میت اٹھانے والی چارپائی غیر مسلم کو دینا
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلے کے بارے میں کہ ہماری مسجد کی جنازہ اٹھانے کی ایک چارپائی ہے جو کہ بوقتِ ضرورت اہلِ محلہ استعمال کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ہمارے علاقے میں غیر مسلم بھی ہیں۔ تو کیا مسلمانوں کی یہ جنازہ اٹھانے کی چارپائی غیر مسلموں کے استعمال کیلئے دینا جائز ہے یا نہیں؟ ایک مرتبہ غلطی سے امام صاحب نے لاعلمی کی وجہ سے غیر مسلم کے استعمال کے لئے یہ چارپائی دے دی تھی۔ اس سے کوئی فرق تو نہیں پڑا؟
جواب: مسجد کی دیگر اشیاء کی طرح یہ میت چارپائی بھی مسجد کیلئے وقف ہے، اور اس کا مصرف صرف اور صرف مسلمان میت ہی ہے۔ جس طرح مسجد مسلمانوں کی عبادت کیلئے ہے، اسی طرح متعلقہ اشیاء کا مصرف بھی مسلمان ہی ہیں۔ اس کے علاؤہ وقف کرنے والے کی نیت بھی یہی ہوتی ہے کہ اسے مسلمان استعمال کریں۔ اس لئے کسی غیر مسلم کے استعمال کیلئے جنازے کی چارپائی دینا ہی جائز نہیں۔ لاعلمی سے جو کچھ ہوا اس پر مواخذہ نہیں، البتہ آئندہ اس پر سختی سے عمل کیا جائے اور کسی غیر مسلم کیلئے میت چارپائی نہ دی جائے۔
(آپ کے مسائل اور ان کا حل: جلد، 4 صفحہ، 397)