تو بات دراصل یہ ہے کہ حضورِ اکرمﷺ اپنے اس مشن میں حقیقی طور پر کامیاب ہوئے آپ دنیا سے کامیاب ہو کر گئے یا (معاذ اللہ) ناکام گئے؟ اگر کہا جائے کہ وہ چنگاریاں پھر اڑ پڑیں اور وہ آگ جو حضورِ اکرمﷺ نے بجھائی تھی وہ پھر بھڑک اٹھی تو آپ خود غور کریں کہ اس کا داغ پھر کس پر آتا ہے؟ داغ آتا ہے رسالت پر کہ آپﷺ کی رسالت اپنے مشن میں کامیاب نہ رہی (معاذ اللہ) کہ جونہی پیغمبر کی دنیا سے وفات ہوئی امت ساری باغی ہو گئی (ثم معاذ اللہ) اور جو حضورِ اکرمﷺ کی جانشینی تھی اس کے بارے میں جب یہ تصور دیا جائے کہ جانشینی تھی سیدنا علی المرتضیٰؓ کی لیکن قوم نے بات چلنے نہیں دی (تو واقعات کیا ہیں، کیا نہیں اس وقت میں اس پر تبصرہ نہیں کرتا کیوں کہ ان حالات میں خاص طور پر اس ملک میں ان معاملات کی تفصیل میں نہیں جانا)
لیکن آپ خود سوچیں کہ اگر حضورِ اکرمﷺ جنہوں نے ہر طرح کی قربانیاں بھی کیں، جنگیں بھی لڑیں، وطن کو بھی چھوڑا اور پھر اللہ تعالیٰ نے ان کو بدر میں بھی فتح عطاء فرمائی، دوسری جنگوں میں بھی فتح عطاء فرمائی تو کیا وفات کے وقت وہ اپنی ساری محنت میں ناکام ہو گئے؟ معاذ اللہ ثم معاذ اللہ کیا آپ کا دل و دماغ اس بات کو تسلیم کرتا ہے؟ کہ حضورِ اکرمﷺ دنیا سے ناکام ہو کر گئے؟ اگر حضورِ اکرمﷺ کا مشن یہ تھا کہ میرے بعد نظام اس طرح چلے اور لوگوں نے معاذ اللہ اسے چلنے نہ دیا تو پھر غالب کون آیا؟ یہ شجرہ عداوت والے یا اللہ سے اِذَا جَآءَ نَصۡرُ اللّٰهِ وَالۡفَتۡحُ ۞(سورۃ النصر: آیت 1)کی بشارت پانے والے؟
(قرآنِ کریم اللہ رب العزت کی طرف سے حضور نبی کریمﷺ پر نازل کردہ، وہ لَا رَيْبَ کتاب ہے جس سے علم و عمل کے لاتعداد سوتے پھوٹتے ہیں جس سے بنی نوع انسان کو دنیا میں رہنے کا ایک کامل ضابطہ حیات اور ایک مکمل لائحہ عمل ملتا ہے۔ قرآنِ کریم کی رو سے حضور خاتم النبیینﷺ کی رسالت ایک کامیاب رسالت کے طور پر پیش کی گئی ہے قرآن کریم کی کئی آیات اس پر شاہد ہیں کہ حضور خاتم النبیینﷺ اپنے مشن میں کامیاب ہو کر اس دنیا سے رخصت ہوئے۔
حضرت علامہ صاحب اطال اللہ حیاتہ اپنے اس بیان میں قرآنِ کریم کی آخری سورۃ 110 النصر کی طرف اشارہ فرما رہے ہیں:
اِذَا جَآءَ نَصۡرُ اللّٰهِ وَالۡفَتۡحُ ۞وَرَاَيۡتَ النَّاسَ يَدۡخُلُوۡنَ فِىۡ دِيۡنِ اللّٰهِ اَفۡوَاجًا ۞فَسَبِّحۡ بِحَمۡدِ رَبِّكَ وَاسۡتَغۡفِرۡهُ اِنَّهٗ كَانَ تَوَّابًا ۞(سورۃ النصر: آیت 1 تا 3)
ترجمہ: جب اللہ کی مدد اور فتح آجائے اور تم لوگوں کو دیکھو کہ فوج در فوج اللہ کے دین میں داخل ہو رہے ہیں، تو اپنے پروردگار کی حمد کے ساتھ اس کی تسبیح کرو اور اس سے مغفرت مانگو یقین جانو وہ بہت معاف کرنے والا ہے۔
اس پر امام اہلِ سنت حضرت مولانا عبد الشکور لکھنؤی رحمۃاللہ لکھتے ہیں اس سورۃ میں حق تعالیٰ نے اپنے دو انعام ذکر فرمائے ہیں اول فتح مکہ دوم لوگوں کا بکثرت دینِ الٰہی میں داخل ہونا پھر انعامات پر شکر ادا کرنے کا حکم دیا ہے ظاہر ہے کہ مذہبِ شیعہ کی بناء پر کسی طرح یہ آیت صادق نہیں ہو سکتی کیونکہ آیت بتا رہی ہے کہ فوجوں کی فوجیں دینِ الٰہی میں داخل ہوئیں اور مذہب شیعہ یہ تعلیم دیتا ہے کہ صرف معدودے چند صدق دل سے مسلمان ہوئے تھے باقی سب منافقانہ طور پر اظہار اسلام کرتے تھے اور بعد آنحضرتﷺ کے مرتد ہو گئے (معاذ اللہ منہ) بھلا کوئی کہہ سکتا ہے کہ معدودے چند لوگوں کو افواج کے لفظ سے تعبیر کیا جا سکتا ہے یا منافقانہ طور پر اظہار اسلام کرنے کو دینِ الٰہی میں داخل ہونا کہا جا سکتا ہے اور پھر یہ منافقانہ اسلام اور وہ بھی چند روز کے لیے انعامِ الٰہی میں شمار ہو سکتا ہے حاشا ثم حاشا۔
محقق العصر حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒفرماتے ہیں اس کا نام ہی سورۃ النصر ہے اور یہ خدا کی طرف سے حضورِ اکرمﷺ کی رسالت کی آسمانی نصرت کا اظہار ہے۔ کیا یہ حضورِ اکرمﷺ کے اپنے مشن میں کامیابی پر مہر نہیں ہے؟ اس سے پہلے پارہ 26 میں بھی حضورِ اکرمﷺ کو فتح مبین کی خبر دی گئی قرآنِ کریم کے ان دو حوالوں کی روشنی میں اثناءِ عشریوں کی یہ بات کیسے تسلیم کی جا سکتی ہے کہ حضورِ اکرمﷺ اپنے مشن میں (معاذاللہ) ناکام رہے سورۃ النصر میں آپﷺ سے جو الٰہی نصرت کا وعدہ کیا گیا یہ وہ نصرت نہیں جو آخرت میں ہو بلکہ اس میں فوجی نصرت کا بیان ہے۔
يَدۡخُلُوۡنَ فِىۡ دِيۡنِ اللّٰهِ اَفۡوَاجًا ۞(سورۃ النصر: آیت 2)
اور حضورِ اکرمﷺ کو صاف لفظوں میں کہہ دیا گیا کہ اپنی اس کامیابی کو آپ انہی آنکھوں سے دیکھیں گے وَرَاَيۡتَ النَّاسَ يَدۡخُلُوۡنَ فِىۡ دِيۡنِ اللّٰهِ اَفۡوَاجًا ۞(سورۃ النصر: آیت 2)
اور تو دیکھے گا لوگوں کو داخل ہوتے دین میں فوج در فوج جب آپ کی رسالت اپنے اس نقطہ کامیابی پر پہنچے پھر آپ بیشک تسبیحات میں لگیں، اسباب کی دنیا میں آپ اپنے تمام معرکوں میں پورے کامیاب ہو چکے لیکن روافض کا عقیدہ کے آپﷺ اپنے مشن میں (معاذاللہ) نا کام رہے یہ عقیدہ قطعاً صحیح نہیں۔ (تجلیات آفتاب: جلد 2 صفحہ 411)
سو قرآنِ کریم مسلمانوں کو یہ عقیدہ اور درس دیتا ہے کہ رسالتِ مآبﷺ کو جو ذمہ داری دے کر بھیجا گیا تھا آپ اسے پورا کرنے میں پوری طرح کامیاب رہے آپ نے جماعت صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو قرآنِ کریم پڑھ کر سنایا، انہیں کتاب و سنت کی تعلیم دی، اور تزکیہ کی محنت سے ایک بے مثال جماعت تیار کی جس کی نظیر نہ کہیں ان سے پہلے ملتی ہے اور نہ کہیں ان سے بعد۔ مگر ناقدینِ صحابہ کرام جو واقعات اپنی ایک خاص منطق کے ذریعے عوام الناس میں بیان کرتے ہیں ان سے وہ رسالت مآبﷺ کو صاف صاف اپنے مشن میں ناکام رہنے کا تاثر دیتے ہیں ان واقعات میں سے چند ایک کو یہاں حضرت علامہ صاحب کی ایک کتاب سے نقل کیا جاتا ہے:
حضورِ اکرمﷺ اپنے آخری دورِ علالت میں اپنے چچا حضرت ابنِ عباسؓ بن عبد المطلب کو اپنی مسجد میں امام بنانا چاہتے تھے مگر ام المومنین حضرت عائشہؓ نے آپ کی بات چلنے نہ دی اور اپنے باپ کو مسجد نبوی میں امام کھڑا کر دیا۔
آپ نے اپنے بستر علالت پر وصیت لکھانے کے لیے کاغذ اور قلم مانگا مگر آپﷺ کی سوسائٹی پر سیدنا عمرؓ کا اتنا رعب تھا کہ آپ کو کاغذ اور قلم نہ دیا گیا اور حضورِ اکرمﷺ نے بھی اس کے بعد باوجودیکہ کئی دن اپنے بستر پر رہے پھر کاغذ اور قلم کا کوئی سوال نہ کیا۔
جب آپﷺ کی وفات ہوئی تو آپﷺ کے جسدِ اطہر کو آپ کے خاندان کے سپرد کر کے انصارِ صحابہ خلافت قائم کرنے لگ گئے (معاذ اللہ) آپﷺ کے جنازہ تک کی پروا نہ کی گئی استغفر اللّٰہ العظیم
آپﷺ کی بیٹی سیدہ فاطمہؓ کے گھر جو لوگ بھی تعزیت کے لیے جمع ہوتے رہے تھے انہیں وہاں آنے سے سختی سے روک دیا گیا اور سیدنا عمرؓ نے انہیں آگ لگانے تک کی دھمکی دی استغفر اللّٰہ العظیم۔
پھر سیدہ فاطمہؓ جب خلیفہ اول سے اپنے والد کی میراث لینے گئیں تو انہیں فدک کی زمین نہ دی گئی۔
قرآنِ کریم میں حضورِ اکرمﷺ کو اپنے مشن میں چار ذمہ داریاں دی گئی تھیں ان میں ایک ذمہ دار یہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے دلوں پر تزکیہ کی محنت تھی شیعہ نادان سمجھتے ہیں کہ آپﷺ اپنے دن رات ملنے والے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا تزکیہ بھی نہ کر پائے انہیں قرآن پہنچانے کی ذمہ داری بھی صحیح ادانہ کی جو قرآن جمع کیا گیا وہ سیدنا علیؓ کے جمع کردہ قرآن سے مختلف ہے تو امت تک صحیح قرآن نہ پہنچا کیا یہ عام امت کی اصل قرآن سے محرومی نہیں؟ یہ (معاذاللہ) حضورِ اکرمﷺ کی اپنے مشن میں ناکامی بھی جائی گی کہ آپ وہ کام نہ کر پائے جو آپ کے مقاصد بعثت تھے۔ (تجلیات آفتاب: جلد 2 صفحہ 410)
شیعہ ذاکر اور علماء تو ان واقعات میں دبے الفاظ میں ناکامی کا تاثر دیتے ہیں مگر ان کے امام خمینی تو صاف الفاظ میں یہ کہتے ہیں:
جو نبی بھی آئے وہ انصاف کے نفاذ کے لیے آئے ان کا مقصد بھی یہی تھا کہ تمام دنیا میں انصاف کا نفاذ کریں لیکن وہ کامیاب نہ ہوئے یہاں تک کہ ختم المرسلینﷺ جو انسان کی اصلاح کے لیے آئے تھے اور انصاف کا نفاذ کرنے کے لیے آئے تھے انسان کی تربیت کے لیے آئے تھے لیکن وہ اپنے زمانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔(اتحاد و یک جہتی: صفحہ 15)
دلائل کے ساتھ خمینی کے اس غلط عقیدہ کی تردید اگلے حاشیے میں ملاحظہ فرمائیں)