1: شیعہ لوگ بعض صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی بڑی بڑی غلطیاں سامنے لاتے ہیں اور ان کی تحقیق چاہتے ہیں ان کا اصولی جواب کیا دینا چاہیے؟
الجواب: ایسے تمام واقعات ان کے دوران تربیت سے تعلق رکھتے ہیں آنحضرتﷺ کی رسالت کی ذمہ داریوں میں سے ایک ذمہ داری ان کی تربیت اور ان کے تزکیہ قلب کی بھی تھی اور آپﷺ نے ان کی تدریجی اصلاح فرمائی اب ظاہر ہے کہ وہ خامیاں جو ان سے دوران تربیت صادر ہوئیں ان پر ان کا مواخذہ نہیں کیا جا سکتا جب اللہ تعالیٰ نے انہیں رضی اللہ عنہ کی سند دے دی تو پہلے کی سب غلطیاں اور کمزوریاں اس انعام کے نتیجے میں کالعدم کر دی گئیں۔
2: جو واقعات حضورِ اکرمﷺ کے بعد پیش آئے وہ تو دوران تربیت کے نہ ہوں گے؟
الجواب: آپ اس پر بھی نظر رکھیں کہ کیا اس قسم کے واقعات حضرت علیؓ اور حضراتِ حسنینؓ سے بھی ملتے ہیں؟ سو جو تاویل ان کے بچاؤ میں کریں گے وہی آپ ان دوسرے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں کر لیں تاہم جہاں تک مجھے تجربہ ہے شیعہ کے اکثر پیش کردہ حوالے غلط ہوتے ہیں اور اگر کوئی حوالہ صحیح ہے تو اس کے معنیٰ مراد میں یہ لوگ غلطی کرتے ہیں آپ حقیقت معلوم کریں۔
3: حضورِ اکرمﷺ کی حیاتِ طیبہ کے زیادہ واقعات ہمیں سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ سے ملتے ہیں یا سیدنا علیؓ اور حضراتِ حسنینؓ سے؟ پھر سیدہ فاطمہؓ سے حضورِ اکرمﷺ کے حالات زیادہ ملیں گے یا سیدہ عائشہ صدیقہؓ سے؟
الجواب: سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ حضورِ اکرمﷺ کے دوست تھے اور تقریباً برابر کی عمر کے تھے۔ سیدنا علیؓ آپﷺ کے سامنے بچے تھے اور حضراتِ حسنینؓ تو اور بھی چھوٹے بچے تھے اب ظاہر ہے کہ حضورِ اکرمﷺ کی زندگی کے زیادہ واقعات اور مکہ میں گزرے حالات آپ کو سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ سے زیادہ ملیں گے اسی طرح سیدہ فاطمہؓ حضورِ اکرمﷺ کی وفات کے بعد صرف چھ ماہ اس دنیا میں رہیں اور سیدہ عائشہؓ پچاس سال کے قریب اب ظاہر ہے کہ درس و تدریس کا جو موقع ان کو ملا، وہ ان کو نہیں مل سکا پھر حضورِ اکرمﷺ کی مدینہ منورہ کی زندگی میں ان کا زیادہ وقت سیدنا علیؓ کے ساتھ گزرا اور سیدہ عائشہؓ کا حضورِ انور ختمی مرتبتﷺ کے ساتھ ان تفصیلات سے یہ بات کھل کر سامنے آ جاتی ہے کہ آپﷺ کے وقائع حیات اور آپﷺ پر گزرے حالات آپ کو زیادہ حضورِ اکرمﷺ کے صحابہ سے ملیں گے اور آپﷺ کی گھر کی زندگی کی روایات آپ کو زیادہ ازواجِ مطہراتؓ سے ملیں گی۔
4: بیشتر شیعہ عام مجالس میں کہتے ہیں کہ ہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو ہرگز برا نہیں کہتے یہ ہم پر محض الزام ہے کہ ہم ان کی شان میں گستاخی کرتے ہیں۔
الجواب: اسمبلی میں اگر کوئی شخص یہ بل پیش کرتا ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عزتوں کا تحفظ بذریعہ قانون ہونا چاہیے تاکہ کوئی شخص ان حضرات کے خلاف کوئی نازیبا بات نہ کہہ سکے تو اس پر شیعہ ممبروں کا رد عمل دیکھنا چاہیے اگر وہ اس بل کی حمایت کریں تو بے شک صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو برا کہنے والے شمار نہ ہوں گے اور اگر وہ اسی بل کی مخالفت کریں تو معلوم ہو گا کہ یہ ان پر کوئی الزام نہیں امر واقع یہی ہے۔
5: صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو برا نہ کہنے کا مطلب کیا ہے کس طرح ان کے بارے میں نیک گمان رکھا جا سکتا ہے؟
الجواب1: آنحضرتﷺ کی وفات کے بعد صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے جو سیدنا ابوبکرؓ کو جانشین رسول مانا ان کے اس فیصلے میں ان کی بدنیتی یا ان کی کمزوری کو کوئی دخل نہ تھا انہوں نے اپنے سیاسی مستقبل کا جو فیصلہ کیا اپنی پوری دیانت سے کیا۔
2: صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے حضورِ اکرمﷺ کے بعد قرآنِ پاک کو جس ترتیب سے ایک کتابی شکل دی اس کی یہ ترتیب بالکل وہی ہے جس سے یہ لوح محفوظ پر لکھا ہے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے اس قرآن میں کوئی کمی بیشی نہیں کی۔
3: سیدنا علی المرتضیٰؓ کا پہلے تین خلفاء سے پورا تعاون کرنا اور ان کے ساتھ مل کر رہنا مخلصانہ تھا ہرگز منافقانہ نہ تھا۔
ان تین باتوں کے التزام سے ہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں نیک گمان رکھتے ہیں ان میں سے کسی ایک کا انکار ہو تو ہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں نیک گمان نہ رکھ سکیں گے۔