بارہ منافقین والی روایت کی صحیح تفہیم و تشریح - ردِ رافضیت…

بارہ منافقین والی روایت کی صحیح تفہیم و تشریح

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

منافقین، صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے مخفی نہ تھے۔ حضورﷺ ان کے بارے میں صحابہ کرامؓ سے کبھی بات بھی کر لیتے تھے۔ لیکن انہیں حکم تھا کہ ان کو نمایاں نہ کریں۔ کافر قومیں انہیں مسلمانوں میں سے ہی سمجھیں اور انہیں مسلمانوں کی گنتی زیادہ دکھائی دے۔ تاہم پیشِ نظر رہے کہ بڑے منافقوں کی گنتی بھی کچھ زیادہ نہ تھی۔ یہ اثناء عشریہ تھے۔ 

امام مسلمؒ حضرت قیسؓ سے روایت کرتے ہیں کہ انہیں حضرت حذیفہؓ نے آنحضرتﷺ کی یہ حدیث سنائی:

في أمتي إثنا لا يدخلون الجنة ولا يجدون ريحها حتى يلج الجمل في سم الخياط ، ثمانية منهم تكفيكهم الدبيلة، ‏وأربعة ‏لم أحفظ ما قال شعبة ‏ ‏فيهم(صحیح مسلم: جلد 2 صفحہ 369  كتاب صفات المنافقين و أحكامهم)

 ترجمہ: میرے صحابہ میں بارہ منافق ملے ہوئے ہیں۔ ان میں آٹھ وہ ہیں جو کبھی جنت میں داخل نہ ہو پائیں گے۔ یہاں تک کہ اونٹ سوئی کے ناکہ سے گزر جائے۔ ان کی پشت پر ایک زہر ملا زخم بنے گا وہی ان کے لیے کافی ہو جائے گا۔

 راوی کہتا ہے "چار کے بارے میں مجھے یاد نہیں رہا (کہ) حضورﷺ نے کیا بتایا تھا"

سراج من النار يظهر في أكتافهم حتى ينجم من صدورهم.( ایضاً: دلائل النبوۃ للامام البیہقی: جلد 5 صفحہ 262)

امام بیہقیؒ نے دلائل النبوہ میں سیدنا حذیفہ اور سیدنا عمار رضی اللہ عنہما سے یہ بھی نقل کیا ہے کہ انہوں نے یہ بارہ اس طرح آتے دیکھے ہیں:

حتی اذا کنا بالعقبۃ فاذا انا باثنی عشرراکبا قد اعترضوہ فیھا قال فانبھت رسول اللّٰه صلی اللّٰہ علیہ وسلم بھم فصرخ بھم فولوا مدبرین فقال لہ رسول اللّٰه صلی اللہ علیہ وسلم ھل عرفتم القوم فقلنا لا یارسول اللّٰہ کانوا متلثمین و لکنا قد عرفنا الرکاب قال ھولاء المنافقون الی یوم القیمۃ وھل تدرون ما ارادو قلنا لا قال ارادوا ان یزا حموا رسول اللّٰه صلی اللّٰہ علیہ وسلم فی العقبۃ فیلقوہ منھا۔(تفسیر ابنِ کثیر: سورۃ البراۃ: دلائل النبوۃ: جلد 5 صفحہ 261)

 ترجمہ: جب ہم گھاٹی پر آئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ بارہ اونٹ سوار اشخاص سامنے سے آرہے ہیں۔ حضرت حذیفہؓ نے رسول اللہﷺ کو ان کے آنے کی خبر دی۔ آپﷺ نے ان کو ایک کرخت آواز دی وہ پشت پھیر کر بھاگ گئے۔ آپﷺ نے فرمایا قیامت تک یہ منافق ہی رہیں گے۔ ان کا ارادہ تھا کہ خدا کے رسول ﷺکو اس گھاٹی میں گرا دیں۔ 

آپﷺ نے ان کیلئے بددعا فرمائی:

اللھم ارمھم بالدبیلۃ قلنا یا رسول اللہ وما الدبیلۃ قال شھاب من نار یقع علی نیاط قلب احدھم فیھلک۔

(دلائل النبوۃ: جلد 5 صفحہ 261)

 ترجمہ: اے اللہ! ان کو دبیلہ میں مبتلا کر دے(ہم نے پوچھا یہ دبیلہ کیا ہے؟) آپﷺ نے فرمایا وہ ایک زہر ملا پھوڑا ہے جو شعلہ کی طرح دل کی رگوں کو پھونک دیتا ہے اور انسان کو ہلاک کر ڈالتا ہے۔ 

حافظ ابن کثیرؒ بھی ثم یردون الی عذاب الیم کی تفسیر میں لکھتے ہیں:

وذکرلنا ان نبی اللّٰہ صلی اللہ علیہ وسلم اسر الی حذیفہ باثنی عشری رجلا من المنافقین فقال ستۃ منھم تکفیھم الدبیلۃ سراج من نار جھنم یاخذ فی کتف احدھم حتی یفضی الی صدرہ و ستۃ یموتون موتا۔(تفسیر ابن کثیر: جلد 2  صفحہ 385)

محدث طبرانی(360ھ) نے ایک روایت میں ان بارہ سواروں کے نام بھی بتائے ہیں۔(دیکھیے تفسیر ابنِ کثیر)

دبیلہ سے ہلاکت کے بعد اب صرف چار منافق باقی رہ گئے۔ 

زید بن وھبؒ روایت کرتے ہیں:کنا عند حذیفہ فقال ما بقی من اصحاب ھذہ الآیۃ اَئِمَّةَ الۡـكُفۡرِ‌ اِنَّهُمۡ لَاۤ اَيۡمَانَ لَهُمۡ لَعَلَّهُمۡ يَنۡتَهُوۡنَ(سورۃ التوبہ آیت 12)

الا ثلثۃ ولا من المنافقین الا اربعۃ۔(صحیح بخاری: جلد 2 صفحہ 672)

پھر ان چار میں سے ایک کے متعلق کہا: 

لم یبق منھم الا اربعۃ احدھم شیخ کبیر لو شرب الماء البارد لما وجد بردہ۔

 ترجمہ: اب ان میں سے صرف چار باقی رہ گئے ہیں۔ ایک ان میں اتنا بوڑھا ہو چکا ہے کہ پانی پیتے اسے پتہ نہیں چلتا کہ پانی گرم ہے یا ٹھنڈا۔

پھر یہ بھی ایک ایک کر کے راہی ملک عدم ہوئے اور سیدنا حذیفہؓ کی زندگی میں ہی صفِ اسلام ان منافقوں سے پاک ہوئی۔ یہاں تک کہ سیدنا حذیفہؓ نے کہا اب لوگوں میں یا کافر رہیں گے یا مومن۔ نفاق کا دور اب جاتا رہا۔ ان بڑے منافقوں کے جانے سے پھر ان کی ذیلی صفیں بھی اٹھ گئیں۔ فللّٰہ الحمد۔ 

ایک دفعہ رسول اللہﷺ ایک سفر سے واپس آرہے تھے کہ اتنے زور سے ہوا چلی کہ سواروں کو بھی دفن کر دے۔ اس پر حضورﷺ نے فرمایا: 

بعثت ھذہ الریح لموت منافق 

 ترجمہ: یہ ہوا کسی منافق کی موت سے چلی ہے۔ 

جب آپﷺ مدینہ واپس پہنچے تو آپ کو ایک بڑے منافق کی موت کی خبر ملی۔ 

ان تفصیلات سے یہ بات کھل کر سامنے آتی ہے کہ منافقین کبھی بھی، نہ رسول اللہﷺ کی زندگی میں اور نہ آپﷺ کے بعد کبھی امورِ مسلمین پر قابض اور ان کے متولی و متصرف رہے۔ ہمارا شیعوں سے اختلاف منافقوں کے وجود پر نہیں بلکہ اس پر ہے کہ اسلام کی پوری تاریخ میں مسلمانوں کی باگ دوڑ کبھی منافقوں کے قبضے میں نہیں رہی۔ اور قرآن کریم نے جو خبر دی تھی کہ منافقین اب تیرے شہر میں بھی تیرے ساتھ نہ رہ سکیں گے حرف بہ حرف پوری ہوئی۔

رہے کمزور درجے کے منافقین یا بعض علامات نفاق کے حاملین تو وہ بھی سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی خلافت میں اپنے انجام کو پہنچے اور نظامِ حکومت اپنی پوری شان سے منہاجِ نبوت پر جلوہ پیرا ہوا اور دنیا نے جاءالحق و زھق الباطل کا پھریرا پوری دنیا میں اڑتا دیکھا۔ (تجلیاتِ آفتاب: جلد 1 صفحہ 67-69)