تو ہم ان (اہلِ بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین) کی پیروی میں تبھی چل سکتے ہیں، جب اہلِ سنت و الجماعت کا عقیدہ ہو کہ مصیبت آئے تو تین دن تک اظہار غم تو ہو سکتا ہے، کیونکہ آپ Out of Control ہوتے ہیں اس پوزیشن میں ہوتے ہیں کہ آپ سنبھل نہیں سکتے، اسی لیے شریعت نے کہا کہ اگر کسی کے ہاں یہ سانحہ ہو جائے تو گھر والے اس غم میں گھیرے ہوئے ہیں، تو ان کو کھانا بھی اعزہ واقارب یا ہمسائے لا کر دیں، وہ اس پوزیشن میں نہیں ہوتے کہ اپنا کھانا پکاسکیں، چنانچہ یہ تو ایک فطری چیز ہے، لیکن جب تین دن ہو جائیں تو تین دن کے بعد یہ کہنا، اے اللہ! ہم تیری رضا کا اقرار کرتے ہیں:
رضینا باللّٰہ ربا وبالاسلام دینا وبمحمد رسولا و نبیا۔
ترجمہ: ہم راضی ہیں اللہ تبارک و تعالیٰ کے فیصلے پر وہ مومن، مومن ہی کیا جو اللہ کے فیصلے پر راضی نہ ہو؟ اور ہم حضورِ اکرمﷺ کو اس کا رسول اور نبی مانتے ہیں۔
تین دن کے بعد تو یہی حکم ہے اب پھر اُس غم کو اسی طرح تازہ کرنا یہ روایات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اہلِ بیتؓ سے نہیں ہم اس پر کسی فرقے کو مطعون نہیں کرتے اور نہ اس وقت کسی کی تردید مقصود ہے، ہمیں اپنے دل کی کیفیت بیان کرنا ہے کہ یہ اسلام نے یا سیدنا علی المرتضیٰؓ نے سیدنا حسینؓ نے، یہ تعلیم کیوں دی کہ تم نے صبر کرنا ہے؟ اس لیے کہ جو قومیں پچھلے غموں پر صبر کرتی ہیں وہ اگلے مواقع کے لیے آئندہ کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے اور آئندہ کے صدمات کو برداشت کرنے کے لیے تیار ہو جاتی ہیں کہ نئے حالات کے لیے نئی قوت آتی ہے، نئی زندگی آتی ہے، قوم میں نیا خون آتا ہے۔
تو اگر پچھلے واقعات کو ہی یاد کرتے رہیں اور ان پر روتے رہیں تو نئے میدان کب بنیں گے؟ نئے میدان کے لیے مومنین حسینؓ کی پیروی میں اپنی جان کا تحفہ کس انداز میں پیش کریں گے؟ ہمارے بزرگ محترم حضرت مولانا سید حسین احمد مدنیؒ پڑھا کرتے تھے شعر:
حوادث میں الجھ کر مسکرانا میری فطرت ہے
مجھے ناکامیوں پر اشک برسانا نہیں آتا
کہ کتنے بھی صدمے کیوں نہ آئیں حوادث میں الجھ کر مسکرانا میری فطرت ہے مجھے ناکامیوں پر اشک برسانا نہیں آتا حالات کتنے ہی کیوں نہ آ جائیں لیکن اللہ کی رضا میں قربانی کرنا اور جان دینا جس طرح شہداءِ کربلا نے دی، یہ مسلمانوں کی ایک نہایت روشن تاریخ ہے شعر:
حوادث میں الجھ کر مسکرانا میری فطرت ہے
مجھے ناکامیوں پر اشک برسانا نہیں آتا
نگاہیں جن کی پڑ جاتی ہیں مستقبل کے چہرے پر
انہیں ماضی کے افسانوں کو دہرانا نہیں آتا
آج ہم اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہیں کہ کربلا میں سیدنا حسینؓ کے ساتھ اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ بہت ظلم ہوا، ہمارے دل آپ کی محبت میں گم ہیں ہمارے عقائد کی کتابوں میں لکھا ہے کہ اہلِ بیتؓ کی محبت جزو ایمان ہے جس کو اہلِ بیتؓ سے محبت نہیں بھلا کیا وہ بھی کوئی مسلمان ہے؟ (سامعین: نہیں) لیکن ہم اس طرح ماتم کی صفیں نہیں بچھاتے کہ اللہ کے تکوینی فیصلوں پر ناراضگی کا اظہار کریں۔