سیدنا حسینؓ سیدنا ابو ہریرہؓ کی نگاہ میں - دفاعِ اہلِ سنت |…

سیدنا حسینؓ سیدنا ابو ہریرہؓ کی نگاہ میں

  مولانا اقبال رنگونی

حافظ الحدیث سیدنا ابوہریرہؓ سیدنا حسینؓ کو کس محبت و عقیدت کی نظر سے دیکھتے تھے، اسے دیکھیے وہ لوگ جو یہ پروپیگنڈا کرتے نہیں تھکتے کہ سیدنا ابوہریرہؓ کے دل میں سیدنا حسینؓ کی محبت و عظمت نہ تھی، وہ کم از کم یہ واقعہ تو پڑھیں۔

ایک مرتبہ آپؓ اور سیدنا حسینؓ دور دراز کسی جنازے پر تشریف لے گئے واپسی پر ایک جگہ سیدنا حسینؓ آرام فرمانے کے لیے لیٹ گئے ابو مہزم کہتے ہیں کہ میں نے دیکھا کہ سیدنا ابوہریرہؓ اپنی چادر سے سیدنا حسینؓ کے قدموں میں لگی غبار کو صاف کر رہے تھے۔  

(سیر اعلام النبلاء: صفحہ 1488)

سیدنا حسینؓ نے ان سے کہا کہ آپ ایسا تو نہ کریں حافظ الحدیث سیدنا ابوہریرہؓ نے قسم کھا کر فرمایا کہ اللہ کی قسم، آپؓ کی جو فضیلت مجھے معلوم ہے اگر دوسروں کو اس کا پتہ چل جائے تو وہ آپؓ کو اپنے کندھوں اور گردنوں پر اٹھا لیں:  

فَلَوْ يَعْلَمُ النَّاسُ مِنْكَ مَا أَعْلَمُ لَحَمَلُوكَ عَلَى عَوَاتِقِهِمْ۔  

(تاریخِ طبرسی: جلد 3 صفحہ 19)

سیدنا ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ جب حضورِ اکرمﷺ نے یہ دعا فرمائی کہ اے اللہ! میں حسینؓ سے محبت رکھتا ہوں، آپ بھی اس کو محبوب بنا دیں اور اس سے بھی محبت رکھیں جو سیدنا حسینؓ سے محبت رکھتا ہو، تو اس کے بعد سے مجھے سب سے زیادہ محبت سیدنا حسینؓ سے ہو گئی ہے۔  

(تاریخِ دمشق: جلد 14 صفحہ 149)