لیکن ماتم کو دہرانا، سوگ کو دہرانا اور ان تین دنوں کو واپس لانا اور صرف تین دن ہی میں نہیں بلکہ دس راتوں میں ان کے لیے مجالس قائم کرنا، یہ بات قرآنِ کریم اور سنت کی روشنی میں سمجھنی بہت مشکل ہے ہمیں یہ تعلیم دی گئی ہے کہ کوئی بڑے سے بڑا سانحہ بھی ہو حتیٰ کہ میں نے آپ کے سامنے بارہ ربیع الاول کا حوالہ دیا ہے اس سے زیادہ کوئی بڑا صدمہ ہو سکتا ہے؟ (سامعين: نہیں) پھر جنگ احد میں، جس شہید کو پیغمبر کی زبان نے سید کہا، لسان رسالت سے یہ آواز آئی کہ وہ سید الشہداء ہے وہ کون ہے؟ وہ (حضرت حمزهؓ) سیدنا حمزهؓ کو شہید ہوئے مدت گزری، لیکن سیدنا حمزہؓ کی یاد میں کوئی مجلس ماتم نہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ہاں اور نہ ہی اہلِ بیتؓ کے ہاں ملتی ہے، تو ہم اس دین پر چل سکتے ہیں اور اسی دین پر ہمیں چلنا چاہیے جو نبی پاکﷺ نے introduce کیا اور جس کا تعارف کروایا اور وہ دین کیا ہے؟ جو کتاب و سنت کی روشنی میں اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی تاریخ میں مِلتا ہے۔
میں عرض کرتا ہوں جب کوئی بڑے سے بڑا صدمہ بھی گزرتا ہے تو انسان کے آنسو تو آ ہی جاتے ہیں کیوں؟
دل ہی تو ہے نہ کہ سنگ و خشت درد سے بھر نہ آئے کیوں
روئیں گے ہم ہزار بار کوئی ہمیں ستائے کیوں
تو رونا آ ہی جاتا ہے، غم کے آنسو ظاہر ہو جاتے ہیں لیکن ہمیں حکم دیا گیا کہ یہ ساری چیزیں انفرادی طور پر تو ہوں لیکن مل کر اجتماعی شکل میں آنسو گرانا اور ٹسوئے بہانا اور مل کر اجتماعی شکل میں ماتم کی صفیں قائم کرنا اور پھر سینکڑوں سالوں کے بعد؟ اس کی اسلام میں کوئی نظیر نہیں ملتی سانحہ کربلا میں تمام مسلمانوں کے اور اہلِ سنت والجماعت کے دل جو ہیں وہ سیدنا حسینؓ کو ایک مظلوم سمجھتے ہیں، ان کی مظلومانہ شہادت جس طرح واقع ہوئی اس پر کون ہے جس کا دل غمگین نہ ہو اور آنکھ اشکبار نہ ہو لیکن غم کو تازہ کرنا اور ایسے حالات پیدا کرنا کہ پھر ایک ماتم کی مجلس بچھ جائے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر ماتم کی کوئی مجلس شرعاً ہوتی تو سانحہ فاجعہ (حضورِ اکرمﷺ کی وفات) کے اگلے سال ربیع الاول میں ہوتی۔