جب تک قرآن رہے گا امت میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا چرچا اور ان پر تفوق رہے گا
حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب قاسمیؒ (مہتمم دار العلوم دیوبند)
الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى اَمَّا بَعْدُ!
نبی کریمﷺ کے بعد مقدس ترین طبقہ نبی کے بلا واسطہ فیض یافتہ اور تربیت یافتہ لوگوں کا ہے جن کا اصطلاحی لقب صحابہ کرام ہے رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعين۔
خدا اور اس کی رسول نے من حيث الطبقہ اگر کسی گروہ کی تقدیس کی ہے تو وہ صرف حضراتِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا طبقہ ہے ان کے سوا کسی طبقہ کو من حيث الطبقہ مقدس نہیں فرمایا کہ طبقہ کے طبقہ کی تقدیس کی ہو مگر اس پورے کے پورے طبقہ کو راشد و مرشد، راضی مرضی، تقی القلب، پاک باطن، مستمر الطاعت، محسن و صادق اور موعود بالجنہ فرمایا پھر ان کی عمومی مقبولیت و شہرت کو کسی خاص قرن اور دور کے ساتھ مخصوص اور محدود نہیں رکھا بلکہ عمومی گردانا کتبِ سابقہ میں ان کے تذکروں کی خبر دے کر بتلایا کہ وہ اگلوں میں بھی جانے پہچانے لوگ تھے اور قرآنِ کریم میں ان کے مدائح و مناقب کا ذکر کر کے بتلایا کہ وہ پچھلوں میں بھی جانے پہچانے ہیں اور قیامت تک رہیں گے جب تک قرآنِ کریم رہے گا زبانوں پر دلوں میں ہر وقت کی تلاوت میں پنج وقتہ نمازوں میں خطبات و موعظت میں مسجدوں میں اور معبدوں میں مدرسوں اور خانقاہوں میں خلوتوں اور جلوتوں میں غرض جہاں بھی اور جب بھی اور جس نوعیت سے بھی قرآنِ کریم پڑھا جاتا رہے گا وہیں ان کا چرچا اور امت پر ان کا تفوق نمایاں ہوتا رہے گا پس بلحاظ مدح و ثناء وہ امت میں یکتا و بے نظیر ہیں جن کی انبیاء کرام علیہم الصلوٰة والسلام کے بعد اول و آخر کوئی نظیر نہیں ملتی مگر علماءِ دیوبند نے اپنے اس مسلک میں جو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی بابت عرض کیا گیا رشتہ اعتدال کو ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور کسی گوشہ سے بھی اس میں افراط و تفریط اور غلو آنے نہیں دیا مثلاً وہ عظمت و جلالت کے معیار سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں تفریق کے قائل نہیں کہ کسی کو لائق محبت سمجھیں اور کسی کو معاذ اللہ لائق عداوت سمجھیں کسی کی مدح میں رطب اللسان ہوں اور عیاذ باللہ کسی کی مذمت میں یا انہیں سب و شتم اور قتل و غارت کرنے پر اتر آئیں اور ان کا خون بہانے پر اتر آئیں اور ان کا خون بہانے میں بھی کسر نہ چھوڑیں اور پھر ان میں سے بعض کو نبوت سے بھی اونچا مقام دینے پر آ جائیں انہیں معصوم سمجھنے لگیں حتیٰ کہ ان میں بعض میں حلول خداوندی ماننے لگیں۔
علماءِ دیوبند کے مسلک پر یہ سب حضرات مقدسّین تقدس کے انتہائی مقام پر ہیں مگر نبی یا خدا نہیں بلکہ بشریت کی صفات سے متصف لوازم بشریت اور ضروریاتِ بشری کے پابند ہیں مگر عام بشر کی سطح سے بالا تر کچھ معمولی امتیازات بھی رکھتے ہیں جو عام تو کجا خود اس امت کے اولیاء کرام بھی ان مقامات تک نہیں پہنچ سکے یہی وہ نقطہ اعتدال ہے جو حضراتِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں علماءِ دیوبند نے اختیار کیا ہوا ہے ان کے نزدیک تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین شرفِ صحابیت اور صحابیت کی برگزیدگی میں یکساں ہیں اس لیے محبت و عظمت میں بھی یکساں ہیں تاہم ان میں باہم فرق مراتب بھی ہے لیکن یہ فرق چونکہ نفسِ صحابیت کا فرق نہیں اس لیے اس سے نفسِ صحابیت کی محبت و عقیدت میں بھی فرق نہیں پڑ سکتا۔
پس اس مسلک میں اَلصَّحَابَةُ كُلُّهُمْ عُدُولٌ (صحابہ سب کے سب عادل تھے) کار فرما ہے جو اس دائرہ میں اہلِ سنت و الجماعت کا جو بعینہ مسلک علماءِ دیوبند ہے اولین سنگ بنیاد ہے۔
اسی طرح علماءِ دیوبند ان کی اس معمولی عظمت و جلال کی وجہ سے جو انہیں بلا استثناء نجوم ہدایت مانتے ہیں اور یہ کہ بعد والوں کی نجات ان ہی کی علمی و عملی اتباع کے دائرہ میں محدود ہے لیکن انہیں شارع تسلیم نہیں کرتے کہ حق تشریع ان کے لیے ماننے لگیں اور یہ کہ وہ جس کو چاہیں حلال کر دیں اور جسے چاہیں حرام بنا دیں ورنہ نبوت اور صحابیت میں فرق باقی نہیں رہ سکتا پس وہ امتی تھے مگر امت کے مخلص ترین جانثار خادم تھے جن کی بدولت دین اپنے پیروں پر کھڑا ہوا اور اس نے دنیا میں قدم جمائے اس لیے وہ سب کے سب مجموعی طور پر مخدوم العالم اور خیر الخلائق بعد الانبیاء ہیں مگر یہ حضرات اس مسلک کی رو سے گو شارع تو نہ تھے مگر فانی فی الشریعۃ تھے شریعت ان کا اوڑھنا بچھونا بن گئی تھی اور وہ اس میں گم ہو کر اس کے درجہ کمال پر آگئے تھے جو مدار اطاعت ہوتا ہے اس لیے علماءِ دیوبند انہیں شریعت کے بارہ میں العیاذ باللہ خائن متساہل یا بد نیت یا حب جاہ و جلال کا اسیر کہنے کی معصیت میں مبتلا نہیں ان کے نزدیک یہ سب مقدس دین کی روایت کے راوی اول دینی درایت کے مبصر اول دینی مفہومات کے فہم اول اور پوری امت کے مربی اول حسب فرمودہ نبوی امت کے حق و باطل تھے جن کی رو سے فرقوں کے حق و باطل کا سراغ لگایا جا سکتا ہے اگر ان کی محبت و عظمت دل میں ہے اور بلا استثناء ہے تو وہ فرقہ حقہ کا فرد ہے اور اگر ذرا بھی ان کی عظمت و عقیدت میں کمی یا دل میں ان کی نسبت سے سوءِ ظن ہے تو اسی نسبت سے وہ فرقہ ناجیہ سے الگ ہے پس حق و باطل کے پرکھنے کی پہلی کسوٹی ان کی محبت و عظمت اور ان کی دیانت اور تقویٰ باطن کا اعتراف اور ان کی نسبتِ قلبی اذعان و اعتماد ہے اس لیے جو فرقہ بھی بلا استثناء انہیں عدول و متقن مانتا ہے وہی حسب ارشادِ نبوی فرقہ حقہ ہے اور وہ الحمد للہ اہلِ سنت والجماعت ہیں اور جو ان کے بارہ میں بد گمانی یا بد زبانی کا شکار ہے تو وہ حقانیت سے ہٹا ہوا ہے اس لیے شریعت کے باب میں ان کے بارے میں کسی ادنیٰ دخل و فصل کا تو ہم پورے دین پر سے اعتماد اٹھا دیتا ہے اگر وہ بھی معاذ اللہ دین کے بارے میں اِدہر اُدہر ہٹے ہوئے تھے تو بعد والوں کے لیے راہِ مستقیم پر ہونے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور پوری امت اول سے آخر تک ناقابلِ اعتبار ہو کر رہ جاتی ہے اس لیے حسبِ مسلک علماءِ دیوبند جہاں وہ منفرداً اپنی اپنی ذوات کے لحاظ سے تقی ونقی اور صفی ووفی ہیں وہیں بحیثیتِ مجموعی امت کی نجات بھی ان ہی کے اتباع میں منحصر ہے اور وہ بحیثیتِ قرنِ خیر من حيث الطبقہ پوری امت کے لیے قائم مقام اور معیارِ حق تھے پس جیسے نبوت کا منکر دائرہ اسلام سے خارج ہے ایسے ہی ان کے اجماع کا منکر بھی دائرہ اسلام سے خارج ہے حتیٰ کہ ان کا تعامل بھی بعض ائمہ ہدایت کے یہاں شرعی حجت تسلیم کیا گیا ہے اس لیے جذباتی رنگ سے انہیں گھٹانا بڑھانا اور گرانا جس طرح عقل و نقل قبول نہیں کرتی اسی طرح علماءِ دیوبند کا جامع عقل و نقل مسلک بھی اسے قبول نہیں کر سکتا علماءِ دیوبند ان کی غیر معمولی دینی عظمتوں کے پیشِ نظر انہیں سرتاج اولیاء مانتے ہیں مگر ان کے معصوم ہونے کے قائل نہیں البتہ انہیں محفوظ من اللہ مانتے ہیں جو ولایت کا انتہائی مقام ہے جس میں تقویٰ کی انتہا بشاشت ایمان جو ہر نفس ہو جاتی ہے اور سنت اللہ کے مطابق صدور معصیت عادۃً ناممکن ہو جاتا ہے ذلک إذا خالط بشاشة الايمان القلوب اس مقام کے تقاضا سے ان کا تقویٰ باطن ہمہ وقت ان کے لیے مذکر رہتا تھا پس معصوم نہ ہونے کی وجہ سے ان میں معصیت کا امکان تھا مگر محفوظ من اللہ ہونے کی وجہ سے ان میں معصیت کا صدور اور ذنوب کا اقدام نہ تھا پھر اس طبقہ میں یہ امکانی معصیت کا احتمال بھی بیرونی عوارض یا طبیعت کی حد تک تھا قلبی و داعی کی حد تک نہ تھا کیونکہ ان کے قلوب کی تطہیر اور ان کے تقویٰ کے پرکھے پر کھائے ہونے کی شہادت قرآنِ کریم دے رہا ہے اس لیے اگر عوام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سے کسی سے ابتدائی منزل میں طبقاً کوئی لغزش سرزد بھی ہوئی تو جیسا کہ وہ قلبی داعیہ یا گناہ کے کسی ملکہ سے جو دل میں جڑ پکڑے ہوئے ہو سرزد شدہ نہ تھی ایسے ہی اس کا اثر بھی ان کے قلبی ملکات و احوال یا باطنی تقویٰ تک نہ پہنچ سکتا تھا اس لیے ایسی اتفاق لغزش بھی ان کی باطنی بزرگی جس کی خدا تعالیٰ نے شہادت دی ہے متہم نہیں ٹھہر سکتی۔ (ماخوذ از ماہنامہ الحق اکوڑہ خٹک جلد 1995ء)