ایام محرم میں سنیوں کے شہادت حسین رضی اللہ عنہ کے جلسےبعض شہروں میں سنیوں کے بھی محرم کے جلوس نکلتے ہیں لکھنؤ اور ملتان میں بھی ایسے جلوس نکلتے رہے پھر سنیوں کے ہاں بھی ان دنوں شہادتِ حسینؓ پر جلسے ہوتے رہتے ہیں اور اخباروں میں بھی ان وقائع کربلا کا عام ذکر ملتا ہے سیدنا حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد منانا کیسا ہے؟ نیکیوں کی نیکی کا تذکرہ کہیں بھی کسی وقت کیا جا سکتا ہے اس کے لیے شریعت میں کسی ماہ اور وقت کی قید نہیں۔
سوال: یہ ہے کہ کسی مستحب یا مباح کام کو اپنی طرف سے تخصیص دینا مثلاً یہ کہ حضرت شیخ عبد القادر جیلانیؒ کی روح کو ثواب پہنچانے کے لیے چاند کی گیارہویں تاریخ کا تعین گو اپنی ذات میں بدعت نہ تھا مگر اپنی موجودہ ہیئت اور غایت میں بے شک بدعت ہو کر رہ گیا ہے یہ التزام اپنی بات کو کیا شریعت بنانا نہیں ہے؟
سوال یہ ہے کہ کیا سنی حضرات بھی ایامِ محرم میں سیدنا حسینؓ کی یاد میں جلسے نہیں کرتے؟ یہ فی الجملہ ایک نیک کام کے لیے وقت کی تخصیص ہے اس کا نتیجہ یہ رہا کہ بعض جگہ سنی لوگ بھی محرم میں تعزیہ کے جلوس نکالنے لگے اور اس کے لائسنس بھی لیتے رہے؟
الجواب: الۡحَمۡدُ لِلّٰهِ وَسَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِيۡنَ اصۡطَفٰى: ایسے جلسے اور جلوس ایک وقتی مصلحت کے تحت ہوں اور ساتھ یہ اعلان بھی برابر کیا جاتا ہو کہ یہ شریعت کے اعمال نہیں ہیں ان کی ان دنوں سے کوئی تخصیص نہیں ہے صیانۃ المسلمین کے لیے اسے وقتی طور پر اختیار کیا گیا ہے تو اسے اس نظریہ ضرورت کے تحت عمل میں لایا جا سکتا ہے بشرطیکہ جب حالات میں مقابل سمت سے مظنہ ضلال نہ رہے تو اسے یکسر چھوڑ دیا جائے لکھنؤ ایک وقت میں شیعہ عزداری کا ایک مرکز تھا محرم میں ان کے بڑے بڑے اجتماع ہوتے اور بہت سے دین سے واقف سنی بھی محض محبتِ حسینؓ میں وہاں جا بیٹھتے اس صورتِ حال پر شیعہ تبصرہ ملاحظہ ہو مدرسۃ الواعظین کے ہفت روزہ الواعظ میں ہے: یہی وہ ادارہ ہے جو سنیوں کی تعداد میں کمی اور شیعوں کی تعداد میں برابر اضافہ کر رہا ہے۔ (الواعظ لکھنؤ یکم جون 1939ء)
امام اہلِ سنت مولانا عبد الشکور لکھنویؒ اپنے دور میں فقہ کے بھی امام تھے علمی حلقوں میں ان کا پہلا تعارف علم الفقہ کی چھ جلدوں سے ہوا آپ لکھنؤ میں رہتے تھے اور آپ اس صورتِ حال کے عینی گواہ ہیں اس فقیہ النفس عالم کی رائے ملاحظہ ہو: بات صرف اتنی ہے کہ سنیوں کو بہکانے اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے بدظن کرنے کے لیے جلوس کی شکل میں (شیعہ مذہب کی) تبلیغ کی جاتی ہے اس لیے اس کا ازالہ بھی كما حقہ جلوس ہی کی شکل میں ہو سکتا ہے۔ جلوس کی شکل میں جتنی تبلیغ ہوتی ہے وعظ کی محفلوں اور رسالوں سے اس کا عشر عشیر بھی نہیں ہو سکتی دوسری بات یہ ہے کہ (مدحِ صحابہ کے) جلوس کی مزاحمت ہو رہی ہے اس لیے اس پر (ہماری طرف سے) اصرار کیا جا رہا ہے اور جب تک یہ مزاحمت دفع نہ ہو ان شاء اللہ تعالیٰ یہ اصرار (کہ مدحِ صحابہ کا جلوس نکلے) قائم رہے گا تیسری بات سب سے بڑی یہ ہے کہ مدحِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے جلوس نے لکھنؤ اور اس کے قرب و جوار میں سنیوں سے تعزیہ داری ترک کرا دی ہے لکھنؤ میں سنیوں کے گیارہ سو کے قریب تعزیے نکلتے تھے جن میں کچھ مواعظ بند ہوئے اور اب سنیوں کے صرف گیارہ بارہ تعزیے شیعوں کی زرپاشی کی وجہ سے باقی رہ گئے ہیں۔
(ماہنامہ الداعی لکھنؤ جمادی الاولیٰ 1361ھ)
یہ ایک وقتی مصلحت ہے عوام اسے شریعت نہ سمجھیں اس کے لیے امام اہلِ سنت نے اعلان کیا: اس حقیر نے بار بار اعلان کیا ہے کہ اگر جلوس مدحِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے پابندیاں ہٹ جائیں تو ہم اپنے جلوس کو باقی رکھنے کی ضرورت نہیں سمجھتے۔(ایضاً)
شیعہ لوگوں نے جب دیکھا کہ تحریکِ مدحِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی بدولت سنیوں کے جلوس تعزیہ داری ختم ہوتے جا رہے ہیں تو انہوں نے علماءِ دیوبند کے وہابی ہونے کا اعلان کرا دیا ہفت روزہ الواعظ لکھنؤ نے لکھا: اس وقت وہابی مسلک کا طبقہ پوری طرح اس کشمکش میں منہمک ہے کہ کسی نہ کسی ترکیب و تدبیر سے عزاداری کو نقصان پہنچے اسی خیال کے پیشِ نظر مدحِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی تحریک بروئے کار لائی گئی۔ (الواعظ، 8 جون، 1939ء)
اہلِ سنت کو وہابی کہنے کی تحریک شیعوں نے صرف اس لیے شروع کی کہ جس طرح بھی ہو سکے لکھنؤ کے سنی تعزیے باقی رکھے جائیں اس لیے کہ اس کے بغیر سنیوں کو کمزور کرنے کی ان کے ہاں اور کوئی راہ نہ بنتی تھی اب پاکستان میں بھی آپ کو کئی لوگ یہ کہتے ملیں گے کہ شیعہ سنی اختلاف محض فروعی ہیں شیعہ سنی بھائی بھائی ہیں یہ صرف وہابی ہیں جو شیعوں کے جلوس عزاکی مخالفت کرتے ہیں معلوم نہیں یہ لوگ کہاں سے آگئے ہیں کوئی لاکھ کہے یہ وہابی نہیں ہیں اہلِ سنت ہیں وہ اپنی رٹ برابر لگاتے رہیں گے تو شیعوں کے یہ چھپے رستم جب گیارہویں کی بڑی محفل کرتے ہیں تو اس میں گیارہ منٹ تک یہ ترانہ پڑھا جاتا ہے۔
شیعہ سنی بھائی بھائی
تیسری قوم کہاں سے آئی
لکھنؤ میں شیعہ علماء تو تقیہ کی چادر تانے شیعہ سنی بھائی بھائی کہتے رہے لیکن شیعہ مفکرین جو دوسرے مسلمانوں سے بالکل علیحدہ رہے ہیں اپنا تحفظ ضروری سمجھتے تھے انہوں نے برملا کہا کہ ہمارے اور دوسرے مسلمانوں کے درمیان اختلافات فروعی نہیں ہیں اصول ہیں اور ظاہر ہے کہ اصولوں پر کبھی کوئی قوم سودا نہیں کرتی ان کے ممتاز قانون دان سید وزیر حسین سابق چیف جج چیف کورٹ اودھ نے 5 فروری 1941ء کو گنگا پرشاد میموریل ہال لکھنؤ میں ایک تقریر میں کہا:
اگر ہندوستان کے شیعوں کو ایک الگ نیشن (ایک الگ قوم) نہ کہا جائے تو کم از کم وہ ایک مستقل اور علیحدہ فرقہ ضرور ہیں جس کی امتیازی خصوصیات اسے دوسرے مسلمانوں سے علیحدہ کرتی ہیں توحید الوہیت، کلامِ مجید، رسالت، خلافت، نماز روزہ، عقد اور تدفین غرض تمام بنیادی اور فروعی امور کی تعبیر میں زبردست اختلاف ہے جو ایک دوسرے کو بالکل علیحدہ کر دیتا ہے ہماری تاریخ جدا ہے ہماری روایات جدا ہیں کیا آپ انکار کریں گے کہ ہمارے قانونی مسائل جن کے مرکز پر ہماری قانونی زندگی دور کرتی ہے علیحدہ نہیں ہیں؟ (استفہام انکاری) ہمارے قانون عقد قانون طلاق اور قانون وراثت کو دیکھیے سب علیحدہ ہیں لہٰذا ہمارے اور ان کے درمیان اتحاد کس بنیاد پر ہو سکتا ہے؟ (اخبار سرفراز لکھنؤ: 9 فروری، 1941ء)
برصغیر پاک و ہند میں کسی مقتدر شیعہ عالم نے اس بیان کی تردید نہ کی یہاں تک کہ پاکستان میں اس کی وضاحت میں شہر شہر اور قریہ قریہ ان کے علیحدہ قوم ہونے پر محنت ہوئی اور کوئی شیعہ ادارہ جرأت سے سید وزیر حسین کے مذکورہ بالا بیان کو غلط نہیں کہہ سکا تاہم یہ ضرور ہے کہ اگر کہیں لکھنؤ میں ہندوؤں اور شیعوں میں کوئی تصادم ہو تو علماءِ دیوبند نے ہندوؤں کے خلاف شیعوں سے اپنے قومی اشتراک کو قائم رکھا حکیم الامت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانویؒ نے بھی ایک موقع پر یہی رائے دی تھی کہ ہندو شیعوں کی مخالفت اس لیے نہیں کر رہے کہ ان کے عزاداری کے یہ جلسوس بدعت ہیں وہ انہیں مسلمانوں کی ایک رسم سمجھ کر اس پر حملہ آور ہوتے ہیں سوا اس مقدمے میں مسلمانوں کو ہندوؤں کا ساتھ نہ دینا چاہیے۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم شیعوں کے ان عزاداری کے جلوسوں کو جائز سمجھتے ہیں تاہم ان جلوسوں کے غلط اثرات کو روکنے کے لیے اگر محرم میں ہی متبادل جلسے کریں تو یہ تدبیر ان جلوسوں کے اثرات کو روکنے کے لیے ایک وقتی تدبیر ہوگی۔ کسی مستحب یا مباح کام کے لیے اپنی طرف سے کوئی تخصیص نہ ہوگی یہ صرف ایک وقتی مصلحت ہو سکتی ہے بذاتِ خود کوئی نیکی نہیں۔ شریعت نے جس کام کو کسی وقت سے خاص نہیں کیا ہم اعتقاداً اسے یہ تخصیص دیں تو اس کے بدعت ہونے میں کوئی شک نہیں رہتا جس طرح دین میں کوئی نیا عمل پیدا کرنا جائز نہیں بدعت ہے اسی طرح کسی پہلے کے جائز عمل کو اپنے درجے سے اٹھانا یا مطلق میں کسی خاص وقت کی ہیئت لانا یہ بھی دین میں ایک نئی چیز پیدا کرنا ہے اعاذنا اللّٰه منها۔