پہلی رات (دوسری نشست) - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

پہلی رات (دوسری نشست)

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

الحمدلله و سلام علی عبادہ الذین اصطفی خصوصا علی سید الرسل وخاتم الانبیاء و علی آلہ الاتقیاء واصحابہ الاصفیاء اما بعد!

فَاَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ 

بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ

وَلَـنَبۡلُوَنَّكُمۡ بِشَىۡءٍ مِّنَ الۡخَـوۡفِ وَالۡجُـوۡعِ وَنَقۡصٍ مِّنَ الۡاَمۡوَالِ وَالۡاَنۡفُسِ وَالثَّمَرٰتِ وَبَشِّرِ الصّٰبِرِيۡنَ ۞(سورۃ البقرہ: آیت 154)

الَّذِيۡنَ اِذَآ اَصَابَتۡهُمۡ مُّصِيۡبَةٌ قَالُوۡٓا اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّـآ اِلَيۡهِ رٰجِعُوۡنَ ۞(سورۃ البقرہ: آیت 156)

صدق الله مولانا العظيم۔

عزاداری اور تاریخی یاد میں فرق:حضرات بزرگان محترم ومؤمنین کرام! آج ہم یہاں جو جمع ہیں، وہ ایک تاریخی یاد کے لیے جمع ہیں عزاداری کے لیے نہیں یعنی جو سانحہ کربلا میں سیدنا حسینؓ اور ان کے قافلے پر گزرا، اس کی تاریخی یاد کے طور پر جمع ہیں، لیکن عزداری کے لیے نہیں۔

ایک شرعی مسئلہ ہے، اسے میں آپ کے سامنے اہلِ سنت و الجماعت کے عقیدے کے مطابق گزارش کرتا ہوں کہ سب سے بڑا صدمہ مسلمانوں کے لیے مؤمنین کے لیے کون سا تھا؟ (جواب: بارہ ربیع الاول گزشتہ) جس وقت آنحضرتﷺ اپنے سفر آخرت پر گئے، ظاہر ہے کہ اس دن جو مسلمانوں کا حال تھا وہ پوچھنا ہو تو سیدہ فاطمہؓ سے پوچھیے وہ اس وقت کہتی ہیں کہ:

صبت علی مصائب لو انھا

صبت علی الایام صرن لیالیا

ترجمہ: مجھ پر اتنے مصائب ٹوٹ پڑے کہ اگر وہ مصائب دنوں پر ڈالے جاتے تو وہ بھی راتیں ہو جاتیں۔ 

اور سیدنا جعفر صادقؒ فرماتے ہیں:

من اصیب مصیبتہ فلیذكر مصابه بالنبی فانه من اعظم المصائب(اصول کافی: جلد 1صفحہ 155)

ترجمہ: جو شخص کسی مصیبت میں مبتلا ہو اس کو چاہیے کہ وہ اپنی مصیبت کو آنحضرتﷺ کی مصیبت سے یاد کرے کیونکہ آپ کا وصال تمام مصائب سے بڑی مصیبت تھا۔ 

اس سے بڑا صدمے کا دن اور کوئی نہیں گزرا، لیکن صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور ائمہ اہلِ بیتؓ کی تاریخ میں کوئی ایسا دن یا کوئی ایسا وقت اس کے تکرار کا نہیں ملتا کہ اس پر اظہار افسوس کیا گیا ہو کیوں؟ یہ اس لیے کہ اسلام نے کہا ہے کہ بڑے سے بڑا صدمہ بھی ہو تو تین دن سے زیادہ تم نے اس کا سوگ نہیں کرنا، جب تین دن ختم ہو جاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کی رضا کا اقرار کرتے ہوئے صبر کا حکم ہے کہ صبر کریں لیکن جو ایک واقعہ گزر چکا اس کو تاریخی یاد تو کہتے ہیں اور اس تاریخی یاد میں اپنے ایمان کو تازہ کر سکتے ہیں۔