مصلحت کے تقاضے طباعت ثانی - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

مصلحت کے تقاضے طباعت ثانی

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

مصلحت کے تقاضے محض وقتی ہوتے ہیں اور شریعت کے احکام ہمیشہ کے لیے غیر مسلم معاشرے میں کئی مذاہب کے پیرو اپنے بڑوں کا تعارف عام جلوسوں سے کراتے ہیں عیسائی ملکوں میں کرسمس کے دنوں میں حضرت عیسیٰ ابنِ مریم کے نام کی کئی تقریبات ہوتی ہیں اور ان لوگوں نے حضور پیغمبر اسلامﷺ کا نام تک نہیں سنا ہوتا اب اگر ان ملکوں کے آباد مسلمان بھی اس طرح اپنے پیغمبر کا تعارف کرائیں تو یہ ایک وقتی تدبیر کہلائے گی اس سے حضورِ اکرمﷺ کے نام سے سالانہ جلوس نکالنے کا جواز نہ کیا جا سکے گا لیکن ایک وقتی مصلحت سے کسی وقت ایک مقابلے کی تدبیر اختیار کرنا بدعت نہیں بنتا بدعت یہ ہے کہ کرنے والا اسے صرف ایک تقاضا یا مصلحت وقت نہیں ایک کارِ ثواب سمجھے اور اسے دین کا ایک مسئلہ قرار دے اہلِ بدعت اور اہلِ سنت کے کئی مشترکہ امور میں حدِ فاصل ہی ہے۔

مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ہم اس مقدمہ کے آخر میں اہلِ سنت کے دور قریب کے تین بڑے اکابر: 

1: امام اہل سنت حضرت مولانا عبد الشکور فاروقی لکھنویؒ 

2: حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب  قاسمیؒ (مہتمم دار العلوم دیوبند) اور 

3: مفکر اسلام حضرت مولانا علی میاں ندویؒ  (دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ) کا عظمت صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر ایک ایک مضمون ہدایہ قارئین کر دیں گے اور اسی طرح اقبال بھی اس ضرورت کا احساس ان اشعار میں بیان کرتے ہیں کہ:

ریگِ عراق منتظر، کشتِ حجاز تشنہ کام

خونِ حسین بازده کوفہ و شام خویش را

دار العلوم ندوۃ العلماء کے ایک استاد مولانا فیصل احمد بھٹکلی نے مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندویؒ کی مجالس کا ایک مجموعہ مجالس حسنہ کے نام سے شائع کیا ہے جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ آپ بھی ہر سال ایسی مجالس میں خطاب فرماتے رہے ہیں مناسب رہے گا کہ ہم ان کی 26 مئی 1996ء کی ایک مجلس کا بھی یہاں ذکر کر دیں جس میں حضرت مولانا، ایران کے خمینی ، مولانا مودودی  اور مولانا منظور احمد نعمانی  کے ایک جگہ موجود ہونے کا ذکر ہے اور پھر وہاں کچھ علمی لطائف بھی چل گئے:

فرمایا(مولانا ابوالحسن علی ندویؒ نے) ہم مکہ مکرمہ میں رابطہ عالمِ اسلامی کے دفتر میں بیٹھے تھے، مولانا مودودی اور مولانا منظور نعمانی بھی موجود تھے ہم بیٹھے ہوئے اتنے میں ایک صاحب نمودار ہوئے، ہم چونکہ لکھنؤ کے رہنے والے ہیں اس لیے سمجھ گئے کہ یہ شیعہ مجتہد ہیں، معلوم ہوا کہ یہ امام خمینی ہیں جو اسی جلسے کے لیے تشریف لائے ہیں، مفتی امین الحسینی ان کو جانتے تھے، وہ کچھ سال ایران میں رہ چکے تھے، اس زمانے میں خمینی سے بھی تعارف ہوا تھا، مفتی صاحب ان کے استقبال کے لیے اٹھے اور بیٹھے ہوئے تمام ارکان کا تعارف کرایا، یہ مولانا مودودی ہیں، یہ فلاں ہیں، اور ہمارے بارے میں کہا: یہ استاد ابوالحسن علی الحسنی الندوی ہیں، تو انہوں نے کہا: 

نعم نعم، اعرفه من خلال کتابہ ردة ولا ابا بكر لها ياليته سماه ردة ولا ابا حسن لها ہم نے کہا: ليس هكذا يقول العرب، يقول العرب: ردة ولا ابا بکر لها، وقضية ولا ابا حسن لها۔

دوسرا لطیفہ یہ پیش آیا:چونکہ رابطہ کے ارکان کے لیے بیت اللہ کا دروازہ کھولا جاتا ہے ہم سب وہاں گئے، لیکن مطاف میں بہت بھیڑ تھی، مولانا مودودی باب السلام کے پاس چلے، ہم اور مولانا منظور صاحب بھی وہیں گئے ادہر خمینی بھی تھے، جب طواف کرنے لگے تو انہوں نے اپنے خاص ایرانی لہجے میں دعاء کی: 

رَبَّنَا اغۡفِرۡ لَـنَا وَلِاِخۡوَانِنَا الَّذِيۡنَ سَبَقُوۡنَا بِالۡاِيۡمَانِ الخ۔(سورۃ الحشر آیت 10) 

(حضرت نے بھی انہی کے لہجے میں پڑھ کر سنایا) پھر حضرت نے فرمایا: وہ اتنا ہی کہتے تھے، آگے نہیں پڑھتے تھے، ہم نے زور سے کہا:

وَلَا تَجۡعَلۡ فِىۡ قُلُوۡبِنَا غِلًّا لِّلَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا الخ۔(سورۃ الحشر آیت 10)

مودودی کہنے لگے آپ نے چپت لگا دی چونکہ ان کے دلوں میں کینہ ہے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا اس لیے وہ یہ دعا کرنا ہی نہیں چاہتے۔

(مجالسِ حسنہ: صفحہ، 129 شائع کردہ مجلس نشریاتِ اسلام کراچی)

ہم نے اسلامک اکیڈمی مانچسٹر میں محرم کی دس راتوں میں سانحہ کربلا اور مصائب اہلِ بیت کرامؓ صحیح پیرائے میں ہدیہ قارئین کیے تھے جنہیں ضلع اوکاڑہ کے مولانا عبد اللہ صاحب نے منضبط کیا اور پھر انہیں کتابی شکل دینے کے لیے اس پر محنت کی برنلے لنکا شائر کے مولانا محمد ثقلین جاوید صاحب نے اور اب سن 2019ء میں یہ مسلکی خدمت آپ کے ہاتھوں میں ہے ان مجالس محرم کے اصل محرک جناب حافظ الیاس احمد بٹ صاحب تھے جو اللہ کو پیارے ہو گئے ہیں۔

نامناسب نہ ہو گا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں چودہویں صدی ہجری کے ان تین اکابر (امام اہل سنت مولانا عبد الشکور فاروقی لکھنویؒ، حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب قاسمیؒ اور مولانا ابوالحسن علی ندویؒ) کے تین مضامین بھی اس مقدمہ میں ہدیہ قارئین کر دیں جن کے پڑھنے سے سب اہلِ حق اپنے دل و دماغ میں ایمان کی پر بہار تازگی اور خدمت اسلام کی بے مثال شیفتگی محسوس کریں گے اور پھر ان سب خدمات کا ایصالِ ثواب حافظ الیاس احمد بٹ صاحب مرحوم کے نام کر دیں اور وہ تمام حضرات جو اس کو اس شکل تک پہنچانے والے ہیں ان کے نام کر دیں اللہ تعالیٰ ان سب کی خدمات کو درجہ بہ درجہ قبول فرمائے۔