اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام - ردِ…

اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 3 از 4

وَمَنۡ يُّشَاقِقِ الرَّسُوۡلَ مِنۡۢ بَعۡدِ مَا تَبَيَّنَ لَـهُ الۡهُدٰى وَ يَـتَّبِعۡ غَيۡرَ سَبِيۡلِ الۡمُؤۡمِنِيۡنَ نُوَلِّهٖ مَا تَوَلّٰى وَنُصۡلِهٖ جَهَـنَّمَ‌ وَسَآءَتۡ مَصِيۡرًا ۞(سورۃ النساء: آیت 115)

ترجمہ: اور جو کوئی مخالفت کرے رسول کی جب کہ کھل چکی اس پر سیدھی راہ اور چلے سب مسلمانوں کے رستہ کے خلاف تو ہم حوالہ کریں گے اس کو اسی طرف جو اس نے اختیار کی اور ڈالیں گے ہم اس کو دوزخ میں اور وہ بہت بری جگہ پہنچنے کی۔

حضورِ اکرمﷺ کے زمانے کے یہ مومنین کون ہیں؟ یہ وہی حضرات ہیں جنہیں ہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کہتے ہیں ان کی راہ کو اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر کی راہ سے جوڑا ہے۔ اور اس راہ کو چھوڑنے والوں کو جہنمی فرمایا ہے یہ بدوں اس کے نہیں ہو سکتا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا عام عمل لوگوں کے لیے کھلے بندوں شریعت کے آئینہ میں اترتا نظر آئے اور ان کا ہر عمل حضورِ اکرمﷺ کی اتباع میں ہو جو زندگی ملتبس ہو وہ کبھی آئینہ نہیں بنتی۔

9: محسنین امت یہی ہیں جن کا ساری امت پر احسان ہے:

آئندہ آنے والے لوگوں کو دین انہی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے ملا ہے اور یہ حضرات یقیناً پوری امت کے محسنین ہیں آنحضرتﷺ سے دین انہی حضرات نے لیا اور سیکھا اور پھر اسے آگے پہنچایا اور سکھایا قرآن کریم نے انہیں متقین کہا ہے کہ یہی اللہ سے ڈرنے والے ہیں اور ان کے لیے خوشخبری سنائی گئی:

اِنَّ الۡمُتَّقِيۡنَ فِىۡ جَنّٰتٍ وَّعُيُوۡنٍ ۞اٰخِذِيۡنَ مَاۤ اٰتٰٮهُمۡ رَبُّهُمۡ‌ اِنَّهُمۡ كَانُوۡا قَبۡلَ ذٰلِكَ مُحۡسِنِيۡنَ ۞كَانُوۡا قَلِيۡلًا مِّنَ الَّيۡلِ مَا يَهۡجَعُوۡنَ ۞وَبِالۡاَسۡحَارِ هُمۡ يَسۡتَغۡفِرُوۡنَ ۞وَفِىۡۤ اَمۡوَالِهِمۡ حَقٌّ لِّلسَّآئِلِ وَالۡمَحۡرُوۡمِ ۞(سورۃ الذاریات: آیت 15تا 19)

ترجمہ: البتہ ڈرنے والے باغوں میں ہیں اور چشموں میں لیتے ہیں جو دیا ان کو ان کے رب نے، وہ تھے اس سے پہلے نیکی والے وہ تھے رات کو تھوڑا سوتے اور صبح کے وقتوں میں معافی مانگتے اور ان کے مال میں حصہ تھا مانگنے والوں کا اور ہارے ہوئے لوگوں کا۔

سیدنا علی المرتضیٰؓ نے بھی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سیرت کا یہی نقشہ کھینچا ہے:

لقد رأيت أصحاب محمدﷺ فما أرى أحدا يشبههم لقد كانوا يصبحون شعثا غبرا وقد باتوا سجدا وقياما يراوحون بين جباههم وخدودهم ويقفون على مثل الجمر من ذكر معادهم كأن بين أعينهم ركب المعزى من طول سجودهم إذا ذكر الله هملت أعينهم حتى تبل جيوبهم ومادوا كما يميد الشجر يوم الريح العاصف خوفا من العقاب ورجاء الثواب۔(نہج البلاغہ: جلد 1 خطبہ 97 صفحہ 189)

ترجمہ: میں نے حضرت محمدﷺ کے صحابہ کرام کو دیکھا ہے میں تم میں سے کسی کو بھی ان جیسا نہیں پاتا وہ صبح کو دھول میں اٹے ہوتے تھے اور رات کو سجدوں اور قیام کی حالت میں گزار دیتے تھے وہ کبھی اپنی پیشانیاں زمین پر رکھتے تھے اور کبھی رخسار وہ اپنی آخرت یاد کرتے تو معلوم ہوتا کہ انگاروں پر کھڑے ہیں ان کی آنکھوں کے درمیان لمبے سجدے کرنے کے باعث مینڈھے کے گھٹوں جیسا گھٹا ہوتا تھا جب اللہ کا ذکر ہوتا تو ان کی آنکھیں آنسو برساتیں یہاں تک کہ گریبان تر ہو جاتے اور عذاب کے خوف اور ثواب کی امید سے اچھے لرزتے اور کپکپاتے جیسے تیز آندھی میں درخت کی حالت ہوتی ہے۔(اردو ترجمہ: جلد 1صفحہ 71)

سیدنا علی المرتضیٰؓ یہ بھی فرماتے ہیں:

إخوانی الذين تلوا القرآن فأحكموه وتدبروا الفرض فأقاموه أحيوا السنة وأماتوا البدعة دعوا للجهاد فأجابوا ووثقوا بالقائد فاتبعوه۔ (نہج البلاغہ: جلد 2خطبہ 182 صفحہ 109)

ترجمہ: میرے وہ بھائی (آج ہوتے) جنہوں نے قرآن پڑھا تو اس پر خوب عمل کیا اور فرائض میں تدبر کیا تو انہیں قائم کر دکھایا آنحضرتﷺ کی سنتوں کو زندہ کیا اور بدعات کا خاتمہ کیا جب جہاد کی طرف بلائے گئے تو انہوں نے اپنی جانوں کو پیش کر دیا اور زندہ ہونے کی حالت میں اپنے قائد (یعنی خاتم الانبیاءﷺ) پر پورا پورا اعتماد کرتے ہوئے اس کی پوری اتباع کی۔

10: صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے دلوں میں ایمان لکھا جا چکا تھا:

اللہ تعالیٰ نے صحابہ کے بارے میں فرمایا:

اُولٰٓئِكَ كَتَبَ فِىۡ قُلُوۡبِهِمُ الۡاِيۡمَانَ وَاَيَّدَهُمۡ بِرُوۡحٍ مِّنۡهُ‌ الخ۔(سورۃ المجادلہ: آیت 22)

ترجمہ: یہی وہ لوگ ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں ایمان لکھا اور روح القدس سے ان کی مدد کی۔

اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام کیا ہے اس پر یہ دس آیتیں یاد رکھیں اللہ تعالیٰ نے جب ان کے دلوں کی خبر دے دی دلوں میں لکھا ایمان کوئی منقبت نہیں جب تک کہ ظاہر سراپا اسلام نہ ہو سو اب اس سے چارہ نہیں کہ ہم تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو خاص طور پر ان افراد کو جن پر خدا کا وعدہ خلافت پورا ہوا مومن کامل سمجھیں، وہ وعدہ یہ تھا:

وَعَدَ اللّٰهُ الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا مِنۡكُمۡ وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَـيَسۡتَخۡلِفَـنَّهُمۡ فِى الۡاَرۡضِ كَمَا اسۡتَخۡلَفَ الَّذِيۡنَ مِنۡ قَبۡلِهِمۡ وَلَيُمَكِّنَنَّ لَهُمۡ دِيۡنَهُمُ الَّذِى ارۡتَضٰى لَهُمۡ وَلَـيُبَدِّلَــنَّهُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ خَوۡفِهِمۡ اَمۡنًا‌ الخ۔(سورۃ النور: آیت 55)

صفحہ 3 از 4