اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام - ردِ…

اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مقام

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

صفحہ 1 از 4

محقق العصر حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمۃاللہ علیہ 

(ڈائریکٹر اسلامک اکیڈمی مانچسٹر)

الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى اَمَّا بَعْدُ!

حضرت خاتم النبیینﷺ کی رسالت پر جو لوگ ایمان لائے وہ آپﷺ کی امت اجابت ہیں اور جن کی طرف آپ ﷺمبعوث ہوئے وہ اِس دور کے ہوں یا اُس دور کے، وہ آپﷺ پر ایمان لائے ہوں یا نہ، یہ سب آپ کی امت دعوت ہیں اس جہت سے تمام یہود و نصاریٰ، ہندو اور بدھ آپ کی امت دعوت ہیں اور وہ سب اس کے مکلف ہیں کہ آپﷺ پر ایمان لائیں اور آپ ﷺکی تصدیق کریں جنہوں نے آپ ﷺکی نبوت، رسالت اور خاتمیت کی تصدیق کی اور اسے تسلیم کیا وہ آپﷺ کی امت اجابت ہو گئے پہلے وہ صرف امت دعوت تھے جب اس دور کے رسول آپﷺ ہیں تو اس وقت کے تمام بنی نوع انسان آپ ﷺکی امت دعوت ہیں۔

امت کا پہلا طبقہ جنہوں نے آپﷺ کا دور پایا اور وہ آپ کے سامنے ایمان لائے، انہیں صحابہ کہا جاتا ہے اور وہ امت کا پہلا دستہ ہیں، اور اس کا اولین طبقہ ہیں پھر ان کے دو طبقے ہیں ایک مہاجرین اور دوسرے انصار، انہی کو مجموعی طور پر صحابہ کہا جاتا ہے۔

1: منافقین صحابہ کے پیرائے میں جلیس نبوت نہ تھے:

جو لوگ ظاہراً اسلام لائے اور اندر سے مومن نہ تھے انہیں منافق کہتے ہیں ان کا مسلمانوں کے ساتھ عام اٹھنا بیٹھنا تھا اور وہ مسلمانوں کی قومی ضروریات پر خرچ کرنا بھی مشکل جانتے تھے وہ مسلمانوں میں چلتے پھرتے بھی غیر دکھائی دیتے تھے البتہ اس وقت اجازت نہ تھی کہ انہیں زیادہ نمایاں کیا جائے انہیں ابھی پردے میں رکھنے میں بہتری تھی لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ اپنے کردار اور اطوار میں مسلمانوں سے صاف علیحدہ نظر آتے تھے۔

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ماشاء اللہ اپنے ایمان اور اسلام میں بہت پختہ تھے ان سے غلطیاں بھی ہوتیں، کئی قصور سرزد ہوتے لیکن آنحضرتﷺ کے فیض تربیت سے ان کا بتدریج تزکیہ ہوا یہاں تک کہ وہ اس مقام پر پہنچے کہ حضورِ اکرمﷺ کے سامنے ایمان کا معیار قرار پاگئے اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں منافقوں کے دعویٰ ایمان کو مسترد کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:

فَاِنۡ اٰمَنُوۡا بِمِثۡلِ مَآ اٰمَنۡتُمۡ بِهٖ فَقَدِ اهۡتَدَوْا وَاِنۡ تَوَلَّوۡا فَاِنَّمَا هُمۡ فِىۡ شِقَاقٍ‌ الخ۔(سورۃ البقرہ: آیت 137)

ترجمہ: سو اگر یہ ایمان لائیں جیسا کہ تم ایمان لائے ہو تو بے شک وہ ہدایت پا گئے اور اگر وہ (تمہیں معیار ماننے سے) منہ پھیریں تو سمجھ لو کہ یہ یہیں دوسری طرف کے لوگ ہیں۔

اور قرآنِ کریم میں یہ بھی ہے:

وَاِذَا قِيۡلَ لَهُمۡ اٰمِنُوۡا كَمَاۤ اٰمَنَ النَّاسُ قَالُوۡاۤ اَنُؤۡمِنُ كَمَاۤ اٰمَنَ السُّفَهَآءُ‌ اَلَاۤ اِنَّهُمۡ هُمُ السُّفَهَآءُ الخ۔(سورۃ البقرہ: آیت 13)

ترجمہ: اور جب انہیں کہا جاتا ہے کہ اس طرح ایمان لاؤ جیسا کہ یہ پیغمبر کے ساتھ کے لوگ ایمان لائے تو کہتے ہیں کہ کیا ہم ان بے وقوفوں کی طرح ایمان لائیں۔

یہ آیات بتلاتی ہیں کہ منافق کبھی مسلمانوں سے ملتبس (Veiled) نہ ہو پائے تھے کہ پتہ نہ چلے کہ کوئی اندر سے کیسا ہے؟ اگر ان میں کوئی امتیاز نہ ہوتا تو ان کی اس طرح علیحدہ علیحدہ باتیں کیوں ہوتیں جو قرآنِ کریم نقل کر رہا ہے حضورِ اکرمﷺ کوئی ایسا مخلوط معاشرہ نہ ترتیب دے رہے تھے کہ پتہ نہ چلے کہ کوئی اندر سے کیسا ہے ملتبس سوسائٹی قائم کرنا پیغمبرانہ شان نہیں سو صحیح یہ ہے کہ جنہیں آنحضرت ﷺنے اپنا صحابی بنایا انہیں اپنے قریب رہنے کا موقع دیا ان پر ہر گز کسی شبے کا چھینٹا نہیں ہے۔ جو اندر سے مسلمان نہ ہو وہ جلیس نبوت نہ ہوتے تھے۔

2: ان کی پیروی رضائے خداوندی کا نشان ٹھہری:

وَالسّٰبِقُوۡنَ الۡاَوَّلُوۡنَ مِنَ الۡمُهٰجِرِيۡنَ وَالۡاَنۡصَارِ وَالَّذِيۡنَ اتَّبَعُوۡهُمۡ بِاِحۡسَانٍ رَّضِىَ اللّٰهُ عَنۡهُمۡ وَرَضُوۡا عَنۡهُ الخ۔(سورۃ التوبہ: آیت 100)

ترجمہ: اور جو لوگ قدیم ہیں پہلے ہجرت کرنے والے اور پہلے مدد کرنے والے اور وہ لوگ جنہوں نے ان مہاجرین و انصار کی پورے اخلاص سے پیروی کی اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ خدا سے راضی ہوئے۔

سو جن لوگوں کی پیروی رضائے خداوندی کا نشان قرار دی گئی وہ لوگ خود کس قدر اللہ تعالیٰ کی آغوش محبت میں ہوں گے۔ یوں سمجھیے وہ ہدایت کے ستارے ہیں جن کی پیروی ہدایت کی ضمانت اور رضائے خداوندی کے حصول کی بشارت ہے حدیث اصحابی کالنجوم میں اسی طرف اشارہ ہے اور اس کا مضمون قرآن کریم سے ماخوذ ہے۔

سوال: کیا یہ صرف سابقین اولین ہیں جن کی پیروی رضائے خداوندی کا نشان ٹھہری یا تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین آسمانِ ہدایت کے ستارے ہیں کہ ان کی پیروی کی جا سکے۔

جواب: جو سابقین اولین کے بعد اسلام لائے وہ بھی تو ان سابقین اولین کی پیروی میں ہی چلے ہیں۔ وہ اسی راستے پر آئے جس پر سابقین اولین پہلے آ چکے تھے اور وہ انہی کی پیروی کرنے والوں میں سے تھے پھر کیا یہ وہی لوگ تو نہیں جن سے اللہ تعالیٰ نے اپنے راضی ہونے کی خبر دی ہے سابقین اولین کے پیرو دونوں طبقوں میں سے ہیں۔

1: صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سے بھی۔ 

2: اور تابعین میں سے بھی۔ 

ان سابقین کی پیروی تبھی رضائے الٰہی کا نشان ہو سکتی ہے کہ ان کی زندگی نمایاں ہو، ملتبس نہ ہو، لوگ انہیں اور ان کی پیروی کرنے والوں کو پہچانتے ہوں۔

3: اس امت کی صفِ اول خیر الامت قرار دی گئی ہے:

كُنۡتُمۡ خَيۡرَ اُمَّةٍ اُخۡرِجَتۡ لِلنَّاسِ تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ وَتَنۡهَوۡنَ عَنِ الۡمُنۡكَرِ وَتُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰهِ‌ الخ۔(سورۃ آل عمران: آیت 110)

ترجمہ: تم خیر امت (بہترین لوگ) ہو جو لوگوں (کی ہدایت) کیلیے سامنے لائے گئے تم حکم کرتے ہو اچھے کاموں کا اور تم منکرات سے روکنے والے ہو اور تم ایمان لائے ہوئے ہو۔

یہاں تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ وَتَنۡهَوۡنَ عَنِ الۡمُنۡكَرِ میں نصیحت نہیں کی جا رہی ان کے حالات اور ان کے ایمان کی خبر دی جا رہی ہے سو صف اول کے لوگ اگر علی العموم مسلمان نہ ہوں تو اس پوری آیت کی تکذیب لازم آتی ہے مسلمان سارے سمجھے جائیں گے اور منافق کوئی کوئی صالحین سارے گنہگار کوئی کوئی۔

صفحہ 1 از 4