از قلم: مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندویؒ:
الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى اَمَّا بَعْدُ!
حضرت شیخ الاسلام ابنِ تیمیہؒ فرماتے ہیں:
یہ بات تواتر سے عوام و خواص کے نزدیک ثابت ہے کہ سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ اور سیدنا عثمانؓ کو رسول اللہﷺ سے خصوصی تعلق تھا اور ان تینوں حضرات کو آپﷺ کا قرب و اختصاص حاصل تھا اور ان تینوں کے آپ کے ساتھ رشتے ہیں دو صحابہؓ کی صاحبزادیاں آپﷺ کے نکاح میں تھیں اور ایک کے نکاح میں آپ کی دو صاحبزادیاں تھیں اور کہیں اس کا ذکر نہیں آتا کہ آپ ان کی مذمت کرتے تھے یا ان پر لعنت کرتے تھے بلکہ معروف یہی ہے کہ آپﷺ ان سے محبت کرتے تھے اور ان کی تعریف فرماتے تھے اب دو حال سے خالی نہیں یا تو یہ ماننا پڑے گا کہ یہ تینوں حضرات آپﷺ کی زندگی میں اور آپﷺ کی وفات کے بعد ظاہراً و باطناً صالح و وفادار اور سلیم العقیدہ اور صحیح العمل تھے یا یہ کہ وہ تینوں آپﷺ کی زندگی میں اور آپﷺ کی وفات کے بعد استقامت پر نہیں تھے اور (معاذ اللہ) دین سے منحرف تھے دوسری صورت میں اگر اس حالت اور انحراف کے باوجود ان کو آپﷺ کا تقرب حاصل تھا تو دو میں سے ایک بات ماننی پڑے گی یا تو آپ کو ان کے حالات کا علم نہیں تھا یا لیکن آپﷺ معاذ اللہ مداہنت کرتے تھے ان دونوں صورتوں میں سے ہر صورت رسول اللہﷺ کی شان پر بڑا دھبہ اور بہت بڑا اعتراض ہے تو وہی بات ہوگی جو شاعر نے کی ہے:
فان كنت لا تدرى فتلك مصيبة
وان كنت تدرى فالمصيبة اعظم
اور اگر یہ کہا جائے کہ آپﷺ کی زندگی تک تو وہ راہِ راست پر تھے تو یہ اس بات کی دلیل ہے کہ رسول اللہﷺ کو اپنی امت کے خواص اور اکابر اصحاب کے بارے میں بڑا دھوکا اور ناکامی ہوئی ہے جس شخص کو اپنے بعد ہونے والے واقعات کی خبر دی اس کو اتنی بات نہیں معلوم تھی کہ اس کے اخص الخواص اسی طرح منحرف ہو جائیں گے اور احتیاط کا تو یہی تقاضا تھا کہ امت کو آپ اس کی خبر دے جاتے تاکہ وہ غلطی سے کہیں ان کو خلیفہ نہ بنائیں اور جس شخص سے یہ وعدہ کیا گیا کہ اس کا دین تمام ادیان پر غالب ہوگا اس کے اکابر و خواص کیسے مرتد ہو سکتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ ایسی باتوں سے روافض رسول اللہﷺ کی ذات گرامی پر بہت بڑا اعتراض کرتے ہیں امام مالکؒ نے صحیح فرمایا ہے کہ دراصل روافض (اسی طرح وہ لوگ جو عدالتِ صحابہ کو مجروح کرنا چاہتے ہیں) نے رسول اللہﷺ کی ذات گرامی کو مطعون کرنا چاہا تاکہ لوگ کہیں کہ برے آدمی تھے اس لیے ان کے برے ساتھی تھے اگر اچھے آدمی ہوتے تو ان کے ساتھی بھی اچھے ہوتے اس لیے اہلِ علم کا قول ہے کہ رفض زندقہ کی ایک سازش ہے۔ (منہاج السنہ: جلد4 صفحہ123)