وہ خارجی جو سیدنا حسینؓ کو شہید ماننے کے لیے تیار نہیں
مولانا اقبال رنگونیبرصغیر میں فتنہ خارجیت کا بانی محمود احمد عباسی، سیدنا حسینؓ کی شہادت تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں اور جو لوگ سیدنا حسینؓ کو شہید یا مظلوم کہتے ہیں مسٹر عباسی کے نزدیک اس کا قرآن پر ایمان نہیں، گویا قرآن پر ایمان رکھنے والا سیدنا حسینؓ کو شہید نہیں کہہ سکتا (العیاذباللہ)
مسٹر عباسی کی ذہنیت ملاحظہ کیجیے:
جس شخص کا ایمان قرآن پر نا ہو وہ البتہ سیدنا حسینؓ کو سیّدالشہداء کہہ سکتا ہے ان کی شہادت قتل فی سبیل اللہ نا تھی سیدنا حسینؓ نے شہنشاہ حکومت کی خواہش ضرور کی مگر نا کام رہے۔
(دفاع حسینؓ بحوالہ رسومات محرم اور تعزیہ داری: صفحہ 60 کراچی)
حضرت مولانا قاضی اطہر مبارک پوریؒ نے مسٹر عباسی کی کتاب کا تجزیہ کر کے بتلایا کہ اس میں سیدنا علی المرتضیٰ اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہما کے خلاف بڑا زہریلا پروپیگنڈا کیا گیا ہے آپ سیدنا حسینؓ کے بارے میں عباسی کے خیالات پر گفتگو کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
ان چند سطروں میں سیدنا حسینؓ کے خلاف اس قدر زہر ہے کہ اگر ساری کتاب میں پھیلا دیا جائے تو بھی پورا کا پورا بچ جائے گا اور کتاب زہریلی ہو جائے گی جب کہ مؤلف کتاب نے اپنی پوری کتاب میں یہی کہا ہے ان خرافات، مزعومات اور بے ہودہ خیالات کو ثابت کرنے کے لیے مؤلف نے وہ سب کچھ کیا ہے جو ایک کھلے ہوئے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔
(علی و حسین رضی اللہ عنہما: صفحہ 100)
بانسواڑہ (دکن) کے استاد مولانا ابوالمنظور شیخ احمد نے اس کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا:
عباسی کا تعصب اس درجہ کمال کو پہنچا ہوا ہے کہ سیدنا حسینؓ کے مسئلہ و موقف کی پوری سنگدلی کے ساتھ مسخ کیا گیا ہے آپ پر سخت سے سخت الزامات لگائے گئے ہیں آپ کو بدتر سے بدتر الفاظ میں مطعون کیا گیا یے آپ کی سیرت کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا گیا یے۔(ماہ نامہ دارالعلوم دیوبند: جنوری 1960ء)
اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ خارجیت زدہ لوگ سیدنا حسینؓ اور آلِ نبوت کے بارے میں اپنے دلوں میں کس قدر بغض و عناد رکھتے ہیں اور ان کی زبانیں اس مقدس گھرانے کے بارے میں کتنی بے خوف اور تیز چلتی ہیں خدا جانے کے ان لوگوں کو اہلِ بیت نبوت سے کیا بیر اور عداوت ہے کہ انہیں آل نبوت کے خلاف بولتے ہوئے نا خوفِ خدا آتا ہے نا اس بات کا خیال ہے کہ ایک دن یہ سب ان کے سامنے ہونگیں اور اپنی زبان اور اپنے قلم سے نکلے ہوئے لفظ اور حرف کا انجام دیکھیں گیں۔
