صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی نظیر تاریخ میں نہیں…

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

وہ کہتے ہیں کہ ان بشری لغزشوں اور کوتاہیوں کے باوجود جو انسانیت کا لازمہ ہیں مجموعی حیثیت سے انبیاء کرام علیہم السلام کے علاوہ افراد انسانی کا کوئی مجموعہ اور انسانوں کی کوئی نسل صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے بہتر سیرت و کردار کی نظر نہیں آتی اگر ان کی زندگی میں کہیں کہیں کچھ ہلکے سے دھبے اور داغ نظر آتے ہیں تو اس کی مثال ایسی ہے جیسے سفید کرتے میں کہیں کہیں بھی تھوڑی سی سیاہی نظر آ جائے یہ عیب چینیوں کا قصور ہے کہ ان کو اس کپڑے میں سیاہی کا نقطہ تو نظر آیا اور اس کپڑے کی سفیدی نہ نظر آئی دوسری جماعتوں کا حال تو یہ ہے کہ ان کا سارا نامہ اعمال سیاہ نظر آتا ہے کہیں کہیں ان سے سفیدی نظر آتی ہے موصوف لکھتے ہیں:

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اخیارِ امت ہیں امتِ محمدی میں کوئی گروہ ایسا نہیں ہے جو ان سے زیادہ ہدایت اور دین حق پر مجتمع اور تفرق و اختلاف سے دور ہو ان کی زندگی میں کوئی نقص کی بات بھی نظر آتی ہے تو اگر اس کا کسی دوسری امت کے حالات زندگی سے مقابلہ کیا جائے تو اس کے مقابلہ میں اس کی کوئی حقیقت نہیں معلوم ہوتی غلطی اس شکل کی ہے جس کو سفید کپڑے کی تھوڑی سی سیاہی تو نظر آتی ہے مگر سیاہ کپڑے کی تھوڑی سی سفیدی نظر نہیں آتی یہ بڑی نادانی اور بڑا ظلم ہے اگر ان اکابر کا اپنے ہم رتبہ لوگوں سے مقابلہ کیا جائے تو پھر ان کی فوقیت اور ان کی ترجیح ظاہر ہو باقی یہ کہ کوئی شخص اپنے دل میں کوئی خیالی تصویر بنائے یا کوئی معیار تجویز کرے جس کو اللہ تعالیٰ نے پیدا ہی نہ کیا ہو تو اس کا کوئی اعتبار نہیں ایک شخص اپنے دل میں ایک امام معصوم کا تصور قائم کر لیتا ہے ایک شخص ایک اور ایسے امام کا تصور قائم کرتا ہے جس میں اور معصوم میں کوئی فرق نہیں اگرچہ اس کو صاف صاف معصوم نہیں کہتا اور وہ تجویز کرتا ہے کہ عالم کو یا شیخ کو یا امیر کو یا بادشاہ کو ایسا ہی ہونا چاہیے اور خواہ وہ کیسا ہی کثیر العلم کیسا ہی دیندار صاحبِ محاسن ہو اور اس کے ہاتھ سے اللہ تعالیٰ نے کیسے ہی خیر کے کام کرائے ہوں لیکن یہ تجویز کرتا ہے کہ اس کو ایسا کامل العلم ہونا چاہیے کہ اس پر کوئی چیز پوشیدہ نہ ہو اور وہ کسی بھی مسئلہ میں غلطی نہ کرے وہ بشریت کے لوازم و خصائص سے پاک ہو کبھی اس کو غصہ نہ آتا ہو تو اس کا کوئی علاج نہیں بلکہ بہت سے لوگ تو ان ائمہ کے متعلق وہ تجویز کرتے جو انبیاء تک کے لیے تجویز نہیں کرتے ہیں۔ (منہاج السنہ: جلد3 صفحہ242)

امام ابنِ تیمیہؒ اس پر بڑا زور دیتے ہیں کہ جس شخص کی ساری تاریخ پر نظر ہوگی اور اس نے مختلف قوموں اور امتوں کے حالات پڑھے ہوں گے اور مختلف انسانی جماعتوں کا تجربہ کیا ہوگا اس کو اس بات کا یقین ہو جائے گا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے زیادہ متحد حق کا پیرو و فتنہ اور افتراق سے نفور اور نفسانیت و دنیاداری سے دور کوئی جماعت نہیں گزری وہ لکھتے ہیں:

جس شخص نے دنیا کے تمام فرقوں کے حالات اور واقعات کا اہتمام سے مطالعہ کیا ہے اور ان کے حالات کا تتبع کیا ہے وہ جانتا ہے کہ کوئی گروہ ایسا نہیں گزرا جو ہدایت و رشد پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے زیادہ مجتمع اور تفرق واختلاف سے ان سے زیادہ دور ہو ان صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے متعلق اللہ تعالیٰ نے شہادت دی ہے کہ وہ اس کی مخلوق میں سب سے بہتر ہیں وہ فرماتا ہے تم وہ بہترین امت ہو جو لوگوں کے لیے نکالی گئی ہو تم نیکی کا حکم دیتے ہو برائی سے روکتے ہو اور اللہ پر ایمان لاتے ہو ہم مسلمانوں میں جو کچھ خیر ہے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی برکت ہے۔

امام ابنِ تیمیہؒ بالکل صحیح فرماتے ہیں کہ اس وقت مسلمانوں کے پاس علم و دین کا جو کچھ سرمایہ ہے خیر و برکت کا جو کچھ ذخیرہ ہے شعائرِ اسلام کی بلندی اسلام کی اشاعت عمل خیر کے جو کچھ محرکات اور جو کچھ توفیق خیر ہے اور یہ پوچھیے تو عالم میں اس وقت جو کچھ صلاح و خیر نظر آ رہی ہے وہ سب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی جانفشانیوں اخلاص علو ہمت ایثار اور قربانیوں کا نتیجہ اور ان کے نفوسِ قدسیہ کی برکت و نورانیت ہے امام ابنِ تیمیہؒ بڑے جوش سے لکھتے ہیں:

واما الخلفاء والصحابة فكل خير فيه المسلمون الى يوم القيامة من الايمان والاسلام والقرآن والعلم والمعارف والعبادات ودخول الجنة والنجاة من النار وانتصارهم على الكفار وعلو كلمة الله فانما هو ببركة ما فعله الصحابة الذين بلغوا الدين وجاهدوا فى سبيل الله وكل مؤمن آمن بالله فالصحابة رضى الله عنهم عليه فضل الى يوم القيامة وكل خير فيه الشيعة وغيرهم فهو ببركة الصحابة وغير الصحابة تبع لخير الخلفاء الراشدين فهم كانوا اقوم بكل خير فى الدين والدنيا من سائر الصحابة۔

ترجمہ: اس وقت سے لے کر قیامت تک مسلمانوں کے پاس جو کچھ خیر ہے مثلاً ایمان و اسلام قرآن علوم و معارف عبادات دخولِ جنت جہنم سے نجات کفار پر غلبہ اللہ کے نام کی بلندی وہ سب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی کوششوں کی برکت ہے جنہوں نے دین کی تبلیغ کی اور اللہ کے رستہ میں جہاد کیا جو مؤمن بھی اللہ پر ایمان لایا اس پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا احسان قیامت تک رہے گا اور شیعہ لوگوں کو بھی کچھ خیر حاصل ہے وہ بھی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی برکت سے اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی خیر خلفائے راشدینؓ کی خیر کے تابع ہے اس لیے کہ وہ دین و دنیا کی ہر خیر کے ذمہ دار اور سرچشمہ ہیں۔ (ماخوذ از ماہنامہ الحق اکوڑہ خٹک اپریل 1977ء)