صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت وسیلہ نجات ہے اور ان کا ذکر ذخیرہ آخرت ہے
از امام اہِل سنت حضرت مولانا عبد الشکور صاحب لکھنویؒ:
الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى اَمَّا بَعْدُ!
حق تعالیٰ نے اپنی آخری کتاب اور آخری شریعت کا محافظ اور نگہبان اور اس کا مبلغ و معلم جن حضرات کو بنایا ان کو اہلِ اسلام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کہتے ہیں.
سید الانبیاءﷺ تمام دنیا کے لیے اور قیامت تک کے لیے ہادی و پیشوا بن کر ملکِ عرب میں تشریف لائے اور 23 برس اس خاکدانِ فانی میں قیام فرمایا اور اپنے فرائض کو باحسن وجوہ پورا کرنے کر کے عالم جاودانی کو تشریف لے گئے آپ کے بعد تمام عالم میں اسلام کی تبلیغ کرنے والے اور ساری دنیا میں اس بات کی شہادت دینے والے کہ ہم نے اپنی آنکھوں سے حضرت محمد مصطفیٰﷺ کو دیکھا اور اپنے کانوں سے ان کی اعلانِ نبوت کو سنا ہے اور ان کے معجزات و دلائل نبوت کا ہم نے خود مشاہدہ کیا ہے اور ہم نے خود انہی سے تعلیم پائی ہے وہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین ہی تھے.
خداوندِ کریم نے بہترین انبیاءﷺ کو جامع کمالات بنایا اور بہت سے کمالات آپ کو ایسے عطا فرمائے کہ آپ سے پہلے کسی کو نہیں ملے منجملہ ان مخصوص کمالات کے ایک نمایاں کمال آپ کو سرعتِ تاثیر کا عطا فرمایا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ جو کام آپ سے 23 برس میں انجام کو پہنچا انبیاء سابقین سے اس سے دونی چوگنی مدت میں بھی نہ ہو سکا حضرت نوح علیہ السلام کی 950 برس کی محنت کا نتیجہ قرآن مجید میں ارشاد ہوا ہے کہ:
وَمَاۤ اٰمَنَ مَعَهٗۤ اِلَّا قَلِيۡلٌ ۞(سورۃ ہود: آیت 40)
اور آنحضرتﷺ کی 23 برس کی کوشش کا نتیجہ یوں بیان فرمایا گیا: وَرَاَيۡتَ النَّاسَ يَدۡخُلُوۡنَ فِىۡ دِيۡنِ اللّٰهِ اَفۡوَاجًا ۞(سورۃ النصر: آیت 2)
یہی وجہ ہے کہ جو کثرت آپ کے اصحاب کو ہے اور جیسے کمالات ان میں ہیں یہ بات اور کہیں نہیں مل سکتی غزوہِ بدر میں آنحضرتﷺ کے ہمراه تین سو چودہ صحابی تھے اور حدیبیہ میں پندرہ سو، فتح مکہ میں دس ہزار، حنین میں بارہ ہزار، حجۃ الوداع میں چالیس ہزار، غزوہ تبوک میں ستر ہزار، اور بوقت وفات ایک لاکھ 24 ہزار۔ (دیکھو مجمع بحار الانوار)
دينِ اسلام میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا مرتبہ بہت بڑا ہے ان کا تقویٰ و تقدس ان کے فضائل و کمالات مابعد والوں کو نصیب نہیں ہو سکتے کوئی بڑے سے بڑا ولی کسی ادنیٰ صحابی کے مرتبہ کو نہیں پا سکتا صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت وسیلہ نجات ہے اور ان کا ذکر ذخیرہ آخرت ہے۔
فطرتِ انسانی کا ایک ممتاز خاصہ ہے کہ اخلاف اپنے اسلاف کی عزت کریں اور اسلاف کے کارناموں کو زندہ رکھیں اسی فطرت کی مطابق ہر امت نے اپنے نبی کے اصحاب کا احترام مذہب کا اہم ترین فریضہ قرار دیا آج جس عیسائی سے چاہو پوچھ کر دیکھ لو وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواریوں کی کس قدر عزت کرتا ہے علیٰ ہذا یہودیوں کو دیکھو کہ وہ اصحابِ موسیٰ علیہ السلام کو کس قدر مانتے ہیں اور ان کی فضیلت کا کیسا راسخ اعتقاد رکھتے ہیں۔
اہلِ اسلام بھی اسی فطرت کے مطابق صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو افضل امت مانتے ہیں علاوہ اس تقاضائے فطرت کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کی فضیلت اور ان کی تقدس و طہارت کے متعلق حسب ذیل عقلی و نقلی دلائل بھی ہیں جو ہر کلمہ گو کو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا معتقد بنانے کے لیے کافی ہیں یہاں ہم بنظر اختصار چند دلائل کو درج کرتے ہیں:
قرآنِ مجید کو دیکھیے تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی متعلق ایسی آیتیں آپ کو ملیں گی جن کے بعد کوئی مسلمان صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے فضائل کا انکار نہیں کر سکتا اس وقت ان سب آیتوں کو تو نہیں لکھا جا سکتا البتہ ان کے مضامین کی نوعیت بطورِ مثال بیان کی جاتی ہے۔
کچھ آیتیں وہ ہیں جن میں مطلقاً تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے فضائل کا بیان ہے مثلاً فرمایا اللہ تعالیٰ نے ایمان کو تمہارا محبوب بنا دیا ہے اور اس کو تمہارے دلوں میں رچا دیا ہے اور کفر فسق اور نافرمانی سے تم کو متنفر کر دیا ہے۔(پارہ 26، سورۃ الحجرات)
یہ صفات جن کی ہوں ان کے کمال ایمان اور مقدس و متقی ہونے میں کس کو شک ہو سکتا ہے اور مثلاً یہ آیت کہ اللہ تعالیٰ نے صفتِ تقویٰ کو ان کے لیے لازم کر دیا ہے کہ اب وہ ان سے جدا نہیں ہو سکتی اور وہ اس انعام کے سب سے زیادہ مستحق اور اہل تھے۔(پارہ 26، سورۃ الفتح)
کچھ آیتیں وہ ہیں جن میں خاص مہاجرین و انصار کے فضائل کا بیان ہے مثلاً فرمایا وہ مہاجرین و انصار جنہوں نے سب سے پہلے اس کام میں سبقت کی اور نیز وہ لوگ جو نیکی میں ان کے پیرو ہیں اللہ ان سے راضی ہے اور وہ اللہ سے راضی ہیں اللہ نے ان کے لیے ایسے باغ تیار کیے ہیں جن کے نیچے نہریں جاری ہیں اور وہ ہمیشہ باغوں میں رہیں گے یہ بڑی کامیابی ہے۔(سورہ التوبہ: آیت 100)
کچھ آیتیں وہ ہیں جن میں خلفائے راشدینؓ کے خلیفہ برحق ہونے کا بیان ہے مثلاً آیتِ استخلاف جس میں حق تعالیٰ نے نزولِ آیت کے وقت جو مومنین موجود تھے ان کو مخاطب کر کے خلافت اور تمکین دین اور تبدیل خوف امن کا وعدہ فرمایا ہے۔(پارہ 18، سورۃ النور)
اور سب مانتے ہیں کہ اس وقت کے مسلمانوں میں یہ تینوں چیزیں سوائے حضراتِ خلفائے ثلاثہؓ کسی میں نہ تھیں اور آیتِ تمکین جس میں حق تعالیٰ نے یہ بیان فرمایا ہے کہ مہاجرین میں سے جس کو بھی زمین کی تمکننت ملے گی وہ نماز قائم کرے گا زکوٰۃ دے گا ہماری مرضیات کا حکم دے گا اور ہماری نامرضیات سے روکے گا ان دونوں آیتوں کی مستقل تفسیریں شائع ہو چکی ہیں ان کو دیکھ کر پورا استدلال معلوم ہو سکتا ہے۔
ان آیاتِ قرآنیہ کے بعد احادیثِ نبویہ کو دیکھو تو ایک سے ایک بڑا دفتر ہے المختصر یہ عقلی و نقلی دلائل ہیں جو اہلِ اسلام کو بلکہ بعض دلائل غیر مسلمین کو بھی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے متعلق اعلیٰ ترین اعتقاد پر مجبور کرتے ہیں۔ (ماخوذ از ماہنامہ مدینہ لاہور: نومبر دسمبر 1970ء)