سیدنا حسینؓ کی عبادات - دفاعِ اہلِ سنت | دفاع اسلام

سیدنا حسینؓ کی عبادات

  مولانا اقبال رنگونی

سیدنا حسینؓ کو اپنے بڑے بھائی سیدنا حسنؓ کی طرح عبادت کا بھی بہت شوق تھا۔ آپؓ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ عبادت الٰہی کو بنایا تھا تمام عبادات میں نماز آپؓ کو بہت محبوب تھی، آپؓ بکثرت نمازیں پڑھا کرتے تھے کبھی کبھی تو نماز عشاء کے بعد بہت کم سوتے تھے رات کو اٹھ کر نماز پڑھنے لگ جاتے اور فجر کی نماز پڑھنے کے بعد قرآن کریم کی تلاوت کرتے پھر تھوڑی دیر کے لیے آرام کر لیتے تھے، آپؓ روزہ بھی بکثرت رکھتے تھے، آپؓ نے پچیس مرتبہ حجِ بیت اللہ کی سعادت حاصل کی۔

عبداللہ بن یزید کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا حسینؓ کو حج کے دنوں میں حوض سے پانی پلاتے بھی دیکھا ہے۔

(المصنف لعبدالرزاق: جلد 1 صفحہ 505)

حضرت امام شعبیؒ (103ھ) فرماتے ہیں کہ میں نے سیدنا حسینؓ کو رمضان المبارک میں قرآن کریم کی تلاوت کرتے دیکھا اور آپؓ پورا قرآن ختم کرتے تھے۔

(سیر اعلام النبلاء: جلد 3 صفحہ 196)

کربلاء کے میدان میں جب کہ دشمن چاروں طرف سے آپؓ کو گھیرے ہوئے تھا آپؓ کا جو معمول تھا اس میں کوئی کمی نہیں آنے دی آپؓ ان راتوں میں بھی نماز دعا استغفار اور اللہ کے حضور مناجات میں برابر مصروف رہتے تھے۔ بسا اوقات قریب میں کھڑے لوگوں کو آپؓ کی تلاوت کی آواز بھی سنائی دیتی تھی۔

آپؓ ہر نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے، آپؓ اپنے بھائی کی طرح غرباء اور مساکین کا پورا خیال رکھتے تھے اور جو کچھ آتا آپؓ ان پر خرچ کر دیا کرتے تھے۔