اس میں کسی شک کو راہ نہیں دی جاسکتی کہ سانحہ کربلا پر دو فریق اہلِ سنت و الجماعت اور شیعہ اثناءِ عشریہ یکساں غمگین ہیں اور دونوں عقیدہ رکھتے ہیں کہ سیدنا حسینؓ کے عراق آنے والے قافلے پر بہت ظلم ہوا اور تمام شہداء کربلا کی شہادت مظلومانہ ہوئی لیکن اس احساس میں دونوں فریق کا اعتقاد اپنا اپنا ہے اہلِ سنت ان مجالس میں شہداءِ کربلا کی ایک تاریخی یاد بیان کرتے ہیں اور شیعہ ان مجالس میں اپنا ایک شرعی عمل بجالاتے ہیں اہلِ سنت عقیدہ رکھتے ہیں کہ جس محرم الحرام میں سیدنا حسینؓ اور ان کے بھائی سیدنا عثمانؒ اور ان کے بیٹے علی اصغرؒ اور علی اکبرؒ مظلومانہ شہید ہوئے آئندہ آنے والے محرم اس محرم کی صرف تاریخی یاد ہیں لیکن شیعہ کے ہاں ہر سالانہ محرم ایک شرعی حیثیت رکھتا ہے ہم اس سالانہ رسم ماتم کو جائز نہیں سمجھتے ہمارے ہاں سوگ کے دن صرف تین ہیں جو اس محرم میں پورے ہو گئے تھے، جس میں سیدنا حسینؓ شہید ہوئے اور ان کے ساتھ ہی ان کے بھائی سیدنا عثمانؒ شہید ہوئے تھے یہ اسی طرح ہے کہ ہم کہیں جس ربیع الاول میں حضورِ اکرمﷺ کی ولادت ہوئی آئندہ آنے والے ربیع الاول اس ربیع الاول کی صرف تاریخی یاد ہیں ان کی وہ حیثیت نہیں ہے جو اس پہلے ربیع الاول کی تھی جس میں حضورِ اکرمﷺ کی پیدائش ہوئی تھی اسی طرح عظیم الشان رجب وہ نہیں جس میں آپﷺ سفر معراج پر گئے آئندہ آنے والے رجب اس رجب کی تاریخی یاد تو ہو سکتے ہیں لیکن ان کی کوئی اپنی شرعی حیثیت نہیں اس طرح اہلِ سنت کے ہاں محرم کی یہ دس راتیں اس محرم کی صرف تاریخی یاد ہیں ان کی اپنی کوئی شرعی حیثیت نہیں اہلِ سنت کے لیے آئندہ آنے والے محرم قرآنِ کریم کی اس آیت کی رو سے صرف صبر کے مظاہر ہیں اور یہ صابرین کا ایک اپنا عمل ہے۔
وَبَشِّرِ الصّٰبِرِيۡنَ ۞(سورۃ البقرۃ: آیت 155)
الَّذِيۡنَ اِذَآ اَصَابَتۡهُمۡ مُّصِيۡبَةٌ قَالُوۡٓا اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّـآ اِلَيۡهِ رٰجِعُوۡنَ ۞ (سورۃ البقرۃ: آیت 156)
ترجمہ: وہ لوگ کہ جب انہیں کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو کہتے ہیں ہم تو اللہ کے ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔
اہلِ سنت اپنے ہاں یہ دس راتیں اس لیے منعقد کرتے ہیں کہ ہمارے اہلِ سنت بھائی شیعہ کی ان مجالس میں نہ جائیں اور ان کے ذاکروں کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے خلاف کسی عمل تبرا سے کوئی بدامنی کی صورت پیدا نہ ہو اگر اہلِ سنت کے علماء کو پتہ چلے کہ ادہر اکابر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور امہات المومنینؓ کے بارے میں غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں اور ہمارے لوگ انہیں سن رہے ہیں تو وہ کم از کم اپنے بھائیوں کے عقائد و نظریات کے گرد حفاظت کا پہرہ دے سکیں، اور اہلِ سنت میں کہیں بھی ارتداد کا پل نہ بننے دیں پچھلی صدی میں اس اہم دینی ضرورت اور امن پروری کے لیے اہلِ سنت کے ایک بڑے عالم امام اہلِ سنت مولانا عبد الشکور لکھنویؒ سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے محرم میں اہلِ سنت کے دینی حلقوں میں محرم کی دس راتیں منعقد کر کے ان میں مصائب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور مصائب اہلِ بیت کرامؓ بیان کرنے کی عام اجازت دی جس پر ہم ایک (امام اہلِ سنت اور اپنی راقم الحروف کی ایک) تحریر نقل کر رہے ہیں۔