سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کس طرح امت کو ہر انتشار سے…

سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کس طرح امت کو ہر انتشار سے بچایا

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 1 از 4

سیدنا عمر ایسے اونچے سیاستدان تھے جنہوں نے تاریخ کے ہر موڑ پر مسلمانوں کو ہر ممکن انتشار سے بچایا اور دین کے ہر ضروری کام پر لگایا مثلاً:

1 جمع قرآن کی ضرورت کا احساس پہلے کس کے ذہن میں اترا؟

حضورِ اکرمﷺ کی وفات ہوئی اور حضورِ اکرمﷺ پر نازل ہوا قرآن اب بھی متفرق تحریرات کی صورت میں تھا حضورِ اکرمﷺ کے پڑھنے کے مطابق ایک کتابی صورت میں نہ آیا تھا سیدنا عمرؓ نے قرآن کو یکجا جمع کرنے کی ضرورت اول خلیفہ راشد سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے سامنے رکھی یہ ضرورت سب سے پہلے ان کے ذہن میں اٹھی اور سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کا پہلا جواب یہ رہا کہ میں وہ کام کیسے کروں جو حضورِ اکرمﷺ نے نہیں کیا کئی دنوں کے بعد سیدنا ابو بکرؓ نے سیدنا عمرؓ سے کہا اللہ تعالیٰ نے اس کام کے لیے میرا شرح صدر کر دیا ہے جس کی طرف تو نے مجھے توجہ دلائی تھی اور آپ نے حضورِ اکرمﷺ کے عہد کے بڑے کاتب سیدنا زید بن ثابت ؓکو جمع قرآن کا حکم دیا ۔

نامناسب نہ ہو گا کہ ہم یہاں قرآن کی ان چھ منزلوں کا بھی ذکر کر دیں جو ہر مسلمان کو معلوم ہونی چاہئیں:

اول: لوح محفوظ بَلۡ هُوَ قُرۡاٰنٌ مَّجِيۡدٌ ۞(سورۃ البروج: آیت 21)فِىۡ لَوۡحٍ مَّحۡفُوۡظٍ ۞(سورۃ البروج: آیت 22)

دوم: حضرت جبرئیل علیہ السلام نَزَلَ بِهِ الرُّوۡحُ الۡاَمِيۡنُ ۞(سورۃ الشعراء: آیت 193)

سوم: قلب رسولﷺعَلٰى قَلۡبِكَ لِتَكُوۡنَ مِنَ الۡمُنۡذِرِيۡنَ۞(سورۃ الشعراء: آیت 194)

چہارم: کاتبینِ وحی وہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین جو حضورِ اکرمﷺ کے کہنے پر وحی لکھنے پر مامور تھے۔

پنجم: اول خلیفہ راشد سیدنا ابوبکر صدیقؓ۔

ششم: سیدنا عثمانِ غنیؓ جو قرآنِ کریم کو ایک قراءت (لغت قریش) پر لائے۔

جب تک کوئی شخص اس قرآن پر ایمان نہ لائے جو حضورِ اکرمﷺ پر نازل ہوا اور سیدنا عثمانِ غنیؓ نے اسے ایک لغت قریش میں لکھوایا اس وقت تک وہ صف اسلام میں نہیں آ سکتا اس کا لوحِ محفوظ میں رکھے قرآن پر ایمان لانا اس سے اسے قرآن پر ایمان رکھنے والا نہیں جانا اور مانا سمجھا جا سکتا۔

یہ سیدنا عمرؓ کی پہلی فکر تھی جس سے قرآن ایک کتابی صورت میں آیا آفاقی پیرائے میں اسے سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے جمع کیا اور ایک لغت قریش میں اسے سیدنا عثمانِ غنیؓ نے جمع قرآن میں یہ سیدنا عمرؓ پھر سیدنا ابو بکر صدیقؓ اور پھر سیدنا عثمانِ غنیؓ کی خدمات ہیں جن کا کوئی مسلمان انکار نہیں کر سکتا لیکن اس خدمت کی ضرورت سب سے پہلے سیدنا عمرؓ کے ذہن میں اتری۔

(اللہ رب العزت نے قرآنِ کریم کی حفاظت کا ذمہ خود لیا:

اِنَّا نَحۡنُ نَزَّلۡنَا الذِّكۡرَ وَاِنَّا لَهٗ لَحٰـفِظُوۡنَ ۞(سورۃ الحجر: آیت 9)

ترجمہ: حقیقت یہ ہے کہ یہ ذکر (یعنی قرآن) ہم نے ہی اتارا ہے اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔

اسی طرح اللہ رب العزت نے رسالتِ مابﷺ سے اس کتاب مبین کو جمع کرنے کا وعدہ بھی فرمایا:

اِنَّ عَلَيۡنَا جَمۡعَهٗ وَقُرۡاٰنَهٗ۞(سورۃ القيامہ:  آیت 17)

ترجمہ: قرآن کا جمع کرنا اور اس کا پڑھنا ہمارا ذمہ ہے۔

اس پر استاذنا المكرم مفکر اسلام حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ علیہ لکھتے ہیں:

جمع قرآن کا ذمہ اللہ رب العزت نے لے رکھا ہے اور اس نے شروع سے ہی حضورِ اکرمﷺ کو اس کا یقین دلایا تھا 

اِنَّ عَلَيۡنَا جَمۡعَهٗ وَقُرۡاٰنَهٗ۞(سورۃ القيامہ:  آیت17)

اب یہ ناممکن تھا کہ قرآن جمع نہ ہو پائے یا جمع ہو مگر اس میں کچھ غلطیاں رہ جائیں اللہ اپنے رسولوں سے کیے گئے وعدوں کے خلاف نہیں کرتا وہ ہاتھ کتنے مبارک تھے جس سے اللہ تعالیٰ کا یہ ارادہ پورا ہوا۔(آثار التنزیل: جلد 1 صفحہ 229)

بلاشبہ حضرات خلفائے ثلاثہؓ سیدنا ابو بکرؓ، سیدنا عمرؓ اور سیدنا عثمانؓ وہ بزرگ و پاکباز ہستیاں ہیں جن کے مبارک ہاتھوں اللہ رب العزت نے اپنا یہ وعدہ پورا کر دیا چنانچہ یہاں ان لوگوں کے لیے غور کرنے کا مقام ہے جن کا عقیدہ اور مستقل مشغلہ ہی بالخصوص ان تین پاکباز بزرگ ہستیوں کی شخصیت اور کردار کو مجروح کرنا اور بھولی بھالی عوام کو ان سے بدظن کرنا ہوتا ہے کیونکہ اگر ان تین بزرگ ہستیوں پر سے ہی اعتماد اٹھ جائے تو ان کے تدوین و مدون کردہ کلام (موجودہ شکل میں موجود قرآن کریم) پر یقین رکھنا بھی پھر مشکل ہو جائے گا اور اگر کوئی (معاذ اللہ) قرآنِ کریم کے متعلق ہی شک وشبہ میں پڑ جائے تو بھلا اس کے پلے رہ ہی کیا جائے گا؟ فاعتبروا يا اولى الالباب)

2: مسلمانوں کو مختلف گروہ بندیوں میں بٹنے سے روکنا:

سیدنا ابو بکرؓ کے منصب خلافت پر آنے کے بعد سیدنا عمرؓ نے مسلمانوں کو مختلف گروہ بندیوں میں بٹنے سے بڑی سختی سے روکا مبادا اس طرح بیٹھنے سے شیطان رجیم کہیں کسی کے کان میں کوئی اپنی شرارت نہ پھونک دے جس سے مسلمانوں میں انتشار و افتراق پیدا ہو اس کے لیے آپ کو سیدنا ابو بکر صدیقؓ نے بھیجا تھا یہ قومی فکر سیدنا عمرؓ کے اپنے ذہن میں اٹھی تھی اور آپ خود اس قومی اور سیاسی تحفظ کے لیے اس راہِ عمل میں نکل پڑے اور جو لوگ سیدنا علیؓ کے گھر میں حضورِ اکرمﷺ کی تعزیت میں بیٹھے رہتے انہیں سختی سے وہاں سے اٹھایا اور اس میں بھی شک نہیں کہ حضورِ اکرمﷺ کی خلافت کے لیے سقیفہ بنی ساعدہ میں سیدنا ابو بکر صدیقؓ کا نام آپ نے تجویز کیا تھا ورنہ سیدنا ابو بکر صدیقؓ تو پہلے خلیفہ راشد کے لیے سیدنا عمرؓ کا نام ہی تجویز کر رہے تھے۔

3: وصال نبویﷺ کے وقت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی حالت:

یہ دین اگرچہ حضورِ اکرمﷺ پر مکمل ہو چکا تھا اور صحابہ کرام کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اَلۡيَوۡمَ اَكۡمَلۡتُ لَـكُمۡ دِيۡنَكُمۡ وَاَ تۡمَمۡتُ عَلَيۡكُمۡ نِعۡمَتِىۡ الخ۔(سورۃ المائدہ: آیت 3) 

صفحہ 1 از 4