سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کس طرح امت کو ہر انتشار سے…

سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کس طرح امت کو ہر انتشار سے بچایا

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 4

کی بشارت بھی مل چکی تھی لیکن سیدنا عمرؓ کے ذہن میں چند ایسے مسائل کھٹک رہے تھے کہ ان کی وضاحت کے بغیر آپﷺ اس دنیا سے نہ جائیں گے۔ آپ کے لیے وفاتِ نبی کی خبر سننا ہی بہت بوجھل ہو گیا آپ نے کھلے طور پر کہا جو ایسا کہے گا میں اسے مار دوں گا یہ صورتِ حال بتلاتی ہے کہ آپ کے ذہن میں اسلام کی جامعیتِ شان اور وسعتِ شریعت اس پیرائے میں روشن تھی کہ آپ اسی احساسِ ضرورت میں حضورِ اکرمﷺ کی وفات کا ہی کھلے بندوں انکار کر رہے تھے یہاں تک کہ جب سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے خطبہ دیا تو آپ نے وفاتِ نبوی ﷺکا اس طرح اقرار کیا کہ گویا یہ آیات ابھی اتری ہیں تاہم اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ شریعتِ محمدیہ کی جامعیتِ شان کتنے گہرے نقوش سے آپ کے ذہن میں اتری ہوئی تھی۔

(وصالِ نبویﷺ کے موقع پر سیدنا عمر فاروقؓ کا وقوعِ موت کا ادراک نہ کر سکنے پر استاذنا المکرم امام المتکلمین، حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒنے ایک جگہ بہت دقیق اور نفیس کلام فرمایا ہے جسے ہم اہلِ علم قارئین کے افادہ کی خاطر یہاں نقل کرنا مناسب سمجھتے ہیں:

بات دراصل یہ تھی کہ جس طرح نزولِ وحی کی بعض کیفیات میں اس دنیا کے احساسات سے تعطّل ہو جاتا تھا، مگر حیات کی نفی نہ ہوتی تھی اسی طرح آنحضرتﷺ پر ورودِ وفات کچھ ایسے طریق سے ہوا کہ حیات کلیۃً منتفی نہ ہوئی تھی، صرف آثارِ حیات سلب ہو گئے تھے (اور یہ بھی اس لیے تھا کہ عالمِ برزخ میں انتقال ہو سکے اور پردہ قبر میں تشریف لے جا سکیں) سیدنا فاروقِ اعظمؓ کی نگاہیں اس حیاتِ قلب تک پہنچ رہی تھیں، جو زیرِ پردہ مستور تھی (آخر محدثیت کا مقام کچھ کم منیع عرفان نہ تھا) اور اس کے ہوتے ہوئے وہ وقوعِ موت کا ادراک نہ کر سکتے تھے اس وجودِ حیات کو اس ورودِ وفات سے تطبیق دینا ان کے لیے مشکل ہو رہا تھا آنحضرتﷺ کی وفات کے متعلق ان کا اعتقاد یہی تھا کہ آپ پر بھی اسی طرح موت آئے گی جس طرح کہ عام دوسرے انسانوں پر وارد ہوتی ہے اور چونکہ صورتِ پیش افتادہ اور حالت واقعہ ایسی نہ تھی، اس لیے وہ آپﷺ پر ورودِ وفات کا یقین نہ کر سکے اور خیال کیا کہ یہ مرحلہ ابھی باقی ہے پیشتر ازیں وہ آیتِ شريفہ اِنَّكَ مَيِّتٌ وَّاِنَّهُمۡ مَّيِّتُوۡنَ ۞(سورۃ الزمر: آیت 30)

کے پیشِ نظر آپﷺ پر قرائنِ موت کا تتبع نہ کر سکے تھے پھر جب سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے اس صورت پیش افتادہ اور کیفیتِ واقعہ ہی کو وفات النبیﷺ کہا اور آیاتِ قرآنیہ، جن میں آپﷺ پر ورودِ وفات کی پیشگوئیوں یا امکان کا بیان تھا ان کا منشاء اسی قسم کی حالت کو قرار دیا تو اب سیدنا عمر فاروقؓ سمجھے کہ آیات مذکورہ اپنے عمومی مفہوم میں نہ تھیں اور انہیں شرحِ صدر ہو گیا کہ ان آیاتِ شریفہ کا منشاء وفات النبیﷺ کے متعلق کیا ہے فرماتے ہیں کہ آیات کا مفہوم مجھ پر یوں منکشف ہوا:

گویا کہ میں نے پہلے وہ آیات پڑھی ہی نہ تھیں مقامِ غور ہے کہ اگر یہ آیاتِ شریفہ اپنے اسی عام مفہوم میں ہوتیں، جیسا کہ ابتدائی سطح میں متبادر ہوتا ہے، تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بالخصوص سیدنا عمر فاروقؓ ان آیات کے متعلق اتنا اہم اعلان نہ فرماتے حضورِ اکرمﷺ کے متعلق وعدہ موت اگر انہی معنوں میں ہوتا، جن میں کہ موت عام ماحولِ عرب میں متعارف تھی، تو سیدنا عمر فاروقؓ حافظِ قرآن اور نہایت ذکی الطبع ہوتے ہوئے یہ ہرگز ارشاد نہ فرماتے:

كانی لم اقراها اليومئذ۔

ترجمہ: گویا کہ وہ آیات میں نے اس دن کے سوا کبھی پڑھی ہی نہ تھیں۔

بات صاف ہے کہ آنحضرتﷺ پر وفاتِ شریفہ کا ورود کچھ ایسے طریق سے ہوا، جو عام دوسرے انسانوں سے مختلف تھا آپ کے جسمیت سے قرائنِ موت کچھ ایسے جلی نہ تھے کہ کسی کو شک کی گنجائش نہ مل سکے آپ پر کچھ ایسی کیفیات تھیں کہ موت کا یقین نہ ہوتا تھا اسی کیفیت نے جو زیرِ پردہ مستور تھی اشتباہ پیدا کر رکھا تھا جن کے خیال میں اس کیفیت کی قرائنِ موت سے تطبیق محال تھی وہ ان قرائن کو غشی سمجھتے رہے کیونکہ ان کے حاشیہ فکر میں موت کے صرف وہی معنیٰ تھے، جو عام طور پر معروف ہیں اور جس ہستی مقدس کو راز دارِ نبوت ہونے کا شرف حاصل تھا اس نے اس کیفیت باطنہ کو جو زیرِ پردہ مستور تھی، ورودِ وفات سے متصادم نہ جانا تھا۔ اس وجودِ حیات اور وقوعِ وفات میں کوئی تعارض خیال نہ کیا اعلان فرمایا:

فان محمدا قد مات(بخاری شریف: جلد 2 صفحہ 640)

ترجمہ: حضورِ اکرمﷺ موت کا ذائقہ چکھ چکے ہیں۔

جب سیدنا صدیقِ اکبرؓ نے اس صورتِ افتادہ ہی کو وفاتِ پیغمبر قرار دے دیا تو پھر سیدنا فاروقِ اعظمؓ نے آپ پر قرائنِ موت کا تتبع شروع کیا اور بالآخر ورودِ وفات کے قائل ہو گئے الخ۔ (مقام حیات: صفحہ 580)

4: اسلام کے اخلاقی نظام میں حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی روشن امیدیں:

عربوں میں شراب نوشی دورِ جاہلیت سے چلی آ رہی تھی اسلام نے اسے ابتداء ہی میں نہ روکا تھا، صرف اس طرف اشارہ کر دیا تھا کہ یہ رزق حسن نہیں اسی طرح مسلم عورتوں کے لیے پردہ کے احکام بھی کچھ تاخیر میں اترے سیدنا عمر فاروقؓ کے ذہن میں شراب نوشی اور عورتوں کی بے پردگی اسلام کے اخلاقی نظام سے لگانہ کھاتی تھی سیدنا عمرؓکے اور بھی کئی موافقات ہیں جن میں اللہ تعالیٰ نے ان کی امیدوں پر قرآن اتارا صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں یہ شرف اور اعزاز صرف سیدنا عمرؓ کا ہی ہے کہ ان کی تمناؤں پر قرآن اترا یہاں تک کہ آنحضرتﷺ نے فرمایا کہ میرے بعد اگر کوئی نبی ہوتا تو عمر ہوتے۔

اس سے پتہ چلتا ہے کہ سیدنا عمرؓ کے ہر اہم موقف پر انہیں اللہ تعالیٰ کی تائید حاصل تھی آپ کافروں پر سخت اور مسلمان پر بہت نرم تھے آنحضرتﷺ نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے تقابلی فضائل میں پہلے سیدنا ابو بکر صدیقؓ کا نام لیا اور پھر سیدنا عمرؓ کا لیکن اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں حضرت محمد ﷺ کی معیت پانے والوں میں اَشِدَّآءُ عَلَى الۡكُفَّارِ پہلے بتائے اور رُحَمَآءُ بَيۡنَهُمۡ کا ان کے بعد ذکر فرمایا حدیث کے الفاظ:

ارحم امتی بامتی ابو بکر واشدهم فی امر الله عمر(ترمذی: جلد 2 صفحہ 220)

اور قرآن کے الفاظ:

صفحہ 2 از 4