سیدنا علی رضی اللہ عنہ اور آل علی کا عمر رضی اللہ عنہ سے…

سیدنا علی رضی اللہ عنہ اور آل علی کا عمر رضی اللہ عنہ سے مخلصانہ تعلق

  علی محمد محمد الصلابی

سیدنا عمر رضی اللہ عنہ آل رسول(صلی اللہ علیہ وسلم) کی بہت عزت و توقیر کرتے تھے اور انھیں اپنے بیٹوں و خاندان پر ترجیح دیتے تھے۔ اس کی چند مثالیں قابل ذکر ہیں:

1: عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنھما کے مقابلہ میں تم اجازت پانے کے زیادہ مستحق ہو:

حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ مجھ سے ایک روز حضرت عمرؓ نے کہا: اے میرے بیٹے! اگر تم ہمارے پاس بھی آیا کرتے اور مل لیا کرتے تو کتنا اچھا ہوتا، ایک روز میں آیا تو دیکھا کہ آپ معاویہؓ کے ساتھ تخلیہ میں ہیں اور ابنِ عمرؓ دروازہ پر تھے، ان کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، یہ دیکھ کر میں واپس آ گیا، پھر ایک دن حضرت عمر فاروقؓ سے سامنا ہوا تو انھوں نے فرمایا: بیٹے تم میرے پاس آئے نہیں؟ میں نے کہا: میں آیا تھا لیکن آپ معاویہؓ کے ساتھ تخلیہ میں تھے، میں نے دیکھا کہ ابنِ عمر واپس ہوگئے تو میں بھی لوٹ آیا۔ سیدنا عمر فاروقؓ نے فرمایا: تم عبداللہ بن عمر سے زیادہ اجازت پانے کے مستحق ہو ہمارے دماغ میں ایمان کی جو تخم ریزی ہوئی وہ اللہ کا احسان ہے پھر تمھارے گھرانے کا فیض ہے، یہ کہہ کر حضرت عمرؓ نے سر پر اپنا ہاتھ رکھا۔

(کنز العمال: جلد 7 صفحہ 105

الإصابۃ: جلد 1 صفحہ 133

المرتضیٰ: صفحہ 187)