ایک حافظ پر اور ایک عالم پر آپ تنقید کر سکتے ہیں اس کی غلطیاں نکال سکتے ہیں لیکن کسی صحابی پر تنقید نہیں کر سکتے کیونکہ یہ ایک الٰہی منصب ہے جو اس کو عطاءِ الٰہی سے حاصل ہوا ہے حافظ اور عالم ہونا یہ دونوں منصب اس سے نیچے ہیں حافظ کے حفظ سے، عالم کے علم سے، ڈاکٹر کے نسخہ سے، وکیل کی دلیل سے بحث ہو سکتی ہے مگر صحابی پر کسی طرح تنقید نہیں ہو سکتی، اس کو صحابی ماننا اس کے اور پیغمبر کے ایک تعلق کو تسلیم کرنا ہے اور یہ تعلق اس کی کسی کمزوری کے باعث کمزور نہ پڑ سکے گا صحابیت صحابیت ہے گو کسی درجے میں ہو حضورِ اکرمﷺ نے فرمایا میرے بعد میرے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو ہدف ملامت نہ بنانا ان سے تمہارا پیار میرے پیار کے باعث ہے اور جو ان سے بغض رکھے اس کا وہ بغض میرے ساتھ ہو گا سو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں صحیح عقیدہ یہ ہے کہ ان پر تنقید جائز نہیں اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان سے غلطی ہو نہیں سکتی ہم صرف یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہمیں ان کی غلطی نکالنے کا حق نہیں۔
خطاء بزرگاں گرفتن خطا است۔
امتی اور نبی کے درمیانی جو فاصلے ہیں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر تنقید کرنے سے وہ اور بڑھیں گے اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عقیدت سے وہ کم ہوں گے اس وجہ سے بڑے بڑے علماءِ اسلام نے ان کے بارے میں زبان بند رکھنے کا امر فرمایا ہے۔
نامناسب نہ ہو گا کہ ہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی بے مثال قربانیوں کی وہ تصویر جو ہندوستان کے وزیرِ تعلیم مولانا ابو الکلام آزاد نے کھینچی ہے آپ کے سامنے رکھ دیں پاکستان میں ہمیں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام اس سے بھی اوپر سمجھنا چاہیے اس کے بغیر شاید ہم اسے ایک اسلامی سلطنت نہ بنا سکیں:
محبت ایمان کی اس آزمائش میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین جس طرح پورے اترے اس کی شہادت تاریخ نے محفوظ کر لی اور وہ محتاج بیان نہیں بلاشبہ وہ مبالغہ کہا جا سکتا ہے کہ دنیا میں انسانوں کے کسی گروہ نے کسی کے ساتھ اپنے سارے دل اور اپنی ساری روح سے ایسا عشق نہیں کیا ہو گا جیسا صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے اللہ کے رسولﷺ سے راہِ حق میں کیا انہوں نے اس محبت کی راہ میں سب کچھ قربان کر دیا جو انسان کر سکتا ہے اور پھر اسی کی راہ سے سب کچھ پایا جو انسانوں کی کوئی جماعت پا سکتی ہے وَالسّٰبِقُوۡنَ الۡاَوَّلُوۡنَ کی محبت ایمانی کا یہی حال تھا ہر شخص جو ان کی زندگی کے سوانح کا مطالعہ کرے گا بے اختیار تصدیق کرے گا کہ انہوں نے راہ حق کی مصیبتیں صرف جھیلیں ہی نہیں بلکہ دل کی پوری خوش حالی اور روح کے کامل سرور کے ساتھ اپنی پوری زندگیاں ان میں بسر کر ڈالیں ان میں سے جو لوگ اول دعوت میں ایمان لائے تھے ان پر شب و روز کے جانکاہیوں اور قربانیوں کے پورے 23 برس گزر گئے لیکن اس تمام مدت میں کہیں سے بھی یہ بات دکھائی نہیں دیتی کہ مصیبتوں کی کڑواہٹ ان کے چہروں پر کبھی کھلی ہو، انہوں نے مال و علائق کی ہر قربانی اس جوش و مسرت کے ساتھ کی گویا دنیا جہاں کی خوشیاں اور راحتیں ان کے لیے فراہم ہو گئی ہیں اور جان کی قربانیوں کا وقت آیا تو اس طرح خوشی خوشی گردنیں کٹوا دیں گویا زندگی کی سب سے بڑی خوشی زندگی میں نہیں موت میں تھی۔ (ترجمان القرآن: جلد2 صفحہ143)