سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کس طرح امت کو ہر انتشار سے…

سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کس طرح امت کو ہر انتشار سے بچایا

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 3 از 4

مُحَمَّدٌ رَّسُوۡلُ اللّٰهِ‌ وَالَّذِيۡنَ مَعَهٗۤ اَشِدَّآءُ عَلَى الۡكُفَّارِ رُحَمَآءُ بَيۡنَهُمۡ الخ۔ (سورۃ الفتح: آیت 29)

بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ حضورِ اکرمﷺ کی نظر محبت جتنی ابو بکر صدیقؓ پر تھی کہ ہجرت میں انہی کو ساتھ لے گئے، اتنی رحمت اور محبت اللہ تعالیٰ کی سیدنا عمرؓ پر تھی آنحضرتﷺ کا سیدنا عمرؓ کے بارے میں یہ کہنا کہ لو کان بعدی نبی لکان عمر بہت معنیٰ خیز ہے کہ یہ اللہ ہی جانتا ہے کہ رسالت کے لائق کون ہے۔

اَللّٰهُ اَعۡلَمُ حَيۡثُ يَجۡعَلُ رِسٰلَـتَهٗ‌ الخ۔ (سورۃ الانعام: آیت 124)

اللہ ہی جانتا ہے کہ رسالت کے لائق کون ہے۔

سیدنا ابو بکر صدیقؓ حضورِ اکرمﷺ کے دار ارقم کے رفیق تھے لیکن جس دن سیدنا عمرؓ اسلام لائے، سیدنا عمرؓ نے کھل کر کعبہ میں نماز پڑھی دار ارقم حضورِ اکرمﷺ کی امت کا گھر تھا اور بیت اللہ شریف اللہ کا گھر تھا۔

5: صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اپنی اپنی پسند کے امام کے پیچھے نماز تراویح نہ پڑھتے رہیں:

آنحضرتﷺ نے رمضان شریف میں صرف تین رات جماعت سے تراویح پڑھیں آنحضرتﷺ کو خیال گزرا کہ کہیں یہ نماز بھی امت پر فرض نہ ہو جائے، آپ نے امت کے اس احساسِ محبت میں مسجد میں نماز تراویح پڑھانا چھوڑ دی لیکن صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین مسجد میں مختلف اطراف میں نماز تراویح جماعت سے پڑھتے رہے۔ حضورِ اکرمﷺ کو بھی اس کا علم تھا اور آپ نے انہیں اس سے منع نہ فرمایا تھا حضورِ اکرمﷺ کی وفات کے بعد اس کا اندیشہ نہ تھا کہ کہیں یہ نماز بھی فرض نہ ہو جائے، سیدنا عمرؓ نے اپنے دورِ خلافت میں تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو پھر ایک امام پر جمع کرنے کا اہتمام کیا اور مسجد کو اتنا روشن کیا کہ سب مسلمان مسجدِ نبوی میں پھر سے ایک امام کے پیچھے نماز پڑھنے لگے۔

سیدنا عمرؓ کی اس سیاسی سوچ میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے تراویح کے لیے اپنے علیحدہ گروپ بنانے کا کوئی موقع نہ رہا تھا آپ نے سیدنا علی المرتضٰیؓ  کے مشورہ سے سب کو پھر ایک امام پر جمع کر دیا اور حضورِ اکرمﷺ کے تین رات تراویح پڑھنے کو آپ نے پورے رمضان میں وسیع اور ممتد کر دیا کیونکہ اب کوئی امکان نہ تھا کہ نماز تراویح فرض ہو جائے شریعت نبی سے قائم ہوتی ہے، کسی امتی کو شریعت کا کوئی مسئلہ وضع کرنے کا حق نہیں ہے۔

سیدنا عمرؓ نے اپنے اس اقدام سے مسلمانوں کو اپنے اندر گروپ بندی کے ہر پہلو اور امکان سے بچا لیا آپ نے اس یکجا تراویح پڑھنے کو نعمت البدعۃ ھذہ نہ کہا تھا، مسجد میں جو شاندار روشنیاں ہو رہی تھیں آپ نے ان کو کہا تھا کہ یہ نئی بات ہے پہلے مسجدِ نبویﷺ میں اس طرح روشنی نہ ہو پاتی تھی۔

(علامہ الرویانی (502 ہجری) لکھتے ہیں:

انما جمعهم على امام واحد لئلا يودى الى الشتات والاختلاف وامر السراج القناديل راحة للناس و تنويراً للمسجد و روى ان عثمان قال انها بدعة و نعمت البدعة يعنى القناديل و جمعهم على امام واحد وقال على لما راى القناديل رحم الله عمر و نور قبره كما نور مساجدنا بالقرآن و اجتمعت الصحابة على ذلك وانقرض عصرهم عليه فهو اجماع۔

(بحر المذہب فی فروع المذہب الشافعی: جلد 2 صفحہ 230)

ترجمہ: آپ نے مسلمانوں کو باہمی تفرقہ اور اختلاف سے بچانے کے لیے اس وقت کے تقاضے میں ایک امام پر جمع کیا تو لوگوں کے آرام کے لیے اور مسجد کو روشن کرنے کے لیے مسجد میں قندیلیں روشن کرنے کا حکم دیا سیدنا عثمانؓ نے اس قندیلیں روشن کرنے اور انہیں امام پر جمع کرنے کو ایک نئی بات کہا جو پہلے نہ تھی سیدنا علیؓ نے (اپنے دور میں) قندیلوں کو روشن دیکھا تو یہ دعا فرمائی: رحم اللّٰه عمر و نور قبره كما نور مساجدنا بالقرآن۔

اس پر علامہ الرویانی لکھتے ہیں:

واجتمعت الصحابة على ذلك انقرض عصرهم عليه فهو اجماع

ترجمہ: اور تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سیدنا عمر فاروقؓ کے اس عمل پر جمع ہو گئے اور ان کا دور اسی پر ختم ہو اس واسطے اجماع کا درجہ حاصل ہے۔

(بحوالہ، مقدمہ، بدعت اور اہلِ بدعت کی نظر میں: صفحہ 40)

یہاں بدعت کا لفظ اپنے لغوی معنیٰ میں ہے شرعی معنیٰ میں نہیں شرعی مسئلہ یہی ہے: کل بدعۃ ضلالۃ و کل ضلالۃ فی النار

اور اگر کوئی اس سے نمازِ تراویح مراد لے تو پھر اس سے پہلے ان كانت هذه بدعة فنعمت البدعة هذه کے شرطیہ الفاظ بھی وارد ملیں گے۔

اس وقت ہمیں تراویح کے مسئلہ سے بحث نہیں اس وقت ہم سیدنا عمرؓ کی اس سیاسی سوچ کو خراجِ تحسین ادا کر رہے ہیں کہ آپ نے کس طرح حضورِ اکرمﷺ کی امت کو گروہ بندی اور فرقہ بندی سے بچائے رکھا۔

آپ اپنے عہدِ خلافت میں اکابر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو مدینہ سے نکل کر اطراف سلطنت میں جا کر آباد ہونے سے روکتے تھے آپ سمجھتے تھے کہ جب قوم میں غیر صحابہ کی کثرت ہو جائے گی تو مختلف اطراف سلطنت میں جو کوئی صحابی بھی آباد ہو گا وہ وہاں مسلمانوں کی آنکھوں کا تارا اور ان کا پیشوا بن جائے گا، اس میں امکان ہے کہ مسلمانوں میں مختلف نظریات اور مختلف دینی مسائل کہیں فرقہ بندی کی صورت اختیار نہ کر لیں۔

آپ کی اس سیاسی سوچ سے ہم اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ آپ نے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کی کہ حضورِ اکرمﷺ کی امت کو جہاں تک ہو سکے باہمی تقسیم اور ٹوٹنے سے بچایا جائے، جس طرح حضورِ اکرمﷺ آخری نبی ہیں حضورِ اکرمﷺ کی امت بھی قیامت تک ایک امت ہو کر رہے قیامت سے اس طرح متصل رہے جس طرح ہاتھ کی یہ دو انگلیاں آپس میں متصل ہیں آپﷺ نے فرمایا:

انا آخر الانبياء وانتم آخر الامم او كما قال النبیﷺ رواه ابو امامة الباهلی۔ (سنن ابنِ ماجہ: صفحہ 307)

آپ کی امت ایک ہی رہے جو آئندہ والے مسلمانوں کی دینی پیشوائی کرے اور ان لفظوں سے ایمانی پیشوا ہو:

وَتُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰهِ‌ الخ۔(سورۃ آلِ عمران: آیت 110)

ترجمہ: اور تم اللہ پر ایمان رکھتے ہو۔

صفحہ 3 از 4