مفتی اعظم عارف باللہ حضرت مولانا عزیز الرحمٰن عثمانی صاحب…

مفتی اعظم عارف باللہ حضرت مولانا عزیز الرحمٰن عثمانی صاحب رحمۃ اللہ کا فتویٰ (مفتی اوّل دارالعلوم دیوبند) روافض اور قادیانی کا ذبیحہ کھانا


سوال 1:  ایک مولوی صاحب نے بروز جمعہ فتویٰ بیان فرمایا کہ شرعاً جملہ افرادِ اہلِ شیعہ و احمدی کافر ہیں اور جو شخص ان کے ساتھ خورد و نوش کرے گا یا ان کے ساتھ کسی تقریب میں شامل ہو گا کافر متصور ہو گا اور پھر اس کے ساتھ برتاؤ کرنے والا بھی کافر ہو گا۔

علیٰ ھذا القیاس: سلسلہ کفر جاری رہے گا اور جملہ عورتوں کا نکاح ناجائز اور فسخ شدہ ہے۔ جو لڑکیاں اہلِ سنت والجماعت کی کسی شیعہ یا احمدی کے ساتھ بیاہی ہوئی ہیں ان کی اولاد ولد الحرام ہے اور وہ زنا کر رہی ہیں۔ کیا جملہ افرادِ اہلِ شیعہ کافر ہیں؟

سوال 2: کیا جملہ افرادِ احمدی جماعت کے کافر ہیں؟ ہم حنفی ہیں اور جس فرقہ احمدیہ سے ہمارا تعلق ہے وہ کسی مسلمان کو کافر نہیں کہتے۔

سوال 3: کیا جملہ عورتوں کے نکاح ناجائز اور فسخ شدہ ہیں جو اہلِ سنت والجماعت کی ہیں اور کسی شیعہ یا احمدی سے بیاہی ہوئی ہیں اور اس طرح وہ زنا کر رہی ہیں؟

سوال 4:  کیا کسی معزز شیعہ یا احمدی اہلِ برادری کی تعظیم کرنا کفر ہے اور پھر جو اس کے ساتھ برتاؤ کرے گا یا اس کی کسی تقریب میں شریک ہو گا وہ بھی کافر ہو گا یا گناہ گار؟

جواب: مرزا غلام احمد قادیانی اور اس کے متبعین سب بااتفاق علمائے اہلِ حق کافر و مرتد ہیں۔ ان سے کسی قسم کا اتحاد اور ارتباط رکھنا اور بیاہ شادی کرنا سب حرام ہے۔ اور روافض میں یہ تفصیل ہے کہ جو فرقہ ان کا قطعیات کا منکر ہے اور سبِّ شیخین رضی اللہ عنہما کرتا ہے اور حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا پر تہمت لگاتا ہے یعنی افک کا معتقد ہے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تکفیر کرتا ہے وہ بھی کافر و مرتد ہے۔ ان سے مناکحت و مجالست حرام ہے۔ اور واضح ہو کہ روافض تبرا گو ہی ہوتے ہیں، اگرچہ بوجہ تقیہ کے جو ان کے نزدیک دینی فعل ہے اپنے آپ کو چھپاتے ہیں اور اپنے عقائدِ باطلہ کو مخفی رکھتے ہیں۔ لہٰذا ان کے قول و فعل کا اعتبار نہ کیا جائے بلکہ ان کے اصولِ مذہب کو دیکھا جائے۔ پس بعدِ اس تمہید کے آپ خود اپنے سوالات کا جواب سمجھ سکتے ہیں۔

1: اکثر افرادِ شیعہ ایسے ہیں کہ ان کے کفر پر فتویٰ ہے اور اصولِ مذہب کے اعتبار سے ان کے کفر میں کچھ تردد نہیں۔ لہٰذا ان کے ذبیحہ میں اور ان سے رشتہ مناکحت قائم کرنے میں احتیاط کی جائے اور احتراز کیا جائے۔

2: قطعاً کافر و مرتد ہیں اور یہ غلط ہے کہ وہ مسلمان کو کافر نہیں کہتے۔ ان کی کتبِ مذہب کو دیکھو کہ ان کا عقیدہ یہ ہے کہ جو کوئی مرزا کو نبی نہ مانے وہ کافر ہے اور جو اس کو کافر نہ سمجھے وہ بھی کافر ہے۔

3: یہ صحیح ہے کہ وہ نکاح نہ ہوا اور اس حالت میں صحبت و جماع کرنا زنا ہے۔

4: یہ حکم عام نہیں ہے مگر معصیت اور فسق ہونے میں اس کے کلام نہیں ہے۔ اور حدیثِ شریف میں ہے:

من وقر صاحب بدعة فقد أعان على هدم الإسلام۔

پس جب کہ مبتدع کی تعظیم و توقیر کرنا گویا اسلام کو منہدم کرنا ہے تو ایسے گمراہ کافر و مرتد فرقوں کی تعظیم و توقیر کس درجہ معصیت ہو گی۔  

(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند مدلّل و مکمل: جلد 12 صفحہ 290)