاتا ہے، یہ لوگ اپنے قیاس سے کام لیتے ہیں قرآن سے نہیں اسلام کی برکت سے اب یہ دونوں خاندان ایک ہو گئے تھے۔

(اللہ جل شانہ نے اسلام کی برکت سے ان خاندانوں کی آپسی رنجش کو بالکل ختم کر دیا تھا اور سیدنا ابو سفیانؓ سمیت آپ کا پورا گھرانہ قبولِ اسلام کے بعد دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی طرح اپنے آقا و مولا کی وفاداری اور جانثاری میں کسی سے پیچھے نہ رہا تھا قبولِ اسلام کے بعد پیش آنے والے غزوات میں آپ نے اپنے بیٹوں سمیت ان مہمات میں بھر پور شرکت کی آپ دین اسلام کی خدمت کے لیے نبی کریمﷺ کے حکم کے منتظر رہتے اور آپ کے ہر ایک ارشاد کردہ حکم کو بڑی بخوبی سے سر انجام دیتے تھے اور نبی کریمﷺ بھی سیدنا ابو سفیانؓ اور آپ کے بیٹوں پر مکمل اعتماد فرماتے تھے جس کا واضح ثبوت انہیں مختلف ذمہ داریاں سونپنا اور دیگر مناصب ان کے سپرد کرنا ہے۔ حضرت الاستاذ ڈاکٹر علامہ خالد محمود ؒ فرماتے ہیں:

آنحضرتﷺ نے فتح مکہ کے بعد طلقاءِ کرام کو بھی بڑے بڑے عہدے دیئے عتاب بن اسیدؓ کو مکہ کا والی بنایا عثمان بن طلحہؓ کو کعبہ کا کلید بردار رہنے دیا سیدنا ابوسفیان بن حربؓ کو نجران کا عامل بنایا ان کے بیٹے یزید بن ابی سفیانؓ کو علاقہ تیماء کا والی بنایا سیدنا امیرِ معاویہؓ کو کتابتِ وحی کی ذمہ داری سونپی یہ صورتِ حال پتہ دیتی ہے کہ آپﷺ کو یہ معلوم تھا کہ یہ لوگ استسلام (اوپر سے ماتحتی قبول کر کے) سے مسلمانوں میں نہیں آئے اسلام میں داخل ہو کر جھکے ہیں آپ کو قرآنِ کریم کی اس خبر پر کہ فتح مکہ کے دن لوگ اسلام میں داخل ہوں گے پورا پورا یقین تھا قرآنِ کریم کی بشارت ہر وقت آپ کے سامنے تھی۔

يَدۡخُلُوۡنَ فِىۡ دِيۡنِ اللّٰهِ اَفۡوَاجًا ۞(سورۃ النصر: آیت 2)

ترجمہ: لوگ فتح مکہ پر فوج در فوج اللہ کے دین میں داخل ہوں گے۔(عقبات: جلد اول صفحہ 400)

حضرت علامہ صاحب ایک اور مقام پر سیرت نبویﷺ کے ایک منفرد پہلو سے اس موضوع پر اس طرح روشنی ڈالتے ہیں۔

’آنحضرتﷺ جہاں الٰہی امانت کے امین اور آسمانی رشد و عصمت کے در ثمین تھے وہاں حیاتِ انسانی کے نہایت بلند پایہ جوہر شناس اور انسانی قدروں کو پہچاننے اور ان کے اثرات کو بھانپنے میں نہایت عمیق النظر اور حساس تھے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عظیم جماعت کے ہوتے ہوئے بھی آپ کی نگاہیں احد العمرین (حضرت عمر بن الخطاب یا عمرو بن ہشام) کی منتظر تھیں آخر کیوں؟ نظرِ رسالت کی باریک بینی کہیے یا اسے رب العزت کی حکمتِ تکوینی سے تعبیر کیجیے کہ جذبِ محمدی نے ان جواہر گراں مایہ کو ایک ایک کر کے کھینچا اور جو لوگ اپنی جاہلیت میں بڑے سمجھے گئے تھے ان کی انسانی قدروں نے جب اسلام کی جل پائی تو اسلامی معاشرے نے بھی عزت کا تاج انہی کے سروں پر رکھا آنحضرتﷺ کی اس مردم شناسی کا اشارہ اس حدیث میں بھی ملتا ہے:

عن ابی هریره قال قال رسول اللهﷺ الناس معادن كمعادن الذهب والفضة خيارهم في الجاهلية خيارهم في الاسلام اذا فقهوا۔

(رواه مسلم، مشکوٰۃ المصابیح: صفحہ 32، 1889ء)

آنحضرتﷺ کی عربوں کے قومی مزاج، ان کے روایتی مفاخر، ان کے جوہر مناصب اور عالمی عائلی اثرات پر گہری نظر تھی آپ کے مختلف نکاحوں نے جس طرح مختلف خاندانوں کو ایک امت میں جوڑ دیا، تاریخِ نفسیات اسے خراجِ تحسین ادا کیے بغیر نہیں رہ سکی سیدنا خالد بن ولیدؓ جیسے عظیم جنرل اسلام میں اسی دروازے سے داخل ہوئے تھے آنحضرتﷺ خوب جانتے تھے کہ کون کون سا فرد کس کس کام میں کس کس درجے تک کامیاب رہ سکتا ہے اسی جوہر شناسی کا اثر تھا کہ آپﷺ نے تقسیم مناصب اور امت کو ذمہ داریاں سپرد کرنے میں قدیم الاسلام اور حدیث الاسلام کا فیصلہ کہیں دخیل نہ ہونے دیا یہ تو بتایا کہ اللہ کے ہاں جو فضیلت پہلوں کو ہے وہ پچھلوں کو نہیں: 

لَا يَسۡتَوِىۡ مِنۡكُمۡ مَّنۡ اَنۡفَقَ مِنۡ قَبۡلِ الۡفَتۡحِ وَقَاتَلَ‌ اُولٰٓئِكَ اَعۡظَمُ دَرَجَةً مِّنَ الَّذِيۡنَ اَنۡفَقُوۡا مِنۡۢ بَعۡدُ وَقَاتَلُوۡا‌ الخ۔ (سورۃ الحديد: آیت 10) 

لیکن نظمِ امور میں نظرِ ذاتی جوہر اور فطری استعداد پر رکھی اور آپ نے اس کے مطابق سلطنت اسلامی کا ربط انتظامی کیا جو کل اسلام لائے انہیں آج بڑی بڑی ذمہ داریاں سونپ دیں اور اس میں قطعاً اور عملاً کوئی بات قابلِ اعتراض نہ تھی بیشتر اشراف مکہ بالکل آخری دور میں دائرہ اسلام میں داخل ہوئے تھے لیکن حضورِ اکرمﷺ ان میں سے ایک ایک کو اس کی سوچ اور محنت کی استعداد سے پہچانتے تھے قدیم الاسلام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بھی ان تمام تقاضوں کو جانتے تھے اور انہوں نے اس پہلو سے سیرتِ نبوی پر کبھی انگلی نہیں اٹھائی تھی سب سراپا تھے تقسیمِ غنائم میں حضورِ اکرمﷺ کی ان پر فرداً فرداً نظر ہوتی اور اس کے مطابق اس میں کمی بیشی فرماتے تھے سوائے منافقین کے کوئی اس کو غیر مساوی تقسیم اور غیر عادلانہ نظام نہ کہہ سکتا تھا۔ 

صفحہ 1 از 2