شیعوں کے ذبیحہ کا حکم - فتاویٰ جات | دفاع اسلام

شیعوں کے ذبیحہ کا حکم


سوال:  شیعوں کے چند فرقے ہیں۔ سب کا ذبیحہ ناجائز ہے یا کسی فرقے کا جائز ہے؟

جواب:  جو رافضی تبرا گو ہو، اور سبِّ شیخینؓ کرتا ہو، اس کو بعض فقہاء نے کافر و مرتد کہا ہے۔ ان کے ذبیحہ میں مسلمانوں کا احتیاط کرنا لازم ہے۔ ان کا ذبیحہ نہ کھایا جائے۔ 

اصل یہ ہے کہ بعض فرقے بالاتفاق کافر ہیں، وہ جو افکِ سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے معتقد ہیں یا الوہیتِ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے قائل ہیں، سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کی صحابیت کے منکر ہیں یا بداء کے قائل ہیں۔ ان کے ساتھ مناکحت اور ان کا ذبیحہ بالاتفاق ناجائز ہے۔ اور ایک فرقہ جو سبِّ شیخینؓ کرتا ہو، اور امورِ بالا کا معتقد نہ ہو، اس کے کفر میں اختلاف ہے۔ ان کے ذبیحہ و مناکحت میں احتیاط کرنی لازم ہے۔ اور ایک فرقہ جو محض تفضیلیہ ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو خلفاءِ ثلاثہؓ سے افضل جانتا ہے مگر کسی کو برا نہیں سمجھتا، سبِّ شیخین رضی اللہ عنہما نہیں کرتا، ان کا ذبیحہ حلال ہے اور وہ مسلمان ہیں اگرچہ سنی نہیں ہیں۔  

(عزیز الفتاویٰ مبوب و مکمل: جلد 1 صفحہ  665)