الحمدلله و سلام علی عبادہ الذین اصطفیٰ خصوصا علی سید الرسل وخاتم الانبیاء و علی آلہ الاتقیاء واصحابہ الاصفیاء اما بعد!
فَاَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
وَلَـنَبۡلُوَنَّكُمۡ بِشَىۡءٍ مِّنَ الۡخَـوۡفِ وَالۡجُـوۡعِ وَنَقۡصٍ مِّنَ الۡاَمۡوَالِ وَالۡاَنۡفُسِ وَالثَّمَرٰتِ وَبَشِّرِ الصّٰبِرِيۡنَ ۞(سورۃ البقرہ: آیت 154)
الَّذِيۡنَ اِذَآ اَصَابَتۡهُمۡ مُّصِيۡبَةٌ قَالُوۡٓا اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّـآ اِلَيۡهِ رٰجِعُوۡنَ ۞(سورۃ البقرہ: آیت 156)
صدق الله مولانا العظيم۔
اللہ تبارک و تعالیٰ نے نبی پاکﷺ کو ایک ایسے ملک میں مبعوث فرمایا، ایک ایسے ملک سے اٹھایا، ایک ایسے ملک میں بھیجا، جس میں قبیلے آپس میں ہمیشہ لڑتے ہی رہتے تھے، عرب میں خاندانوں کے اتنے امتیازات تھے کہ ان میں کبھی کوئی حکومت قائم ہی نہ ہو سکی اور ملکوں میں جیسے مصر، ایران، شام، یمن اور کئی دیگر ممالک ہیں تو وہاں ان میں اس وقت بادشاہتیں تھیں، اس لیے وہاں کوئی نظام حکومت تھا، لیکن خاص خطہ عرب میں جس میں حضورِ اکرمﷺ کو اللہ تعالیٰ نے بھیجا، اس میں کوئی نظام حکومت نہیں تھا، یہ سارے کہیں یکجا نہیں تھے، قبائل کی جنگیں اتنی دیرینہ اور لمبی ہوتیں کہ پچھلے بزرگ اپنی اگلی نسلوں کو وصیت کر کے جاتے کہ فلاں فلاں سے لڑتے ہی رہنا۔ تو اللہ تبارک و تعالیٰ نے نبی پاکﷺ کو ایسے ملک میں بھیج کر، وہ ساری جو جنگیں تھیں اور سارے جو اختلافات تھے اور قبائل میں جتنا بھی کھچاؤ تھا، سب کو ٹھنڈا کر دیا، ختم کر دیا اور وہ قوم ایک ہو گئی جو ایک ہونے والے ہی نہ تھے۔