ماتم اور اجتماعی جلوس - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

ماتم اور اجتماعی جلوس

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

قرآن پاک میں اجتماعی طور پر ماتم کرنا اجتماعی طور پر اس کے لیے جلوس نکالنا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اس لیے ہم اس پر اتفاق کرتے ہیں کہ اسلام میں اجتماعی ماتمی جلوس کی کوئی ہدایت نہیں ملی قرآنِ کریم میں اجتماعی طور پر سوائے اس کے کہ حضرت یوسف علیہ السلام کے بھائی جب حضرت یوسف علیہ السلام کو کنویں میں اتار کر اپنے والد کے پاس گئے تو انہوں نے بے شک ایک اجتماعی جلوس نکالا، قرآن میں ہے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَجَآءُوۡۤ اَبَاهُمۡ عِشَآءً يَّبۡكُوۡنَ ۞(سورۃ یوسف: آیت 16)

ترجمہ: کہ حضرت یوسف کے بھائی (جو تھے) وہ (ایک اجتماعی شکل میں) اپنے باپ کے پاس آئے روتے ہوئے ہائے یوسف ہائے یوسف کہتے ہوئے۔

اس سے معلوم ہوا کہ اجتماعی رونا اور جلوس نکالنا قرآن و سنت میں کہیں اس کا ذکر نہیں ہے، حضرت یوسف علیہ السلام کے بھائیوں کا ذکر جو قرآن نے کیا گیا تھا مقام محمود نہیں تھا بلکہ وہ ایک فرضی اور اپنے جھوٹ کو چھپانے کی غرض سے کیا گیا تھا جس کی دلیل یہ ہے کہ جب خواب کی تعبیر مکمل ہوئی تو انہوں نے اپنے اس عمل پر اظہار شرمندگی کیا اور معافی مانگی حضرت یوسف علیہ السلام سے، تو اس ایک منظر کے سوا اور کوئی ذکر نہیں ملتا۔

(استاذنا المکرم حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒ ایک مقام پر ایک استفسار کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں: رہا یہ عذر کہ انہوں نے حضرت یوسف علیہ السلام کو موت کے کنویں میں اتارنے کا جو جرم کیا اسے اللہ تعالیٰ نے ان کے ماتمی جلوس نکالنے کے سبب معاف کر دیا یہ لائق پذیرائی نہیں قرآنِ کریم میں جہاں اس جلوس عزاداری کا ذکر ہے وہاں یہ بھی ذکر ہے کہ حضرت یعقوب علیہ السلام نے اسے ہرگز پسند نہ کیا تھا۔ وہ اس ہیئت سے ہی سمجھ گئے کہ خود کوئی کارروائی کر کے آئے ہیں اور اب اپنے جرم کو چھپانے کے لیے انہوں نے یہ ادا اختیار کی ہے اہلِ سنت کے ہاں بردران یوسف کے اس اجتماعی ماتم میں کوئی پہلو لائق ستائش اور محل سعادت نہیں واللہ اعلم۔(عبقات: جلد 1 صفحہ 66)

نیز غور کرنے کی ضرورت ہے کہ سیدنا حسینؓ تک نہ تو کسی کا خون پہنچتا ہے اور نہ ہی غم بلکہ اصل کرنے کا کام تو یہ ہے کہ ان کے اس قابلِ فخر کردار اور قابلِ تقلید حیات سے سبق حاصل کیا جائے اور اس اسوہ کو اپنا کر اپنے مولا کو راضی کیا جائے۔ تاہم اجتماعی رونے، ماتم کرنے اور پھر جلوس نکالنے کی شرعی حیثیت جاننے کے لیے اور ایسا عمل کرنے والے گروہ کے دلائل کا جائزہ لینے کیلیے حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود ؒکی کتاب لاجواب تجلیاتِ آفتاب جلد دوم (باب: جزع و فزع درویشاں باقرار جرم خویشاں، سالانہ ماتمی جلوس اور ان کی ظاہری ہائے ہائے، صدمہ پہنچنے پر غم اور سوگ کی فطری اجازت)، حضرت مولانا عبد الستار تونسوی رحمۃاللہ کا مختصر رسالہ حقیقت ماتم حضرت مولانا قاضی مظہر حسین  رحمۃاللہ کی کتاب بشارت الدارین بالصبر علی شہادت الحسین حضرت مولانا محمد نافع رحمۃاللہ کا مضمون ماتم کا مسئلہ اسلام کی نظروں میں فوائد نافع، جلد دوم اور حضرت مولانا محمد اقبال رنگونی مدظلہ العالی کی کتاب ماتم نہ کیجیے کا مطالعہ فرمائیں)