امام ابنِ تیمیہؒ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عدالت کو اسلام کی ایک اہم بنیاد مانتے ہیں اور ان کو ان کی صداقت اور ثقافت پر بڑا یقین ہے وہ ان کو اسلام کی تعلیم کا سچا نمونہ اور رسول اللہﷺ کی تربیت اور فیض صحبت کا بہترین نتیجہ تسلیم کرتے ہیں ان کے نزدیک صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے فضائل ایسے قطعی اور متواتر ہیں اور قرآنِ مجید کی ایسی صریح نصوص و آیات سے اور ایسی احادیث و روایات سے ثابت ہیں کہ وہ کسی تاریخی روایت یا کسی غریب اور شاذ حدیث سے مشکوک نہیں ہو سکتے وہ لکھتے ہیں:
جب کتاب و سنت اور نقل متواتر سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے محاسن و فضائل ثابت ہو چکے ہیں تو یہ درست نہیں کہ وہ ایسی منقولات سے رد ہو جائیں جن میں سے بعض منقطع اور بعض محرف ہیں اور بعض ایسی روایات ہیں جن سے ان ثابت شدہ حقائق پر کوئی اثر نہیں پڑتا اس لیے کہ یقین شک سے زائل نہیں ہوا کرتا تاہم کو کتاب و سنت اور اپنے پیشروؤں کے اجماع اور ان کی مؤید اور متواتر روایات اور عقلی دلائل سے اس بات کا یقین ہو چکا ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین انبیاء علیہم السلام کے بعد افضل الخلق تھے اس یقین اور متواتر چیز پر ان امور کا اثر نہیں پڑ سکتا جو مشکوک و مشتبہ ہیں چہ جائے کہ جن کا باطل ہونا ظاہر ہو چکا ہے۔ (منہاج السنہ: جلد، 3 صفحہ، 209)
امام ابنِ تیمیہؒ اس کے قائل نہیں کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین انبیاء علیہم السلام اور حضورِ اکرمﷺ کی طرح معصوم تھے ان سے گناہ کا صدور ہو ہی نہیں سکتا لیکن وہ ضرور اس کے قائل ہیں کہ امت کے تمام لوگوں میں وہ سب سے زیادہ عادل خدا ترس صادق القول امین اور راست باز تھے اگر ان سے غلطیاں یا گناہ ہوئے تو اس کے مقابلہ میں ان سے ایسے اعمال حسنہ اور خدا اور رسول اللہﷺ کو راضی کرنے والے کام ہوئے جو ان سیئات کا کفارہ بن گئے اور بہر حال ان کے حسنات اور اعمال کا پلڑا ان کی تقصیرات پر بھاری ہے وہ لکھتے ہیں:
ہم پہلے لکھ چکے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے بعد کسی کے بھی گناہوں سے معصوم ہونے کے قائل نہیں چہ جائے کہ خطاء فی الاجتہاد کے بھی قائل نہ ہوں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
وَالَّذِىۡ جَآءَ بِالصِّدۡقِ وَصَدَّقَ بِهٖۤ اُولٰٓئِكَ هُمُ الۡمُتَّقُوۡنَ ۞(سورۃ الزمر: آیت 33)
لَهُمۡ مَّا يَشَآءُوۡنَ عِنۡدَ رَبِّهِمۡ ذٰلِكَ جَزٰٓؤُ الۡمُحۡسِنِيۡنَ ۞(سورۃ الزمر: آیت 34)
لِيُكَفِّرَ اللّٰهُ عَنۡهُمۡ اَسۡوَاَ الَّذِىۡ عَمِلُوۡا وَيَجۡزِيَهُمۡ اَجۡرَهُمۡ بِاَحۡسَنِ الَّذِىۡ كَانُوۡا يَعۡمَلُوۡنَ ۞(سورۃ الزمر: آیت 35)
ترجمہ: اور جو سچی بات لایا اور جس نے اس کی تصدیق کی وہی پرہیزگار ہیں ان کے لیے جو کچھ وہ چاہیں گے ان کے رب کے پاس موجود ہوگا نیکوکاروں کا یہی بدلہ ہے تاکہ اللہ ان سے وہ برائیاں دور کر دے جو انہوں نے کی تھیں اور اللہ ان کو ان کا اجر دے ان نیک کاموں کے بدلہ میں جو وہ کیا کرتے تھے۔
اللہ تعالیٰ دوسری جگہ فرماتے ہیں:
اُولٰٓئِكَ الَّذِيۡنَ نَـتَقَبَّلُ عَنۡهُمۡ اَحۡسَنَ مَا عَمِلُوۡا وَنَـتَجَاوَزُ عَنۡ سَيِّاٰتِهِمۡ فِىۡۤ اَصۡحٰبِ الۡجَنَّةِ وَعۡدَ الصِّدۡقِ الَّذِىۡ كَانُوۡا يُوۡعَدُوۡنَ ۞(سورۃ الاحقاف: آیت 16)
ترجمہ: یہی وہ لوگ ہیں جن سے ہم وہ نیک عمل قبول کرتے ہیں جنہوں نے کئے اور جنتیوں میں شامل کر کے ان کے گناہہوں سے در گزر کرتے ہیں یہ اس سچے وعدے کے مطابق ہے جو ان سے کیا گیا تھا۔