اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام - ردِ…

اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 4

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین مقتدا تبھی بن سکیں گے کہ ان کی زندگیاں نمایاں ہوں، چھپی نہ ہوں وہ ملتبس رہیں تو یہ اسوہ کیسے بنیں گے جن کے ظاہر و باطن میں فرق ہو وہ کبھی کسی قوم کے پیشوا نہیں ہو سکتے۔

4: امت محمدیہ کی صف اول خیر البریۃ قرار دی گئی ہے:

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اپنے وقت میں کل بنی آدم کا بہترین طبقہ ہیں بریہ کی جمع برایا ہے، جیسے رعیّت کی جمع رعایا وكنت قلت فیھم

 وفی التنزیل هم خير البرايا

وخير الملك من رحم الرعايا

قد انتشروا اذا بر او بحرا

وكانوا خير من ركب المطايا۔

اِنَّ الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ اُولٰٓئِكَ هُمۡ خَيۡرُ الۡبَرِيَّةِ ۞(سورۃ البینہ: آیت 7)

ترجمہ: بیشک جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کیے وہ بہترین لوگ ہیں۔

یہ ان لوگوں کے بارے میں ہے جو آنحضرتﷺ کے ہاتھ پر ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کیے ظاہر ہے کہ یہ خیر البریہ ہونے کی خبر انہی حضرات کے بارے میں دی گئی ہے جس طرح وہ امت کا خیر تھے وہ کل بریہ کا بھی خیر ہیں اور خیر الخلائق بھی ہیں ۔

5: صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اقوام عالم کا قبلہ بنائے گئے:

دنیا میں کچھ قومیں دوسری قوموں کے لیے پیشوا کا درجہ رکھتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضورِ اکرمﷺ پر سلسلہ نبوت ختم کرنے کے بعد آئندہ کے لیے جو لوگ اقوامِ عالم کا قبلہ بنائے وہ حضراتِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہیں قرآنِ کریم میں انہیں امت وسطاً کہا گیا ہے یہ امت (صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین) حضرت خاتم النبیینﷺ اور دیگر اقوامِ عالم کے مابین ایک درمیانے درجے کی حیثیت رکھتی ہے کہ وہ اپنا پیشوا حضور ختمی مرتبتﷺ کو جانیں اور دوسروں کے لیے خود پیشوا بنیں اللہ تعالیٰ نے جب مسلمانوں کو بیت المقدس سے ہٹا کر مسجد حرام کے قبلہ پر ڈالا تو فرمایا:

وَكَذٰلِكَ جَعَلۡنٰكُمۡ اُمَّةً وَّسَطًا لِّتَکُوۡنُوۡا شُهَدَآءَ عَلَى النَّاسِ وَيَكُوۡنَ الرَّسُوۡلُ عَلَيۡكُمۡ شَهِيۡدًا الخ۔(سورۃ البقرہ: آیت 143)

ترجمہ: اور اسی طرح ہم نے تمہیں امت وسط بنایا تاکہ تم لوگوں پر (دینِ خداوندی) کے گواہ رہو اور اللہ کا رسول تم پر (دینِ خداوندی کا) گواہ ہو۔

اس سے پتہ چلا کہ خاتم النبیینﷺ کے بعد صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہیں جو دوسرے لوگوں کے لیے نمونے کے لوگ ہیں اور یہ سب عادل ہیں، ان کی مرسل روایت بھی متصل کا درجہ رکھتی ہے جس طرح ستاروں سے روشنی ہی ملتی ہے (وہ کم ہو یا زیادہ) صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے روشنی ہی ملے گی ان سے اندھیرا کبھی نہیں پھیلا قرآنِ کریم نے اس آیت میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو قبلہ اقوامِ عالم بتایا ہے جس طرح خانہ خدا نماز کا قبلہ ہے، صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اقوامِ عالم کا قبلہ ہیں سیدنا عمرؓ نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو ان کے اس پیشوا حیثیت کا پتہ ان الفاظ میں دیا تھا:

انكم ايها الرهط ائمة يقتدى بكم الناس۔ (رواه مالك)

ترجمہ: اے قافلے والو! تم بے شک ائمہ ہو، بعد کے آنے والے تمہاری پیروی میں چلیں گے۔

اب آپ ہی بتائیں یہ آسمانِ ہدایت کے ستارے نہیں تو اور کیا ہیں۔

6: صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی جبلت میں مومنوں سے خیر خواہی اور کافروں سے نفرت:

مُحَمَّدٌ رَّسُوۡلُ اللّٰهِ‌ وَالَّذِيۡنَ مَعَهٗۤ اَشِدَّآءُ عَلَى الۡكُفَّارِ رُحَمَآءُ بَيۡنَهُمۡ ‌تَرٰٮهُمۡ رُكَّعًا سُجَّدًا يَّبۡتَغُوۡنَ فَضۡلًا مِّنَ اللّٰهِ وَرِضۡوَانًا‌ سِيۡمَاهُمۡ فِىۡ وُجُوۡهِهِمۡ مِّنۡ اَثَرِ السُّجُوۡدِ‌ الخ۔(سورۃ الفتح: آیت 29)

ترجمہ: محمد(ﷺ) رسول اللہ کا اور جو لوگ اس کے ساتھ ہیں زور آور ہیں کافروں پر نرم دل ہیں آپس میں تو دیکھے ان کو رکوع میں اور سجدہ میں ڈھونڈتے ہیں اللہ کا فضل اور اس کی خوشی نشانی ان کی ان کے منہ پر ہے سجدہ کے اثر سے۔

یہاں صرف وَالَّذِيۡنَ مَعَهٗۤ فرمایا، وَالَّذِينَ آمَنُوا مَعَهُ نہیں کہا جس سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کے ساتھ تھے ہی ایمان والے جو منافق بغیر ایمان کے مسلمانوں میں گھس آئے وہ حضورِ اکرمﷺ کے پاس حاضری تو دیتے لیکن مجلس کی دولت نہ پاسکتے تھے یہ صرف صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہیں جو آنحضرتﷺ کے ساتھی سمجھے گئے اور یہ ان کی صفات میں ہے کہ اپنوں میں دل کے انتہائی نرم اور کافروں پر انتہائی سخت تھے۔

7: پہلے ایمان لانے والے اور بعد میں ایمان لانے والے دونوں طبقے جنتی ہیں:

فتح مکہ سے پہلے ایمان لانے والے اور سختیاں جھیلنے والے یقیناً ان حضرات سے افضل و اعلیٰ اور بلند و بالا ہیں جو بعد میں ایمان لائے لیکن جنت کا وعدہ دونوں سے ہے بلکہ جو ان کی پیروی میں چلا وہ بھی جنت کو پا گیا دوزخ کے قریب پھٹکنا تو درکنار آگ کے شعلوں کی سرسراہٹ تک ان کے کانوں میں نہ جاسکے گی:

لَا يَسۡتَوِىۡ مِنۡكُمۡ مَّنۡ اَنۡفَقَ مِنۡ قَبۡلِ الۡفَتۡحِ وَقَاتَلَ‌ اُولٰٓئِكَ اَعۡظَمُ دَرَجَةً مِّنَ الَّذِيۡنَ اَنۡفَقُوۡا مِنۡۢ بَعۡدُ وَقَاتَلُوۡا‌ وَكُلًّا وَّعَدَ اللّٰهُ الۡحُسۡنٰى‌ الخ۔(سورۃ الحدید: آیت 10)

ترجمہ: برابر نہیں تم میں سے جس نے خرچ کیا فتح مکہ سے پہلے اور لڑائی کی ان لوگوں کا درجہ بڑا ہے ان سے جو خرچ کریں اس کے بعد اور لڑائی کریں اور سب سے وعدہ کیا ہے اللہ نے جنت کا۔

اور پھر یہ بھی فرمایا:

اِنَّ الَّذِيۡنَ سَبَقَتۡ لَهُمۡ مِّنَّا الۡحُسۡنٰٓى اُولٰٓئِكَ عَنۡهَا مُبۡعَدُوۡنَ ۞(سورۃ الانبیاء: آیت 101)

لَا يَسۡمَعُوۡنَ حَسِيۡسَهَا‌ وَهُمۡ فِىۡ مَا اشۡتَهَتۡ اَنۡفُسُهُمۡ خٰلِدُوۡنَ‌ ۞(سورۃ الانبیاء: آیت 102)

لَا يَحۡزُنُهُمُ الۡـفَزَعُ الۡاَكۡبَرُ الخ۔(سورۃ الانبیاء: آیت 103)

ترجمہ: جن کے لیے پہلے سے ٹھہر چکی ہماری طرف سے جنت وہ اس آگ سے دور رہیں گے نہیں سنیں گے اس کی آہٹ اور وہ اپنے جی کے مزوں میں سدا رہیں گے نہ غم ہو گا ان کو اس بڑی گھبراہٹ میں۔

8: امت کو حضور اکرمﷺ کے زمانے کے مومنین کی راہ پر چلنے کی دعوت:

صفحہ 2 از 4